All posts by ghulam mustafa

سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر کی بابر اعظم پر تنقید



سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے بابر کو خود میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوتم گھمبیر نے کہا کہ ضروری ہے بابر اعظم اپنی شخصیت، گیم اور مائنڈسیٹ میں تبدیلی لائیں۔

گوتم گھمبیر نے شاہد آفریدی، عمران نذیر، سعید انور اور عامر سہیل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اٹیکنگ کرکٹرز کی ایک تاریخ رہی ہے۔ لیکن موجودہ تینوں پاکستانی ٹاپ آرڈرز کا بیٹنگ اسٹائل ایک جیسا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن سکتے ہیں مگر انہیں ذمہ داری لینا ہو گی۔

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ٹیم ویسا کھیلتی ہے جیسا کپتان کھیلتا ہے، وسیم اکرم کو اس لیے یاد کیا جاتا ہے کہ 1992 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے 3وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان ٹائٹل جیتا۔

بھارتی کپتان روہت شرما کو تیز رفتاری پر چالان



بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کپتان روہت شرما کو تیزرفتاری کے باعث چالان کا سامنا کرنا پڑا ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان بنگلا دیش کے خلاف میچ کے لیے ممبئی سے پونے کی طرف جا رہے تھے۔

پونے پولیس نے بھارتی کپتان روہت شرما کے 3 چالان کیے جو ممبئی پونے ایکسپریس وے پر ہوئے ہیں۔

ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے روہت شرما کو آن لائن چالان کیے گئے جس کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے مطابق روہت شرما کو ورلڈ کپ کے دوران اپنی کار کے بجائے ٹیم بس پر سفر کرنا چاہیے تھا۔

ورلڈ کپ: سابق بھارتی کرکٹر کی پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی پیشگوئی



سابق بھارتی کرکٹر سید کرمانی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے احمد آباد کے میچ میں پاکستانی شائقین کی کمی محسوس کی گئی، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ دونوں ملکوں کے شائقین اسٹیڈیم میں موجود ہوتے۔

سید کرمانی نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو جب کارکردگی دکھانے پر داد نہ ملے تو حوصلہ پست ہو جاتا ہے، پاکستانی شائقین کرکٹ کی بھارت میں عدم موجودگی ایک بہت بڑا سوال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹر ہیں، وہ مستقل مزاجی سے کھیلتے ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کی بولنگ لائن بھی بہت مضبوط ہے۔

اداکار فیصل قریشی نے بالی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی



کراچی (این این آئی) پاکستان کے نامور اداکار فیصل قریشی نے بالی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ بالی وڈ کا پاکستان مخالف پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔

حال ہی میں اداکار فیصل قریشی فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے بالی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ پوچھی؟ اس کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ ‘بالی وڈ سے میری بنتی نہیں ہے کیوں کہ میرے دل میں جو ہے میں اس کا اظہار کردیتا ہوں، میری اسی عادت کی وجہ سے میرے بھارتی مداح مجھ سے ناراض بھی ہوجاتے ہیں۔

فیصل قریشی نے کہا کہ اگر اس وقت کسی بھی اداکار کو بھارت میں اپنی فلم ہٹ کرنی ہے تو پاکستان کو گالی دینا ہوگی، شاہ رخ خان کی فلموں کو پاکستان میں ہر طرح سے سپورٹ ملا لیکن پھر شاہ رخ خان نے بھی وہی کیا۔

اداکار نے مزید کہا کہ بھارت میں فلمز ہٹ کرنے کیلئے پاکستان کو گندا کریں آپ آئی ایس آئی کو گندا کریں، یہی وہ چیزیں ہیں جن سے کوئی اداکار بھارت میں نام کما سکتا ہے لیکن یہ سب چیزیں دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ ‘جو سلوک بھارت میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہوا پاکستان میں ایسے کسی بھارتی کے ساتھ سلوک کا کوئی واقعہ نہیں ملے گا کیوں کہ پاکستانی گھر آنے والے کیلئے دل کھول دیتے ہیں۔

بھارتی اداکار راج کندرا کی فیملی کو نشانہ نہ بنانے کی درخواست



ممبئی (این این آئی) بھارتی بزنس مین اور اداکار راج کندرا اپنی جیل کی زندگی پر مبنی فلم ‘یو ٹی 69’ کے ٹریلر لانچ پر جذباتی ہوگئے۔

بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور فحش مواد تیار کرنے کے الزام گرفتار ہونے والے راج کندرا نے بطور اداکار نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔ ممبئی میں فلم ‘یو ٹی 69’ کے ٹریلر کی لانچنگ کے موقع پر راج کندرا جذباتی ہوگئے اور کہا کہ مجھے ٹرول کریں لیکن میری فیملی کو نشانہ نہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ بہت تکلیف دہ تھا کہ آپ نے کوئی گناہ بھی نہیں کیا اور پھر آپ ایسی صورتحال کا شکار بن جائیں۔ راج کندرا کا کہنا تھا کہ مجھے کہیں جو بھی کہنا ہے، میری بیوی، بچے اور فیملی کے دیگر افراد کی طرف مت جائیں، ہم نے آپ کا کیا بگاڑا ہے۔

فحش مواد کی تیاری کے الزام میں گرفتاری کے بعد راج کندرا نے جیل تجربات پر مبنی فلم بنائی ہے، جس کے ذریعے انہوں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔ فلم کی کہانی گرفتاری کے بعد اْن کی فیملی کو نشانہ بنانے اور جیل ٹرائل پر مبنی ہے، راج کندرا کی فلم 3 نومبر کو ریلیز ہو گی۔

