Tag Archives: قومی کرکٹ ٹیم

قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی، شاہد آفریدی کا بابراعظم پر طنز



پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تنقید کی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا ہے جب کپتان میدان میں کچھ اچھا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو پھر کھلاڑی اسے 200 فیصد دیتے ہیں۔

سابق کپتان نے ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی فیلڈنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کپتان میچ میں متحرک ہو تو دیگر کھلاڑیوں کو شرم آتی ہے کہ ہم بھی ایسا کریں۔

شاہد آفریدی نے ماضی کی مثال دی کہ میں اپنی کپتانی کے دوران جب کھلاڑیوں کی سپورٹ کرتا تھا تو ٹیم چارج ہو جاتی تھی۔

انہوں نے نام لیے بغیر بابر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنا کوئی مذاق نہیں ہے، اچھا کریں گے تو ہر کوئی تعریف کرے گا لیکن برا کرنے پر تنقید بھی ہوتی ہے۔

قومی ٹیم کی افغانستان سے شکست پر شعیب اختر دلبرداشتہ



راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے قومی کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں شعیب اختر نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کا آج جو مقام ہے یہ اِس کی اپنی وجہ سے ہے۔

بابر الیون کو ورلڈ کپ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست پر شعیب اختر نے ٹیم مینجمنٹ کو کھری کھری سنائی ہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم ابھی بھی سنبھل سکتی ہے۔ 1992 میں بھی یہی صورت حال تھی مگر دیکھنا ہو گا کہ بابر اعظم عمران خان بن سکتا ہے یا نہیں۔

افتخار احمد ورلڈ کپ کے آئندہ میچوں میں جیت کیلئے پُرامید



پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے باقی میچوں میں کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری بولنگ لائن پرفارم نہیں کر پا رہی، ہمیں افغانستان کے خلاف 300 سے زیادہ رنز اسکور کرنے چاہیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے اسپنرز کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں، ہمارے ہاتھ میں صرف کوشش ہے اور چاہتے ہیں کہ ٹیم کو اوپر اٹھائیں۔

افتخار احمد نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو جب مار پڑ رہی ہو تو پھر اس کا مورال ڈائون ہو جاتا ہے۔

وسیم اکرم نے قومی کرکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا



کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر جہاں شائقین کرکٹ مایوس ہیں وہیں سابق کرکٹرز کو بھی شدید غصہ ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوال اٹھا دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ افغانستان جیسی ٹیم سے قومی ٹیم کو شکست ہوئی جو باعث شرمندگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو کب سے ٹی وی اسکرینوں پر کہہ رہے ہیں کہ 2 سال سے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ کیوں نہیں کیا گیا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ اب مجھے کھلاڑیوں کے انفرادی طور پر نام لینے پڑیں گے، جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے روزانہ 8،8 کلو کڑاہی کھاتے ہیں۔

سوئنگ کے سلطان نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر کھلاڑیوں کے لیے کوئی تو اصول ہونے چاہئیں۔

ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں: شاہین آفریدی



قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آخری دومیچوں میں ہم نے جو کچھ سیکھا اس کی بنیاد پر آگے ہمیں مدد ملے گی، ہم بے چین ہیں کہ شائقین کی توقعات پر پورا اتریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے بہت اہم ہے کہ آنے والے دومیچوں میں کامیابی حاصل کریں، ہمیں افغانستان کے خلاف میچ میں بھرپور مہارت دکھانا ہو گی کیوں کہ وہ انگلینڈ کو ہرا چکے ہیں۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے ذہنی طور پر تیار تھا، لینتھ کا خیال رکھا جس کا فائدہ ہوا اور پانچ وکٹیں لیں۔

انہوں نے اسامہ میر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کیچ کا ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہوتا ہے۔

عمر گل نے قومی کرکٹ ٹیم کو اہم مشورہ دے دیا



پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے ورلڈ کپ کھیلنے والی قومی ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھیں، اتنے بڑے ایونٹ میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم بھرپور صلاحیتوں کی مالک ہے، ہماری ٹیم سپر فور میں جگہ بنا سکتی ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ نسیم شاہ کے ورلڈ کپ میں نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بولنگ اٹیک پر فرق پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی نے پچھلے میچ میں پانچ وکٹیں لی ہیں جس سے ان کو کافی اعتماد ملا ہو گا، بولرز کو چاہیے کہ پچھلے میچز بھول جائیں اور مستقبل پر نظر رکھیں۔

عمر گل نے کہا کہ بھارتی وکٹیں بولرز کے لیے زیادہ سود مند ثابت نہیں ہوتیں مگر امید ہے کہ ہمیں اگلے میچز میں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔

ڈراپ کیچ کے بعد ڈیوڈ وارنر کی سنچری، اسامہ میرکی غلطی پاکستان کو مہنگی پڑ گئی



ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں ڈیوڈ وارنر کا کیچ ڈراپ کرنا پاکستان کو مہنگا پڑگیا۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی گیند پر جب اسامہ میر نے ڈیوڈ وارنر کا آسان کیچ ڈراپ کیا توآسٹریلیا کا اسکور35 سے بھی کم تھا۔ چانس ملنے کے بعد ڈیوڈ وارنر نے حارث رئوف، افتخار احمد ، اسامہ میر اور محمد نواز کے خلاف ایسا جارحانہ کھیل پیش کیا کہ پاکستانی بولرز لائن ولینتھ ہی بھول گئے۔ڈیوڈ وارنر نے 7 چوکوں اور6 شاندار چھکوں کی مدد سے سنچری سکور کی  اور مچل مارش کے ساتھ مل کر ورلڈ کپ کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ بھی قائم کی۔ ڈیوڈ وارنر نے سنچری کے لئے 85 گیندوں کاسامنا کیا۔ ڈیوڈ وارنر کو سنچری مکمل کرنے کے بعد دوسرا چانس ملا جب اسامہ میر کی گیند پر عبداللہ شفیق نے کیچ ڈراپ کردیا۔

ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مچل مارش نے بھی پاکستانی بولرز کے خلاف کھل کر وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس لگائیں، مچل مارش نے بھی سنچری سکور کی جب ان کی سنچری مکمل ہوئی تو وہ  10 چوکے اور 6 شاندار چھکے لگاچکے تھے ۔

مجھے آپ پر 100 فیصد یقین ہے: بابر اعظم کا کھلاڑیوں کو پیغام



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ کھلاڑی ٹریننگ سیشن میں جیسا کرتے ہیں ویسے ہی میچ کے دوران کریں، اس میں زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں۔

جمعہ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل قومی کپتان بابراعظم نے کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کی ہے۔

بابراعظم نے کھلاڑیوں کو اعتماد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ پر 100 فیصد یقین ہے، لہٰذا آپ بھی یقین کے ساتھ میدان میں اتریں۔

قومی کرکٹ ٹیم آج چناسوامی اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لے رہی ہے جبکہ کل آسٹریلیا کے ساتھ سامنا ہو گا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل 3 میچ کھیلے ہیں جن میں 2 میچوں میں کامیابی سمیٹی ہے جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت سے شکست پر شاہد آفریدی کا ردعمل



قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی شائقین کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان سے اگلا میچ ہونے تک آپ ضرور جشن منائیں۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ ہماری ٹیم میں کوئی کمی نہیں صرف ان کو فائٹ دکھانے کی ضرورت ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹرز قوم کے مقروض ہیں کہ وہ بھرپور فائٹ کا مظاہرہ کریں مگر مجھے اپنے لڑکوں میں ایسا دکھائی نہیں دیا۔

سابق قومی کپتان نے بھارت کو پاکستان کے خلاف میچ جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور لکھا کہ ہندوستان کی ٹیم نے تمام شعبوں میں بھرپور کارکردگی دکھائی جس پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو گزشتہ روز بھارت کے خلاف میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ویرات کوہلی سے ٹی شرٹس تحفے میں لینے پر بابراعظم کو تنقید کا سامنا



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اپنی شرٹس تحفے میں دی ہیں جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

بابراعظم کی ویرات کوہلی سے شرٹس لینے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو ویرات کوہلی کی جانب سے یہ جرسیاں میچ کے بعد تحفے میں دی گئی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی بابر اعظم کی جانب سے جرسیاں لینے کو نامناسب عمل قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم کی جانب سے ویرات کوہلی سے جرسیاں لینے کی تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہو گیا۔

سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آج یہ دن نہیں تھا کہ آپ مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے جرسیاں تحفے میں لیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چاچے کے پتر نے کوہلی کی ٹی شرٹ لانے کا کہہ ہی دیا ہے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں بھی یہ کیا جا سکتا تھا۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے بابر اعظم پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

بھارت سے شکست پر قومی ٹیم کو تھوڑا نہیں زیادہ سوچنے کا مشورہ



کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد جہاں شائقین کرکٹ مایوس ہیں وہیں کرکٹرز ایکسپرٹس کی جانب سے بھی قومی ٹیم پر تنقید کے نشتر برسائے جا رہے ہیں۔

کرکٹ ایکسپرٹس نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستانی ٹیم صرف کمزور ٹیموں کے خلاف ہی پرفارم کر سکتی ہے۔

بابرالیون کو بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندربخت نے کہا کہ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بڑے سمجھے جانے والے بیٹرز ٹیسٹ کرکٹ سمجھ کر کھیلے، اس کے علاوہ شاہین آفریدی کا سوئنگ کہیں نظر نہیں آیا۔

سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ میں نیدرلینڈز اور سری لنکا والی پرفارمنس دکھانی چاہیے تھی مگر ہمارے بیٹرز نے چھکا مارنے کی کوشش ہی نہیں کی اور بولرز ٹی ٹوئنٹی والی بولنگ کر رہے تھے۔

قومی آل رائونڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے پچ کے حساب سے آدھے رنز بنائے، جبکہ محمد عامر نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ تھوڑا نہیں زیادہ سوچنے کی ضرورت ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی گلوکار جواد احمد نے ترانہ ریلیز کر دیا



پاکستان کے معروف گلوکار جواد احمد نے کرکٹ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے خصوصی ترانہ ریلیز کر دیا ہے۔

گلوکار جواد احمد نے ورلڈ کپ کے لیے تیار کیے گئے ترانے کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

گلوکار نے خصوصی ترانہ ’جیت کی لگن، کے عنوان سے تیار کیا ہے اور اس کی ریکارڈنگز کے لیے مختلف کرکٹ گرائونڈز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

موسیقار ساحر علی بگا نے اس خصوصی ترانے کا میوزک ترتیب دیا ہے جبکہ ڈائریکشن دینے والوں میں دلاویز علی شامل ہیں۔

گلوکار جواد احمد نے قومی ٹیم کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

جواد احمد کہتے ہیں کہ قوم کی دعائیں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں اور وہی کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