All posts by admin

کرکٹ ورلڈ کپ: مکی آرتھر نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کر لیا



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مکی آرتھر انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی مصروفیات ختم ہونے پر بھارت پہنچ گئے اور ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اب مکی آرتھر ورلڈ کپ کے دوران مکمل ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔

اس سے قبل ایشیا کپ کے دوران مکی آرتھر چند میچوں میں ہی ٹیم کے ساتھ موجود رہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم اس وقت حیدرآباد دکن میں موجود ہے جہاں آج پریکٹس سیشن ہو گا۔ بابر الیون کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ ہو گا۔ جبکہ ٹیم ورلڈ کا پہلا میچ نیدر لینڈ کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گی۔

نمیرا سلیم امریکہ پہنچ گئیں:5اکتوبر کو خلاء میں جائیں گی



پاکستان کی ہونہار بیٹی نمیرا سلیم خلا میں سفر کے لیے امریکا پہنچ گئی ہیں۔

نمیرا سلیم کراچی سے امریکا کے شہر ٹیلس پہنچی ہیں اور وہ 5 اکتوبر کو خلا کا سفر کریں گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نمیرا سلیم کا کہنا تھا کہ وہ اس سفر کے لیے پر عزم ہیں۔

گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن 5 اکتوبر کو سفر پر روانہ ہو گا۔

واضح رہے کہ دبئی میں مقیم نمیرا سلیم وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے 2007 میں قطب شمالی اور 2008 میں قطب جنوبی پر بھی پاکستان کا پرچم لہرایا تھا۔

ورلڈ کپ: سابق کرکٹرز کا پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کی خواہش کا اظہار



سابق کرکٹرز نے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے کی امید ظاہر کر دی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک، ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل اور لنکن اسپنر مرلی دھرن نے پیشگوئی کی ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو سکتا ہے۔

اسٹار اسپورٹس کو انٹرویو دیتے ہوئے کرس گیل نے کہاکہ امید یہی لگ رہی ہے کہ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا۔

سری لنکن اسپنر مرلی دھرن نے کہاکہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنا پسند کروں گا۔

اس موقع پر سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس نے ورلڈ کپ فائنل کے لیے بھارت اور انگلینڈ کو مضبوط امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔

مستونگ خود کش دھماکا: جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو گئی



بلوچستان کے ضلع مستونگ میں جمعہ کو ہونے والے خود کش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ خود کش دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا ہے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے، اس سے قبل جاں بحق افراد کی تعداد 59 تھی۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس وقت سی ایم ایچ کوئٹہ میں 18 جبکہ سول ہسپتال میں 3 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو 12 ربیع الاول کے جلوس کے قریب خود کش دھماکا ہوا تھا جس کے بعد نگران حکومت نے صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔

عمران خان اور شاہ محمود سائفر کیس میں قصور وار قرار، اسد عمر کو کلین چٹ :چالان عدالت میں جمع



وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں چالان جمع کرا دیا ہے۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چالان میں استدعا کی ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود کو ٹرائل کر کے سزا دی جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں اسد عمر کا نام شامل نہیں۔

چالان کے مطابق سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے اور یہ چالان کے ساتھ منسلک ہے۔

چالان میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان نے سائفر کو اپنے پاس رکھ کر قانون کی خلاف ورزی کی۔

جمع کرائے گئے چالان کے مطابق عمران خان کے پاس سائفر کی کاپی پہنچی لیکن انہوں نے واپس نہیں کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی 27 مارچ کو کی گئی تقریر کا ٹرانسکرپٹ بھی چالان کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ اور اس کے ساتھ 28 گواہوں کے 161 کے بیانات بھی موجود ہیں۔

کیویز کے خلاف میچ کیوں ہارے؟ محمد رضوان نے وجہ بتا دی



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا بیان سامنے آ گیا ہے۔

محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کیویز کے خلاف میچ میں کئی تبدیلیاں کی گئی تھیں جس کی وجہ سے وہ نتائج نہیں مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ اصل میں وارم اپ میچ میں لڑکوں کو موقع دیا گیا تھا تاکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

