All posts by ghulam mustafa

افتخار احمد ورلڈ کپ کے آئندہ میچوں میں جیت کیلئے پُرامید



پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے باقی میچوں میں کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری بولنگ لائن پرفارم نہیں کر پا رہی، ہمیں افغانستان کے خلاف 300 سے زیادہ رنز اسکور کرنے چاہیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے اسپنرز کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں، ہمارے ہاتھ میں صرف کوشش ہے اور چاہتے ہیں کہ ٹیم کو اوپر اٹھائیں۔

افتخار احمد نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو جب مار پڑ رہی ہو تو پھر اس کا مورال ڈائون ہو جاتا ہے۔

شعیب ملک نے قومی کرکٹ ٹیم کو شکست کی ذمہ داری بابر اعظم پر عائد کر دی



پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کو افغانستان سے شکست کی ذمہ داری بابر اعظم پر عائد کی ہے۔

شعیب ملک نے سابق کرکٹرز وسیم اکرم اور مصباح الحق کے ساتھ ایک نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کی اور اس دوران ٹیم سے سخت ناراضی کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر وسیم اکرم نے کہا کہ کسی بھی ایک شخص پر شکست کی ذمہ داری عائد نہیں کی جا سکتی، قومی ٹیم کی شکست میں چیئرمین پی سی بی، کوچز، چیف سلیکٹر، ڈائریکٹر اور کپتان سب کا قصور ہے۔

اس موقع پر شعیب ملک نے کہا کہ بابر اعظم ایک اچھے بیٹر ضرور ہیں لیکن اچھے کپتان نہیں، افغانستان سے میچ میں شکست کی ذمہ داری اُنہی پر عائد ہوتی ہے۔

وسیم اکرم نے قومی کرکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا



کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر جہاں شائقین کرکٹ مایوس ہیں وہیں سابق کرکٹرز کو بھی شدید غصہ ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوال اٹھا دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ افغانستان جیسی ٹیم سے قومی ٹیم کو شکست ہوئی جو باعث شرمندگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو کب سے ٹی وی اسکرینوں پر کہہ رہے ہیں کہ 2 سال سے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ کیوں نہیں کیا گیا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ اب مجھے کھلاڑیوں کے انفرادی طور پر نام لینے پڑیں گے، جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے روزانہ 8،8 کلو کڑاہی کھاتے ہیں۔

سوئنگ کے سلطان نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر کھلاڑیوں کے لیے کوئی تو اصول ہونے چاہئیں۔

پنجاب حکومت نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا معطل کرنے کی منظوری دیدی



پنجاب کی نگران حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل کر دی ہے۔

سابق وزیراعظم و قائد پاکستان مسلم لیگ ن نوازشریف نے پنجاب حکومت کو درخواست کی تھی کی ان کی سزا معطل کی جائے۔

نوازشریف نے سزا معطل کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دی تھی۔

نوازشریف کی درخواست پر پنجاب کی نگران کابینہ نے مسلم لیگی قائد کی سزا معطل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

عمران خان کی الیکشن کمیشن میں عدم پیشی پر سیکریٹری داخلہ طلب



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عدم پیشی پر سیکریٹری داخلہ کو طلب کر لیا

عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبرسندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کے وکیل شعیب شاہین نے پیروی کی۔

سماعت کے دوران شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی پیشی کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے کہ انہیں پیش کیا جائے مگر حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، کمیشن کی اصل توہین تو آج ہوئی ہے۔

اس کے موقع پر اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ وہ خود بھی اس خدشے کا اظہار کر چکے ہیں۔

ممبرالیکشن کمیشن سندھ نے استفسار کیا کہ عمران خان کو جو کہہ رہے ہیں اس کے صحیح ہونے کا آپ کو یقین ہے؟۔

اے آئی جی نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کی پیشی سے متعلق معذرت کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی تجویز ہے کہ اڈیالہ جا کر الیکشن کمیشن سماعت کر سکتا ہے۔

ممبرالیکشن کمیشن نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک شخص کو سیکیورٹی نہیں دی جا سکتی تو انتخابات کیسے ہوں گے۔

بعدازاں سیکریٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

غیرقانونی تارکین وطن کی بے دخلی، افغان فنکار پشاور ہائیکورٹ پہنچ گئے



حکومت پاکستان کی جانب سے غیرقانونی تارکین وطن کو ملک سے جانے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن میں ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔

غیرملکی تارکین وطن کی بے دخلی کے فیصلے پر جہاں افغان حکومت نے پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے وہیں اب افغان فنکاروں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں افغان فنکاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت پاکستان یو این ایچ سی کے ساتھ 2003 کے معاہدے کے بعد اس بات کی پابند ہے کہ مہاجرین کو جبری طور پر ملک سے نہیں نکالے گی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت افغان مہاجرین کی پکڑ دھکڑ رکوائے اور یو این ایچ سی آر کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حتمی فیصلے تک افغان مہاجرین کی گرفتاری اور انخلا روکنے کا حکم دیا جائے۔

ملکی دفاع میں ایک اور سنگ میل عبور، غوری ویپن سسٹم کی ٹریننگ لانچنگ کا کامیاب تجربہ