اسٹیج اداکارہ مالا کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی جاں بحق



فیصل آباد (این این آئی) نامعلوم افراد نے اسٹیج اداکارہ اور میک اپ آرٹسٹ مالا کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ان کا بھائی جان کی بازی ہار گیا۔

واقعہ پر پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے گاڑی میں موجود اداکارہ مالا کا بھائی موقع پر ہی دم توڑ گیا، ملزمان کار پر سوار تھے جو فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ حملے میں میک اپ آرٹسٹ زخمی ہو گئیں تاہم ان کی زندگی محفوظ رہی، ملزمان کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

توشہ خانہ کیس: احتساب عدالت نے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے



اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے ہیں۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کی توشہ خانہ کیس میں وارنٹ معطلی کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کے پراسیکیوٹر نے پیروی کی۔

جج محمد بشیر نے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نواز شریف 24 اکتوبر کو پیش نہ ہوئے تو وارنٹ بحال ہو جائیں گے۔

قبل ازیں نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح نے عدالت کے روبر موقف اختیار کیا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ 24 اکتوبر تک وارنٹ معطل کر دیے جائیں۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کیا ہائیکورٹ میں بھی درخواست دی گئی ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ اس کیس میں ہائی کورٹ سے رجوع نہیں کیا گیا۔

سماعت کے موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ نواز شریف عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہ رہے ہیں، نواز شریف کو سننا چاہتے ہیں تو وارنٹ معطل کر دیئے جائیں۔

عدالت کی جانب سے وکیل صفائی اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد وارنٹ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔

پاکستان میں 90 فیصد کاشتکار ٹیکس نہیں دیتے: عالمی بینک



مکوآنہ (این این آئی) عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں 90 فیصد کاشتکار ٹیکس نہیں دیتے، زرعی آمدن پر انکم ٹیکس وصولی کی بہتری سے ٹیکسوں کا حصہ ایک فیصد بڑھ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث ٹیکس وصولی متاثر ہوئی ہے۔

عالمی بینک رپورٹ کے مطابق ٹیکس اصلاحات پر عملدرآمد سے معیشت میں ٹیکس کا حصہ 2 فیصد بڑھ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 11 کروڑ 40 لاکھ افراد برسر روزگار ہیں اور 80 لاکھ افراد انکم ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ایف بی آر کا ٹیکسز کے لیے نظام تاحال پیچیدگیوں کا شکار ہے۔

پشاور: 8 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد جلانے والے ملزم کو 3 بار سزائے موت کا حکم



پشاور(این این آئی) پشاور کی مقامی عدالت نے 8 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے اس کی لاش کو جلانے والے ملزم کو 3 بار سزائے موت دینے کا حکم دے دیا۔

جمعرات کو پشاور کی چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کی جج حنا مہوش نے جنسی تشدد کے بعد بچی کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت پولیس نے بتایا کہ ملزم آصف رضا عرف ملنگ نے 8 سالہ بچی کو جنسی تشدد کے بعد قتل کیا تھا، ملزم نے بچی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش بھی جلائی دی تھی اور پھر اس نے جلی ہوئی لاش قبرستان میں پھینک دی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ بڈھ بیر میں متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے عدالت میں چالان جمع کرادیا تھا۔

عدالت نے ملزم پر جرم ثابت ہونے کے بعد اسے 3 بار سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ 8 سالہ بچی کے قتل کا واقعہ 18 نومبر 2020 کو پیش آیا تھا، واقعے کے خلاف علاقے کے عوام نے کئی روز تک کوہاٹ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر کے احتجاج کیا تھا۔

حماس اور حزب اللہ کے حملوں میں 2 ہزار ہلاکتیں، اسرائیل نے اعتراف کر لیا



اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ حماس اور حزب اللہ کے حملوں میں اب تک 2 ہزار اسرائیلی شہریوں کی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

حماس اور حزب اللہ کے حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں اسرائیل کے ٹینکوں کو ہدف بنانے کے حوالے سے دکھایا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کی پوزیشن پر حملے کیے ہیں، اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسرائیلی ڈرون کو مبینہ طور پر تباہ کیا گیا ہے۔

لبنان کی مزاحمتی تنظیم نے اسرائیلی فوج کے جاسوسی آلات کو نشانہ بنایا ہے جبکہ جنوبی لبنان کی طرف بھیجا گیا مبینہ اسرائیلی ڈرون بھی فضا میں تباہ کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری، مزید 433 فلسطینی شہید



اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی بدستور جاری ہے، اسرائیلی فوج نے غزہ پر بمباری کرتے ہوئے مزید 433 فلسطینی شہید کر دیئے ہیں۔

اب تک اسرائیلی فورسز کی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے 3 ہزار ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔

غزہ میں صورتحال تشویشناک ہے اور اب تک 4500 رہائشی عمارتیں اور 12 ہزار گھر تباہ ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کا احترام نہیں کیا جا رہا اور ہسپتالوں پر بھی بمباری کی جا رہی ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں غزہ میں ہونے والی بمباری کی مذمت کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرار داد امریکا نے ویٹو کر دی ہے۔

غزہ کی صورتحال پر سعودی ولی عہد کا جاپانی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ



سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنمائوں نے غزہ میں فوجی کشیدگی میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کو ایک گھنائونا جرم اور وحشیانہ حملہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے وہاں کے شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے فوجی کارروائیوں کو روکنے، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، امن و استحکام پر اس کے خطرناک اثرات سے بچنے کےلیے کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