Tag Archives: سیمی فائنل

بنگلہ دیش کی23 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں، شاہین آفریدی کا شاندار آغاز



آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلادیش کی 3 وکٹیں 23 رنز پر گر گئیں۔

بنگلہ دیش کوپہلا نقصان صفر پر اٹھانا پڑا جب شاہین نے پہلے ہی اوور میں اوپنر تنزید حسن کو آؤٹ کیا، بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ تیسرے اوور میں گری جب شاہین آفریدی کی گیند پرنجم الحسن شانتو اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ حارث رؤف کے حصے میں آئی جب مشفیق الرحیم وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جارہا ہے جہاں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بولنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ  وہ بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے۔

آج کے اہم میچ میں پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

امام الحق کی جگہ فخر زمان، محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ اسامہ میرکو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے

 

آسٹریلیا کی جیت کے باوجود پاکستان کی سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں برقرار



آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں  نیوزی لینڈ کی شکستوں سے جڑ گئیں۔

سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو  اپنے بقیہ تینوں میچز میں لازمی فتح درکار ہے اور بڑے مارجن کی فتح بھی درکار ہے ۔

پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جبکہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچ بھی باقی ہے ۔

اپنے میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو  یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ  اور سری لنکا سے بھی ہار جائے۔

اگر ایسا ہی ہوا  تو پھر  پاکستان کے 10 اور نیوزی لینڈ کے 8 پوائنٹ ہوجائیں گے۔

پاکستان کی طرح سری لنکا بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے آؤٹ نہیں ہوا۔ سری لنکا کو  اب افغانستان، بھارت، بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ سے کھیلنا ہے، پاکستان کے لیے ضروری ہےکہ سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست  دے مگر ساتھ ساتھ بھارت، بنگلا دیش  اور  افغانستان میں سے صرف ایک ہی میچ جیتے۔

کیونکہ اگر سری لنکا بقیہ 4 میں سے 3 میچ جیتا تو اس کے بھی 10 پوائنٹ ہوجائیں گے۔

 نیوزی لینڈ اگر 3 میں سے ایک بھی میچ جیتا تو  اس کے بھی 10 پوائنٹ ہوجائیں گے، ایسی صورت حال میں پاکستان کا کافی انحصار نیٹ رن ریٹ پر  ہوجائےگا۔

پاکستان سیمی فائنل تک کیسے پہنچ سکتاہے؟ اگر مگر کا مکمل خاکہ دیکھیں



پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریباً آؤٹ ہوچکی ہے لیکن لاتعداد شائقین اب بھی یہ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ پاکستان سیمی فائنل تک پہنچ سکتا ہے لیکن اس کا انحصار دوسری ٹیموں کے میچز پر ہوگا۔

رواں ورلڈ کپ میں پاکستان نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے  نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف پاکستان کو فتح حاصل ہوئی جبکہ  بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقا سے شکست ہوئی۔

مسلسل چار شکستوں کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہوچکے ہیں لیکن مکمل طور پرختم نہیں ہوئے۔

پاکستانی ٹیم کس طرح سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے؟

پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے نہ  صرف آئندہ کھیلے جانے والے 3 میچز جیتنا ہوں گے بلکہ دیگر ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا ۔

پاکستان اس صورت میں سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے جب آسٹریلیا اپنے چار میچز میں سے تین یا کم ازکم دو میچز میں شکست کھائے جو کہ مشکل ہے کیونکہ کینگروز کے دو میچز افغانستان اور بنگلا دیش کے خلاف ہیں ۔

اگر آسٹریلیا بنگلا دیش یا افغانستان کے خلاف جیتتا ہے لیکن نیوزی لینڈ سے ہار جاتا ہے تو نیٹ رن ریٹ سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کرے گا۔

ورلڈ کپ میں ابھی 18 میچز باقی ہیں، انگلینڈ، بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا، نیدر لینڈ کی ٹیمیں اگر مزید ایک ایک میچ بھی ہار گئیں تو وہ میگاایونٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے آؤٹ ہوجائیں گی، پاکستان کے آگے جانے کا مکمل انحصار آسٹریلیا کی شکستوں پر ہے جس کے امکانات کم ہیں۔

