نئی دہلی:آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں سری لنکن ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، ٹیم کے کپتان داسن شناکا ورلڈ کپ سے آئوٹ ہوگئے۔ داسن شناکا کی جگہ چمیکا کرونا روتنے کو سری لنکن ٹیم میں شامل کر لیا گیا، کرونا رتنے پہلے ہی بطور ریزرو پلیئر ٹیم کے ساتھ بھارت میں موجود ہیں۔داسن شناکا پاکستان کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے، انجری کی وجہ سے شناکا 3 ہفتے کیلئے ایکشن سے آئوٹ ہو گئے۔ سری لنکن ٹیم کی قیادت کوشال مینڈس کو سونپے جانے کا امکان ہے۔
Monthly Archives: October 2023
پانڈیا نے منتر پڑھ کرپھونک ماری اورامام الحق آئوٹ،سوشل میڈیا پربحث شروع
احمد آباد: ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران بھارتی بولر ہاردک پانڈیا کا پاکستانی اوپننگ بلے باز امام الحق کو آئوٹ کرنا سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔
امام الحق 73 کے مجموعی اسکور پر 36 رن بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ امام الحق کی وکٹ والی گیند پھینکنے سے پہلے ہاردک پانڈیا نے ہاتھوں میں تھامی گیند پر جیسے کچھ پڑھ کر پھونکا، پھر دوڑتے ہوئے آئے اور امام الحق وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ ہو گئے۔
اس پر سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی،کسی نے کہا کہ پانڈیا نے گیند پر تھوکا ہے تو کسی نے کہا کہ کوئی منتر پڑھ کر پھونکا ہے۔
شادی کی بنیاد پر افغان شہری کو پاکستانی شہریت دینے کافیصلہ
پشاور(این این آئی)پشاور ہائی کورٹ نے افغان شہری کو شادی کی بنیاد پرپاکستانی شہریت دینے فیصلہ دیدیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق عدالت عالیہ پشاورکے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ زینت بیگم پاکستانی ہے اور اْس کا شوہر افغان شہری ہے۔ پشاور ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا پاکستانی خاتون کے افغان شوہر کو پاکستانی شہریت دی جائے، عدالت نے حکم دیا کہ خاتون اپنے افغانی شوہر کی شہریت کیلئے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کروائے۔
نگران وزیر اعظم دو روز بعد چین کااہم دورہ کریں گے
اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر17اور 18اکتوبر کوچین کا دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم ’’ بیلٹ اینڈ روڈ فورم‘‘ کی ابتدائی تقریب میں شرکت کریں گے اور18 اکتوبر کو ”کنیکٹیویٹی ایک اوپن عالمی معیشت ہے”کے موضوع پر منعقدہ اعلیٰ سطح کے فورم سے خطاب کریں گے۔دورے کے دوران وزیر اعظم چین میں چینی صدر شی جن پنگ سے دوطرفہ ملاقات کیساتھ ساتھ اعلیٰ چینی قیادت، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں بھی کریں گے۔
غزہ سے نقل مکانی کرنے والوں پر اسرائیل کی بمباری، شہید فلسطینیوں کی تعداد2300 تک پہنچ گئی
اسرائیل کی جانب سے غزہ کی سول آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کی کارروائیوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 300 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیل کے طیاروں نے غزہ سے نقل مکانی کرنے والے 3 قافلوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 70 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔
غزہ کے شہریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے مغربی کنارے پر کیے گئے مظاہرے پر بھی اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کی ہے جس سے 16 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے بعد یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی لاشیں بھی ملنے لگی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک صحافی بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب کہ 6 زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے 4 ٹھکانوں پر دھاوا بولا ہے۔ اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 1300 ہے۔
پاکستان کی بھارت سے شکست کاذمہ دار کون؟ رمضانی افسردہ، پنڈت اورشکلا خوشی سے نہال
ورلڈکپ میں بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار، پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست، شاہین کھیل کے ہر شعبے میں ناکام
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو آسانی سے شکست دے کر ورلڈ کپ میچز میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست رہنے کااعزاز برقرار رکھا ، پاکستانی بیٹنگ لائن روایتی حریف بھارت کے خلاف بری طرح ناکام رہی، پاکستان نے بھار ت کو جیت کے لئے 192 رنز کاہدف دیا جو بھارت نے 30 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ،
آسان ہدف کے تعاقب میں بھارت نے جارحانہ بلے بازی کامظاہرہ کیا۔
اگرچہ بھارتی اوپنر شبمن گل 16 رنز بناکرجلدی آئوٹ ہو گئے ویرات کوہلی نے بھی 16 رنز بنائے اورحسن علی کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے تاہم دوسری طرف سے روہت شرما نے تیز بلے بازی جاری رکھی۔
بھارتی کپتان روہت شرما 63 گیندوں پر86 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرآئوٹ ہوئے، شرما کی اننگز میں میں 6 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے ۔
شہریاس نے بھی عمدہ بلے بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ شہریاس نے 62 گیندوں پر53 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے جبکہ کے ایل راہول بھی 13 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