محمد رضوان نے اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہماری فیلڈنگ خراب تھی، ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، افتخار احمد کے اوورز نہ ہونے کا بھی بہت فرق پڑا۔

اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈالر 11 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گیا



کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کے بعد امریکی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ہفتے کے دوران انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری آئی۔

ہفتہ وار کرنسی رپورٹ کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 1.38 فیصد اضافہ ہوا۔ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں فرق بھی صرف 0.09 فیصد رہ گیا۔

کریک ڈاؤن سے خوفزدہ اسمگلرز نے ڈالر کی فروخت کے لیے مارکیٹ کا رجوع کیا جس سے ڈالر کا ریٹ انٹربینک میں 7 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گیا ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ 11 ہفتے کی کم ترین سطح پر ہے۔

اس وقت ڈالر کی قیمت انٹربینک میں 288 روپے سے نیچے ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 288 روپے میں دستیاب ہے۔

کرنسی ایکسچینج کے کاروبار سے منسلک افراد کا خیال ہے کہ اگر کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رہا تو ڈالر کی قدر میں مزید کمی واقع ہو گی۔

افغانستان نے بھارت میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا



نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں افغان سفارت خانے میں تعینات سفیر اور دیگر سینئیر سفارت کاروں نے یورپ اور امریکہ میں سیاسی پناہ لے لی اور بھارت چھوڑ دیا ہے جس کے بعد نئی دہلی میں افغان سفارت خانے نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اپنا سفارت خانہ بند کر کے اپنی سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیں۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کام کرنے والے افغان سفارت خانے نے ہندوستانی وزارت خارجہ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ۔

اطلاعات کے مطابق افغانستان کے سفارت خانے کی طرف سے اس ہفتے بھارتی وزارت خارجہ کو ایک غیر دستخط شدہ خط (Note Verbale) بھیجا گیا تھا جس میں اشارہ دیا گیا تھا کہ سفارت خانے کو ستمبر کے اواخر تک بند کر دیا جائے گا۔

اس خط میں بالخصوص اس بات کا ذکر کیا گیا تھا کہ متعدد درخواستوں کے باوجود نئی دہلی نے نہ تو کسی طرح کا تعاون کیا اور نہ ہی ان تقریبا 3000 افغان طلبا کو ویزے جاری کرنے میں مدد کی جنہیں سن 2021 میں بھارت کا سفر کرنا تھا لیکن ان کے پاس سفری دستاویزات نہیں تھے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ جون 2022 میں بھارت کے کابل میں اپنا مشن کھولنے کے بعد، سابقہ اسلامیہ جمہوریہ افغانستان سے وفاداری کا عہد کرنے والے افغان سفارت خانے کوسفارتی احترام اور دوستانہ اہمیت نہیں دی گئی۔

اس نوٹ ورویل میں بھارت سے سفارتی تعلقات کے متعلق ویانا کنونشن کے پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے بھارت میں افغانستان کے اثاثوں اور انڈیا افغانستان فنڈ کو محفوظ رکھنے کے لیے کہا گیا ہے اور بقیہ سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو ایگزٹ پرمٹ کے ذریعہ بھارت سے جانے کی سہولت فراہم کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

ادھر سابق افغان حکومت کے سفارت کاروں نے سفارت خانہ چھوڑ دیا ہے اور سابق سفیر اور دیگر سفارت کاروں کو امریکا اور یورپ منتقل کر دیا گیا ہے۔نئی دہلی میں تعینات افغان سفیر فرید مامون زادہ اس وقت برطانوی دارالحکومت لندن میں ہیں، سفارت خانے کے عملے کے درمیان اندرونی تنازعات ہیں جبکہ سفارت کاروں کے سیاسی پناہ حاصل کر کے تیسرے ملک چلے جاتے ہیں۔