اگر مگر کا مکمل خاکہ۔

نیوزی لینڈ آسٹریلیا کو شکست دے

بنگلہ دیش نیدر لینڈ کو شکست دے

 انڈیا انگلینڈ کو شکست دے

سری لنکا افغانستان کو شکست دے

پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دے

نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کو شکست دے

انڈیا سری لنکا کو شکست دے

 افغانستان نیدر لینڈ کو شکست دے

پاکستان نیوزی لینڈ سے جیت جائے

انگلینڈ آسٹریلیا سے جیت جائے

انڈیا جنوبی افریقہ سے جیت جائے

سری لنکا بنگلہ دیش سے جیت جائے

آسٹریلیا افغانستان سے ہار جائے

انگلینڈ نیدر لینڈ سے جیت جائے

سری لنکا نیوزی لینڈ سے ہار جائے

جنوبی افریقہ افغانستان سے جیت جائے

بنگلہ دیش آسٹریلیا کو شکست دے دے

پاکستان انگلینڈ سے جیت جائے

انڈیا نیدر لینڈ سے جیت جائے

اگر تمام نتائج مذکورہ چارٹ کے مطابق نکلتے ہیں تو بھارت، نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ اور پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے

اگر آسٹریلیا بنگلا دیش کے خلاف جیت جائے توپاکستان اور آسٹریلیا کے 10 پوائنٹس پر فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

پاکستان کو پہلی بارمسلسل چوتھی شکست، ناقص امپائرنگ اور خراب قوانین نے فتح پروٹیز کی جھولی میں ڈال دی



جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے  انتہائی اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کوایک وکٹ سے شکست دے کرپوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی،1999 کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں پروٹیز کی پاکستان کے خلاف یہ پہلی فتح ہے ۔

میگاایونٹ میں  تاریخ میں پہلی بارمسلسل چوتھی شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً معدوم ہوگئے ہیں

پروٹیز نے 271 رنز کاہدف48ویں اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اینڈن مارکرم نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کے لئے عمدہ اننگز کھیلی وہ93 گیندوں پر91 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔

افریقی کپتان تیمبا باووما نے 28، کوئن ڈی کوک نے 24،دوسین نے21 اور کلاسن نے 12 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر29 ،جانسین 20رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔

پاکستانی ٹیم  پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پورے اوور بھی نہ کھیل سکی اور 47 ویں اوور میں 270 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھرناکام رہی، عبد اللہ شفیق  17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ،امام الحق بھی  18 گیندوں پر  12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔

محمد رضوان 27 گیندوں پر31 اور افتخار احمد31 گیندوں پر21 رنز بناسکے ، کپتان بابراعظم بھی 65 گیندوں پر50 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہو گئے۔

شاداب خان اور سعود شکیل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں84 رنز بنا کرسکور تک225 تک پہنچایا مگر اس موقع پر شاداب خان ایک غلط شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آئوٹ ہوگئے، شاداب نے  36 گیندوں پر43 رنز بنائے ۔

شاداب کے بعد سعودشکیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 52 گیندوں پر52 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔

شاہین آفریدی صرف 2 رنز بناسکے،نواز24 گیندوں پر24 رنز کر ایک ایسے موقع پر آئوٹ ہوگئے جب ٹیم کو ان کی سخت ضرورت تھی۔

جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل ہوگیا،گرین شرٹس نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور اسے 4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان کے ابھی 3 میچز باقی ہیں، گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے قومی ٹیم کو اپنے بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

مینز ون ڈے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ایک ورلڈکپ میں مسلسل 4 میچز میں شکست ہوئی ہے۔

رواں ورلڈکپ میں پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی لیکن پھر بھارت، آسٹریلیا ، افغانستان اور اب جنوبی افریقا سے شکست ہوئی ہے۔

بہت افسوس ہے انتہائی قریب پہنچ کر نہ جیت سکے،بابراعظم

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے جیتنے کا اچھا موقع گنوا دیا جو کہ انتہائی مایوس کن اور قابل افسوس ہے کیونکہ ہم قریب پہنچنے کے باوجود بھی  میچ میں فتح حاصل نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بولرز نے زبردست مقابلہ کیا مگر افسوس کے قریب پہنچنے کے باوجود میچ ہمارے حق میں نہیں رہا، آئندہ تین میچز میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے شکست کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہم نے موقع گنوایا وہیں جنوبی افریقا کے کھلاڑی تبریز شمسی نے کنڈیشن کا فائدہ اٹھایا اور اُسی حساب سے بولنگ کی

پاکستان ناقص امپائرنگ اور خراب قوانین کی وجہ سے ہارا

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد امپائرنگ کو پاکستان کی شکست کی وجہ سمجھ رہے ہیں۔ 46 ویں اوور کی آخری گیند پر تبریز شمسی 

