Tag Archives: شعیب ملک

شعیب ملک نے قومی کرکٹ ٹیم کو شکست کی ذمہ داری بابر اعظم پر عائد کر دی



پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کو افغانستان سے شکست کی ذمہ داری بابر اعظم پر عائد کی ہے۔

شعیب ملک نے سابق کرکٹرز وسیم اکرم اور مصباح الحق کے ساتھ ایک نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کی اور اس دوران ٹیم سے سخت ناراضی کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر وسیم اکرم نے کہا کہ کسی بھی ایک شخص پر شکست کی ذمہ داری عائد نہیں کی جا سکتی، قومی ٹیم کی شکست میں چیئرمین پی سی بی، کوچز، چیف سلیکٹر، ڈائریکٹر اور کپتان سب کا قصور ہے۔

اس موقع پر شعیب ملک نے کہا کہ بابر اعظم ایک اچھے بیٹر ضرور ہیں لیکن اچھے کپتان نہیں، افغانستان سے میچ میں شکست کی ذمہ داری اُنہی پر عائد ہوتی ہے۔

شعیب ملک نے کرکٹر اعظم خان کی خوش خوراکی کا دلچسپ واقعہ سنا دیا



پاکستان کے سابق کرکٹر معین خان کے فرزند کرکٹر اعظم خان کی خوش خوراکی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اب سابق کپتان شعیب ملک نے ان کے حوالے سے ایک دلچسپ کہانی سنا دی ہے۔

کرکٹ ورلڈ کے دوران شعیب ملک ایک ٹی وی شو میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور معین خان کے ہمراہ شریک ہوئے، اس دوران شعیب ملک نے معین خان کے سامنے ان کے بیٹے کی کھانے سے رغبت کی دلچسپ کہانی سنا دی۔

ساتھ ہی سابق کرکٹرز نے معین خان کو پابند کیا کہ وہ اس کے بعد اعظم خان کو کچھ نہیں کہیں گے۔

شعیب ملک نے کہا کہ ایک مرتبہ رمضان کے دنوں دبئی والے گھر موجود تھا تو اعظم خان کی کال آ گئی کہ میں بھی دبئی آیا ہوں تو میں نے انہیں اپنے گھر بلا لیا۔

شعیب ملک کہتے ہیں کہ انہوں نے اعظم سے پوچھا کہ سحری میں کیا پسند کریں گے تو انہوں نے بتایا کہ جو آپ اپنے لیے بنوائیں وہی ٹھیک ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ میں نے اعظم خان کے لیے 4 سے 5 پراٹھے اور 6 انڈوں کا آملیٹ بنوایا، جب سحری کرنے بیٹھے تو اعظم خان نے آملیٹ 3 منٹ کے اندر ختم کر دیا۔

شعیب ملک کے مطابق ایک بار پھر 6 انڈوں کا آملیٹ بنوایا مگر وہ بھی اعظم خان نے ختم کر دیا جس کے بعد چائے کے ساتھ 2 پراٹھے کھائے۔

اس گفتگو پر مصباح الحق نے ہنستے ہوئے بات کو آگے بڑھایا کہ پاور ہٹنگ تو پھر ایسے ہی آتی ہے۔

شعیب ملک نے بابر اعظم کو کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دےدیا



قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بابر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہو جائیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے بابراعظم کو ٹیم میں بطور بیٹر کھیلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی کپتانی میں بہتری نہیں آ رہی۔

اس کے علاوہ سابق کپتان اظہر علی نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران مڈل اوورز میں سلو بیٹنگ پر بابر اعظم اور محمد رضوان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ بابراعظم اور اور محمد رضوان نے دفاعی انداز اپنایا حالانکہ اس وقت ٹیم کو فائٹ کرنے کی ضرورت تھی۔

سابق کپتان نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی جانب سے دفاعی انداز اپنانے پر بھارتی بولرز کو موقع مل گیا کہ وہ کم بیک کریں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ورلڈکپ 2023 کیلئے بابراعظم کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے: شعیب ملک



کراچی (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ورلڈکپ 2023 کیلئے بابر اعظم کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نوجوان کھلاڑیوں کو پروموٹ کرنے کیلئے سندھ پریمیئر لیگ کو این او سی دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف اور نسیم شاہ کی بولنگ جوڑی بن گئی تھی، بدقسمتی سے اب نسیم شاہ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

سابق کپتان نے کہاکہ مینجمنٹ کو دیگر بولرز کو بھی موقع دینا چاہیے تھا تاکہ ایڈجسٹ ہو جاتے، ہم سب کی امیدیں پاکستان ٹیم کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کپتان بابر اعظم کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے، پوری قوم یہی دعا کر رہی ہے کہ پاکستان اچھی کار کردگی دکھائے۔