آئی سی سی ورلڈ کپ کے 27 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو5 رنز سے شکست دے دی ۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 389 رنز کاہدف دیا تھا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور9 وکٹوں کے نقصان پر383 رنز بنائے، نیشم نے اختتامی اوورز میں39 گیندوں پر58 رنز بنائے جن میں تین چوکے اور 3 چھکے شامل تھے تاہم آخری اوور میں رن ہونے کی وجہ سے وہ اپنی ٹیم کو ہاتھی آئی تاریخی فتح سے ہمکنار نہ کرسکے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے رویندرا نے شاندار سنچری سکور کی، وہ89 گیندوں پر116 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے،مچل نے 54 او راوپنر کونوے نے 28، ویل یونگ نے32 رنز بنائے۔
ہماچل پردیش کے دھرم شالہ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی توآسٹریلوی اوپنرز نے کیویز بولرز کابھرکس نکالا اور اپنی ٹیم کو 175 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔
ڈیوڈ وارنر نے ایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی اور65 گیندوں پر5 چوکوں اور6 چھکوں کی مدد سے81 رنز بنائے۔
ٹریوس ہیڈ نے 67 گیندوں پر10 چوکوں اور7 چھکوں کی مدد سے109 رنز بنائے۔
کینگروز کی جانب سے مچل مارش 36، اسٹیون اسمتھ اور مارنوس لبوشین 18،18 اور گلین میکسویل 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جوش انگلس نے 38 رنز کی اننگز کھیلی ، کپتان پیٹ کمنز 37 پر آؤٹ ہوئے ۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری بال پر388 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچیل سینٹنر نے 2 اور میٹ ہینری اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