ملکی دفاع میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان نے غوری ویپن سسٹم کی ٹریننگ لانچنگ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

غوری ویپن سسٹم کی ٹریننگ لانچنگ کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور تکنیکی تیاری کو جانچنا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا بتانا ہے کہ کمانڈر اے ایس ایف سی کی جانب سے آرمی اسٹریٹجک فورسز کی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کے معیار کو خوب سراہا گیا ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، افسروں اور انجینئرز کو مبارکباد دی گئی ہے۔

لانچنگ کے موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈ، اسٹریٹجک فورسز کے سینیئر افسران، اسٹریٹجک تنظیم کے سائنسدان اور انجینئرز موجود تھے جنہوں نے مشاہدہ کیا۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے متجاوز



اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اور شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مزید 436 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جن میں شامل بچوں کی تعداد 182 ہے۔7 اکتوبر سے اب تک 2 ہزار 55 بچے شہید ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کہ الشاتی کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 436 فلسطینی شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں بمباری کرتے ہوئے 23 افراد کو شہید کر دیا، الفلوجہ میں 17 اور دیر البلاح میں بھی 10 افراد کو شہید کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے 3 مساجد پر بھی بمباری کی گئی ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران اب تک 31 مساجد شہید ہو چکی ہیں۔

اسرائیل کی بمباری کے باعث غزہ میں صورتحال تشویشناک ہے، دوسری جانب اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی گئی ہے کہ کسی بھی وقت غزہ پر زمینی حملہ کر دیں گے۔

صرف جنگ بندی نہیں، فلسطین کی مکمل آزادی چاہیے: اُشنا شاہ



پاکستان کی ممتاز اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ ہم فلسطین کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اسرائیل اور حماس کی حالیہ کشیدگی میں ہمیں صرف جنگ بندی ہی نہیں فلسطین کی مکمل آزادی چاہیے۔

کراچی میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اُشنا شاہ نے کہا کہ فلسطین کے معصوم عوام پر 1948 سے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، اسرائیل فلسطین کے عوام کی نسل کشی کر رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمیں فلسطین میں وہ آزادی چاہیے جہاں زندگی گزارنے کی آزادی ہو اور کوئی خوف نہ ہو۔

اشنا شاہ نے مزید کہا کہ اس وقت اسرائیل اور فلسطین کے تنازع میں مغربی میڈیا پروپیگنڈا کر رہا ہے، ہم غزہ تو نہیں جا سکتے لیکن احتجاج کے ذریعے اپنی حکومت پر دبائو ڈال سکتے ہیں کہ کھل کر فلسطین کے عوام کی حمایت کرے۔

سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر 3‘ کے گانے کی سوشل میڈیا پر دھوم



بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اور ممتاز اداکارہ کترینہ کیف کی نئی فلم ’ٹائیگر 3‘ کا پہلا گانا ریلیز ہو گیا ہے جسے پسند کیا جا رہا ہے۔

بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پر اپنی فلم کے گانے کی ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہو رہی ہے۔

سلمان خان نے گانا شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ امید ہے ہماری آنے والی فلم کا گانا آپ سب کو بہت پسند آئے گا۔

ٹائیگر 3 کے لیے یہ گانا معروف بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے۔

گانے کی ویڈیو جونہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو ئی تو مداحوں نے دلچسپ تبصرے شروع کر دیے، سلمان خان اور ارجیت سنگھ کی بے حد تعریف کی جا رہی ہے۔

حماس نے یرغمال بنائے گئے افراد میں سے مزید 2 معمر خواتین کو رہا کر دیا



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد میں سے مزید 2 معمر خواتین کو رہا کر دیا ہے۔

مزاحمتی تنظیم نے یرغمالی خواتین کو رہا کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر اور مصر نے خواتین کی رہائی میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق رہا کی گئی 79 سالہ نوریت کوپر اور 85 سالہ یوشیوڈ لیفشٹز اسرائیلی شہری ہیں جنہیں حملے کے دوران یرغمال بنایا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مزاحمتی تنظیم نے رہا کی گئی خواتین کو انٹرنیشنل ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حماس نے قطری حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کرتے ہوئے 2 امریکی خواتین ماں بیٹی کو رہا کیا تھا۔

حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شہری یرغمالیوں کی رہائی کے لیے قطر اورر مصر کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

ایکشن سے بھرپور فلم ’انڈین پولیس فورس‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آ گئی



بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ کے ممتاز فلمساز روہت شیٹی کی نئی ویب سیریز’انڈین پولیس فورس‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آ گئی ہے۔

روہت شیٹی کی فلم آئندہ برس 19 جنوری 2024 کو ایمازون پرائم ویڈیو پر ریلیز کی جائے گی۔

فلم میں معروف شوبز استارے سدھارتھ ملہوترا، سشمیتا سین اور ویویک اوبرائے اپنے ایکشن دکھائیں گے۔

پرائم ویڈیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ناظرین ایکشن سے بھرپور فلم دیکھنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

اپنے ملک کی بہترین خدمت کرنے والے پولیس افسران کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فلم کو ’پولیس کمیموریشن ڈے‘ پر ریلیز کیا جائے گا۔