کے پیڈز پر جب گیند لگی تو آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ نہ دیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو ریویو لینا پڑا

ری ویو میں نظر آیا کہ حارث رؤف کی گیند تبریز شمی کے پیڈز پر لگی اور گیند تیسرے سٹمپ پر ہِٹ ہو رہی تھی لیکن چونکہ آن فیلڈ امپائر پہلے جنوبی افریقی کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ دے چکے تھے اس لیے یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کے حق میں گیا۔

دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ایک اور بدترین شسکت، سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل،پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھین لی



سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بدترین شکست سے دوچار کر کے سیمی فائنل کی دوڑ میں واپسی کرلی۔

بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے 25ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ سری لنکن بولنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور156 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔

157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ابتدائی دو وکٹیں بھی جلدی گرگئی تھیں تاہم نیسانکا اور سمارا وکرما کی ذمہ دارانہ اننگز نے سری لنکا کو ایونٹ میں دوسری فتح سے ہمکنار کرادیا، نیسانکا نے 77 رنز بنائے جبکہ سمارا وکرما نے 65 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں ناقابل شکست رہے، سری لنکا نے 26 ویں اوور میں ہدف حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

ایونٹ میں دوسری فتح کے ساتھ سری لنکا نے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھین لی ہے۔

بنگلورو میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ سری لنکن بولرز نے ابتدا سے ہی انگلش بلے بازوں کو دبائو میں رکھا۔

45 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ کے بعد انگلش ٹیم کی وکٹیں گرنا شروع ہوئیں اور85 سکور پر آدھی ٹیم پویلین جا چکی تھی۔

جونی بیرسٹو30 اور ڈیوڈ میلان 28 رنز بنا سکے۔ جوئے روٹ 3، بٹلر8، لیونگسٹن1،معین علی15 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے،کرکس ووکس بغیر کوئی رن بنائے ہی آئوٹ ہوگئے، بین سٹوکس بھی 43 رنز بنا کر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 2، کاسون راجیھیتا اور انجیلو میتھیوز نے 1, 1 وکٹ حاصل کی جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن

بنگلورو کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سری لنکا پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں پوزیشن پر پہنچ گیا جبکہ پاکستان پانچویں سے چھٹے نمبر پر چلا گیاہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقا 8 پوائنٹس اور +2.370 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس اور +1.481 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

سری لنکا 4 پوائنٹس اور 0.205- کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پانچویں اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.400- نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلا گیا ہے۔ افغانستان ساتویں، بنگلا دیش آٹھویں، انگلینڈ نویں اور نیدرلینڈز دسویں نمبر پر ہے۔

انگلینڈ ورلڈ کپ 2023 میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکا ہے۔ لیگ مرحلے میں چار شکستوں کے بعد  انگلینڈ کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں کافی حد تک ختم ہوگئی ہیں

گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے پروٹیز کے خلاف لازمی فتح درکار



آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کل 27 اکتوبر کوآمنے سامنے آئیں گی۔
پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے اگلے چاروں میچزمیں لازمی فتح درکار ہے۔

دونوں ٹیمیں چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی

بھارت اور آسٹریلیا کے بعد افغانستان کے ہاتھوں شکست نے گرین شرٹس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔

پاکستان کے پاس پروٹیز کو ہرانے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھنے کا یہ آخری موقع ہے۔

ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں 5 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جہاں پروٹیز کا پلڑا بھاری ہے۔ انہوں نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان محض 2 فتوحات حاصل کرسکا۔

آخری بار دونوں ٹیمیں 2015 اور 2019 میں آمنے سامنے آئیں اور دونوں مرتبہ ہی پاکستان فاتح رہا۔

ورلڈ کپ: سابق بھارتی کرکٹر کی پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی پیشگوئی



سابق بھارتی کرکٹر سید کرمانی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے احمد آباد کے میچ میں پاکستانی شائقین کی کمی محسوس کی گئی، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ دونوں ملکوں کے شائقین اسٹیڈیم میں موجود ہوتے۔

سید کرمانی نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو جب کارکردگی دکھانے پر داد نہ ملے تو حوصلہ پست ہو جاتا ہے، پاکستانی شائقین کرکٹ کی بھارت میں عدم موجودگی ایک بہت بڑا سوال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹر ہیں، وہ مستقل مزاجی سے کھیلتے ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کی بولنگ لائن بھی بہت مضبوط ہے۔