Tag Archives: پاکستان جنوبی افریقہ

پاکستانی ٹیم کومسلسل چار شکستوں کے بعد جرمانہ بھی ہوگیا



پاکستانی ٹیم کو ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ سے شکست کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی کردیا گیا۔

جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی تھی ۔

جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو جرمانہ کیا گیا ہے جسے بابر اعظم نے قبول کرلیا ہے۔

پاکستان ٹیم پرسلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں 4 اوورز پیچھے تھی اور آئی سی سی رولز کے مطابق ہر اوور پر 5 فیصد میچ فیس کی کٹوتی ہوتی ہے۔

پاکستان کی شکست کا سبب بننے والے قانون پر ہربھجن سنگھ کی تنقید



بھارت کے سابق سپن بولر ہربھجن سنگھ نے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کا سبب بننے والے آئی سی سی قانون کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ پر ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ امپائرز کال کا قانون ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں غیر ضروری ہے۔

پاکستان کو دسویں وکٹ بھی مل چکی تھی اور وہ میچ جیت چکا تھا لیکن امپائرز کال کی وجہ سے اتنے اہم میچ کا فیصلہ تبدیل ہوگیا۔ ہربھجن سنگھ نے ڈی آر ایس سسٹم اور ناقص امپائرنگ پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے اسے پاکستان کی شکست کی وجہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر گیند وکٹ پر لگ رہی تھی تو اس سے فرق نہیں پڑتا کہ امپائر نے کیا فیصلہ دیا ہے، اگر ایسا ہے تو پھر ٹیکنالوجی کا کیا فائدہ؟۔

ہر بھجن سنگھ نے افریقی بلے باز کے جسم کو چھونے کے  باوجود گیند کو وائٹ قرار دینے پر بھی تنقید کی۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی فاسٹ بولرعرفان پٹھان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملا،عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ پاکستان امپائرز کال کی وجہ سے میچ ہارا۔ انہوں نے مقابلہ اچھا کیا تھا۔ اس شکست کو صرف بدقسمتی کہہ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 46ویں اوورز میں حارث رؤف کی گیند پر افریقی کھلاڑی تبریز ایل بی ڈبلیو ہوئے، جسے آن فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا تاہم پاکستان کے ری ویو لینے پر معلوم ہوا کہ گیند سیدھی وکٹ پر لگ رہی تھی مگر تھرڈ امپائر نے آن فیلڈ امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھا اور تبریز شمسی کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

اگر چھالیسویں اوور میں تبریز شمسی کو آؤٹ قرار دے دیا جاتا تو پاکستان میچ میں فتح حاصل کرلیتا۔

 

 

 

 

پاکستان کو پہلی بارمسلسل چوتھی شکست، ناقص امپائرنگ اور خراب قوانین نے فتح پروٹیز کی جھولی میں ڈال دی



جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے  انتہائی اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کوایک وکٹ سے شکست دے کرپوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی،1999 کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں پروٹیز کی پاکستان کے خلاف یہ پہلی فتح ہے ۔

میگاایونٹ میں  تاریخ میں پہلی بارمسلسل چوتھی شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً معدوم ہوگئے ہیں

پروٹیز نے 271 رنز کاہدف48ویں اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اینڈن مارکرم نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کے لئے عمدہ اننگز کھیلی وہ93 گیندوں پر91 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔

افریقی کپتان تیمبا باووما نے 28، کوئن ڈی کوک نے 24،دوسین نے21 اور کلاسن نے 12 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر29 ،جانسین 20رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔

پاکستانی ٹیم  پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پورے اوور بھی نہ کھیل سکی اور 47 ویں اوور میں 270 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھرناکام رہی، عبد اللہ شفیق  17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ،امام الحق بھی  18 گیندوں پر  12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔

محمد رضوان 27 گیندوں پر31 اور افتخار احمد31 گیندوں پر21 رنز بناسکے ، کپتان بابراعظم بھی 65 گیندوں پر50 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہو گئے۔

شاداب خان اور سعود شکیل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں84 رنز بنا کرسکور تک225 تک پہنچایا مگر اس موقع پر شاداب خان ایک غلط شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آئوٹ ہوگئے، شاداب نے  36 گیندوں پر43 رنز بنائے ۔

شاداب کے بعد سعودشکیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 52 گیندوں پر52 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔

شاہین آفریدی صرف 2 رنز بناسکے،نواز24 گیندوں پر24 رنز کر ایک ایسے موقع پر آئوٹ ہوگئے جب ٹیم کو ان کی سخت ضرورت تھی۔

جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل ہوگیا،گرین شرٹس نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور اسے 4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان کے ابھی 3 میچز باقی ہیں، گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے قومی ٹیم کو اپنے بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

مینز ون ڈے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ایک ورلڈکپ میں مسلسل 4 میچز میں شکست ہوئی ہے۔

رواں ورلڈکپ میں پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی لیکن پھر بھارت، آسٹریلیا ، افغانستان اور اب جنوبی افریقا سے شکست ہوئی ہے۔

بہت افسوس ہے انتہائی قریب پہنچ کر نہ جیت سکے،بابراعظم

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے جیتنے کا اچھا موقع گنوا دیا جو کہ انتہائی مایوس کن اور قابل افسوس ہے کیونکہ ہم قریب پہنچنے کے باوجود بھی  میچ میں فتح حاصل نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بولرز نے زبردست مقابلہ کیا مگر افسوس کے قریب پہنچنے کے باوجود میچ ہمارے حق میں نہیں رہا، آئندہ تین میچز میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے شکست کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہم نے موقع گنوایا وہیں جنوبی افریقا کے کھلاڑی تبریز شمسی نے کنڈیشن کا فائدہ اٹھایا اور اُسی حساب سے بولنگ کی

پاکستان ناقص امپائرنگ اور خراب قوانین کی وجہ سے ہارا

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد امپائرنگ کو پاکستان کی شکست کی وجہ سمجھ رہے ہیں۔ 46 ویں اوور کی آخری گیند پر تبریز شمسی 

کے پیڈز پر جب گیند لگی تو آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ نہ دیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو ریویو لینا پڑا

ری ویو میں نظر آیا کہ حارث رؤف کی گیند تبریز شمی کے پیڈز پر لگی اور گیند تیسرے سٹمپ پر ہِٹ ہو رہی تھی لیکن چونکہ آن فیلڈ امپائر پہلے جنوبی افریقی کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ دے چکے تھے اس لیے یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کے حق میں گیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی



چنئی:پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں آج جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گا۔ یہ میگا ایونٹ کا 26واں میچ ہوگا جو دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا چھٹا میچ کھیلے گی،پاکستانی ٹیم میں حسن علی کی جگہ وسیم جونیئر اور امام الحق کی جگہ فخر زمان کو موقع دیا جاسکتاہے۔

میگا ایونٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پانچ ، پانچ میچ کھیل چکی ہیں جن میں پاکستان کی ٹیم دو میچز جیت چکی ہے اور تین میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

جنوبی افریقا کی ٹیم بھی پانچ میچ کھیل چکی ہے اور اس کو چار میچ میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی تھی۔

پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے جنوبی افریقہ کے خلاف لازمی فتح درکارہے

ون ڈے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی پاکستان کے خلاف آخری جیت 1999 میں ہوئی تھی لیکن اس بار پروٹیز مضبوط فیورٹ ہیں۔