برطانیہ کی بھارتی نژاد وزیرِ داخلہ کا پاکستان مخالف رویہ بے نقاب



لندن(این این آئی)برطانیہ کی بھارتی نژاد وزیرِ داخلہ سویلا بریورمین کا پاکستان مخالف رویہ کھل کر سامنے آگیا۔

برطانیہ کے میڈیا ریگولیٹر نے وزیرِ داخلہ کا گرومنگ گینگ سے متعلق دعوی بے بنیاد قرار دے دیا۔

سویلا بریورمین نے غلط اور بے بنیاد دعوی کیا تھا کہ برطانیہ میں تقریبا تمام گرومنگ گینگز برٹش پاکستانی چلاتے ہیں۔

میڈیا ریگولیٹر نے کہا کہ بریورمین کا یہ بیان غلط ہے کیونکہ برطانوی وزارتِ داخلہ کی اپنی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث گرومنگ گینگز کے بیشتر ملزمان سفید فام ہیں۔

بھارتی صحافی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے



بھارت کے ممتاز صحافی وکرانت گپتا نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص فیلڈنگ اور بولنگ پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وکرانت گپتا نے لکھا کہ پاکستانی ٹیم اس وقت جس طرح کی فیلڈنگ اور بولنگ کر رہی ہے اس سے اس سے بڑی ٹیموں سے جیتنا مشکل ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم پر جب بھی کوئی حریف دبائو ڈالتا ہے تو یہ دفاعی انداز میں چلی جاتی ہے۔

وکرانت گپتا کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے میچز میں اسپنرز کا بہت اہم کردار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسپن اٹیک میں کمزوریاں ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شاداب خان نے اوورز کیوں نہیں کروائے یہ سمجھ نہیں آ سکا۔

میری پسند کی لڑکی سے شادی کیسے کر لی، بونیر کے رہائشی کے ہاتھوں کراچی میں شہری قتل



کراچی(این این آئی)شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں ایک شہری کو خیبر پختون خوا کے شہر بونیر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اس لیے قتل کر دیا کیوں کہ اس نے جس لڑکی سے شادی کی تھی وہ بونیر کے رہائشی کو پسند تھی۔

تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے 26 ستمبر کو لانڈھی فردوس چالی کے قریب کار پر فائرنگ کر کے شہری حنیف کو قتل کرنے والے قاتل کو بونیر فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم خیال سید خصوصی طور پر خیبرپختون خواہ کے ضلع بونیر سے قتل کے لیے کراچی آیا تھا، جس کی وجہ یہ تھی کہ ملزم جس لڑکی کو پسند کرتا تھا، مقتول نے اس سے 4 ماہ قبل شادی کر لی تھی۔

ملزم خیال سید نے کراچی آنے کے بعد ایک ماہ تک مسلسل حنیف کی ریکی کی اور 26 تاریخ کو موقع دیکھ کر اس وقت جب حنیف اپنے کام سے چھٹی کر کے واپس گھر جا رہا تھا، اس پر قاتلانہ حملہ کر دیا۔

حنیف پہلے سگنل پر رکا، جیسے ہی سڑک سے دائیں جانب مڑا ملزم گاڑی کے پیچھے گیا اور پیدل بھاگ کر گولیاں چلائیں، اور پھر موقع سے فرار ہو گیا۔

پی آئی اے کا مدینہ سے آنیوالا طیارہ تبدیل، 60 مسافر آف لوڈ



کراچی(این این آئی)قومی ایئر لائن(پی آئی اے)کی مدینہ سے آنے والی پرواز کا طیارہ تبدیل ہونے سے 60 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

قومی ایئر لائن ذرائع کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں کو اب 6 اکتوبر کی پرواز پر بک کیا گیا ہے۔

قومی ایئر لائن کے ذرائع نے بتایاکہ آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی جانب سے مدینہ ایئرپورٹ پر احتجاج کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 744 کے لیے پہلے بوئنگ 777 طیارہ تھا جس کے بعد اب ایئر بس 320 طیارہ بھیجا جا رہا ہے۔قومی ایئرلائن ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے طیارہ تبدیل کیا گیا ہے۔