بھارت کی طرف سے شاندار بائولنگ کرنے والے جسپریت بمراہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں
بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگزکامحتاط طریقے سے آغاز کیا تاہم 41 کے سکور پرعبداللہ شفیق آئوٹ ہوگئے۔ امام الحق اور بابراعظم نے سکور کچھ آگے بڑھایا مگرجب پاکستان کاسکور 73 پر پہنچا تو امام الحق بھی 38 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں سکور155 رنز تک پہنچایا اور اس موقع پر بابراعظم 50 رنز بنانے کے بعد سراج کی خوبصورت گیند پربولڈ ہوگئے۔
155 رنز پرپاکستان کی تیسری وکٹ کیا گری کے اگلے36 رنز پرپوری ٹیم ہی پویلین لوٹ گئی۔
سعود شکیل 6،رضوان 49،افتخار احمد 4، شاداب خان 2 اورمحمد نواز4 رنز بناسکے۔ حسن علی 12 اورحارث رئوف 2 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تو 191 رنز پرپاکستانی اننگز تمام ہوچکی تھی۔ پاکستانی ٹیم 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور43 ویں اوور میں ہی آئوٹ ہوگئی ۔
ورلڈکپ آئی سی سی کا نہیں بھارتی بورڈ کاایونٹ لگ رہا ہے ، مکی آرتھر اور بریڈ برن برس پڑے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے پاکستانی شائقین کو ویزے جاری نہ کرنے پر بھارت کوآڑے ہاتھوں لے لیا۔
ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے احمد آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاک بھارت میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ‘دل دل پاکستان’ کی کوئی گونج نہیں سنی۔ ورلڈ کپ آئی سی سی کا نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ایونٹ لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سپورٹ بھارت میں نہ ہونے کو شکست کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کروں گا۔ خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت فائنل میں دوبارہ مدمقابل آئیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈ برن نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کوسخت تنقید کانشانہ بنایاہے ۔
احمد آباد میں پریس کانفرنس کےد وران بریڈ برن کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں آئی سی سی ایونٹ کاماحول نظر نہیں آرہاتھا یہ پوری طرح بھارت کاایونٹ لگ رہاتھا، پاکستان کے شائقین کوویزے نہیں دیئے گئے ، گرائونڈ میں پاکستان ٹیم کے حق میں کوئی میوزک اور سپورٹ نظر نہیں آئی اس سے ماحول پرکافی اثر پڑتاہے۔
ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کی کمی شدت سے محسوس کررہے ہیں، ورلڈ کپ کاہرمیچ اہم ہے اور ہرحریف سخت ہے، ہم یہاں ہارنے نہیں آئے آج کے میچ میں کھلاڑیوں نے کھیل کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،8 دہشتگردہلاک،8 زخمی
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 8 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ سے ایک سپاہی شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی عبدالحکیم نے شہید ہوگئے۔
سائفر کیس: عمران خان آرٹیکل 248 کے تحت استثنا کی درخواست لے آئے
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت استثنا کی وجہ سے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کردی ۔
عمران خان نے آئینی استثنا اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 5 کا اطلاق نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس مقدمہ کے اخراج کی استدعا کی ہے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے دو صفحات پر مشتمل آرڈر میں لکھا کہ عدالت کو بتایا گیا آفیشل سیکریٹ ایکٹ کا سیکشن 5 کا اطلاق نہیں ہوتا، چیئرمین پی ٹی آئی کو آرٹیکل 248 کے تحت استثنا حاصل ہے۔
سعودی عرب کے ہسپتال میں اب روبوٹ انسانیت کی خدمت کریں گے
سعودی عرب کے ہسپتال میں اب انسانی عملے کے ساتھ روبوٹ بھی خدمات انجام دیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق “نور آر ون” نامی روبوٹ دی کنگ فیصل سپیشل ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر میں اپنی خدمات فراہم کریں گے جو مریضوں سمیت تیمارداروں کا بھی خیال رکھیں گے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس روبوٹ کو اسپتال کے عملے کو جدید ترین معلومات اور ٹیکنالوجی کی خدمات فراہم کرنے کے لئے خصوصی طور پر پروگرام کیا گیا ہے جس کا مقصد ملازمین اور مریضوں دونوں کے مجموعی تجربے کو بڑھانا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے3 ہزار وکلا واجبات کی عدم ادائیگی پر نا اہل
ایک کروڑ 60 لاکھ کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 3 ہزار سے زیادہ وکلاء کو نااہل قرار دے دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں نے واجبات کی عدم ادائیگی پر وکلاء کو نااہل قرار دیا، ڈیفالٹر وکلاء ہائیکورٹ بار کے 2024ء میں ہونے والے الیکشن میں ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے، بار بار مہلت کے باوجود واجبات کی عدم ادائیگی پر وکلاء کو ڈیفالٹر اور ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے نااہل کیا گیا۔
وکلاء کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہوا ہے جس میں وکلاء بھی شامل ہیں، کچھ وکلاء کی پریکٹس زیادہ بہتر نہیں، وہ اپنے گھر کا خرچہ تک مشکل سے برداشت کر رہے ہیں، بار ایسوسی ایشن کے واجبات کی کیسے ادائیگی کر سکتے ہیں؟