All posts by ghulam mustafa

ڈراپ کیچ کے بعد ڈیوڈ وارنر کی سنچری، اسامہ میرکی غلطی پاکستان کو مہنگی پڑ گئی



ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں ڈیوڈ وارنر کا کیچ ڈراپ کرنا پاکستان کو مہنگا پڑگیا۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی گیند پر جب اسامہ میر نے ڈیوڈ وارنر کا آسان کیچ ڈراپ کیا توآسٹریلیا کا اسکور35 سے بھی کم تھا۔ چانس ملنے کے بعد ڈیوڈ وارنر نے حارث رئوف، افتخار احمد ، اسامہ میر اور محمد نواز کے خلاف ایسا جارحانہ کھیل پیش کیا کہ پاکستانی بولرز لائن ولینتھ ہی بھول گئے۔ڈیوڈ وارنر نے 7 چوکوں اور6 شاندار چھکوں کی مدد سے سنچری سکور کی  اور مچل مارش کے ساتھ مل کر ورلڈ کپ کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ بھی قائم کی۔ ڈیوڈ وارنر نے سنچری کے لئے 85 گیندوں کاسامنا کیا۔ ڈیوڈ وارنر کو سنچری مکمل کرنے کے بعد دوسرا چانس ملا جب اسامہ میر کی گیند پر عبداللہ شفیق نے کیچ ڈراپ کردیا۔

ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مچل مارش نے بھی پاکستانی بولرز کے خلاف کھل کر وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس لگائیں، مچل مارش نے بھی سنچری سکور کی جب ان کی سنچری مکمل ہوئی تو وہ  10 چوکے اور 6 شاندار چھکے لگاچکے تھے ۔

اداکارہ زارا نور نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر دی



پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ آج جو کچھ ہو رہا ہے یہی کل کو ہمارے ساتھ بھی ہو سکتا ہے، ہمیں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت ہمارے آبائو اجداد نے اس لیے قربانیاں دی تھیں کہ اگر مستقبل میں کسی بھی مسلمان پر ظلم ہو تو ہم اس کے حق میں بول سکیں۔

زارا نور عباس نے فنکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ چپ رہنے کا وقت نہیں، مہربانی فرما کر اس وقت یہ بھول جائیں کہ آپ کا بین الاقوامی سطح پر کوئی آڈیشن ہونے والا ہے یا آپ ٹام کروز کے ساتھ کوئی بڑی فلم کرنے والے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یاد رکھیں جس طرح دنیا کو فلسطین کی کوئی پرواہ نہیں ہے اسی طرح پاکستان کی بھی کسی کو پرواہ نہیں، لہٰذا ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔

سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 میں ارجیت سنگھ کے گانے کا ٹیزر جاری



بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی میگا تھرلر فلم ٹائیگر 3 کے پہلے گانے کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔

بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے فلم ٹائیگر 3 میں جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے، اداکار کی جانب سے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر فلم کے گانے ’لے کے پرابھو کا نام‘ کا ٹیزر پوسٹ کیا گیا ہے۔

سلمان خان نے ٹیزر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک چھوٹی سی جھلک دیکھ لیں، ٹائیگر اور زویا پارٹی کے لیے تیار ہیں۔

فلم کے لیے گانا بالی ووڈ کے معروف گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے، ان کی جانب سے 9 سال بعد سلمان خان کی کسی فلم میں گلوکاری کی گئی ہے۔

مداح ٹائیگر 3 میں ارجیت سنگھ کی گلوکاری کی خبر سن کر بے حد خوش ہیں کیوں کہ ان کو کئی سالوں سے انتظار تھا کہ دونوں فنکاروں کی صلح کب ہو گی۔

سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان مظلوم فلسطینیوں کے حق میں سامنے آ گئیں



بھارت کی فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابق اداکارہ ثنا خان بھی فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین پر بمباری کے خلاف دنیا بھر کے فنکار آواز اٹھا رہے ہیں اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

پاکستان، ترکیہ اور بھارت کے بھی کچھ اداکاروں نے فلسطین کے عوام کی حمایت کی ہے، بھارتی اداکار سونم کپور، سوارا بھاسگر اور گوہر خان نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا مگر ثنا خان بالکل خاموش تھیں۔

ثنا خان کی خاموشی پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق اداکارہ کو بھارت کا ڈر ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ اگر کچھ بولا تو یوٹیوب چینل بند کر دیا جائے۔

اس ساری تنقید کے بعد ثناخان نے انسٹا گرام پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام پر مظالم کی مذمت کی ہے۔

ثناخان نے لکھا میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوں، بے شرم لوگوں نے ہسپتال اور معصوم بچوں کو بھی نہیں بخشا۔

حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی، 4 کروڑ 96 لاکھ روپے برآمد



ملک بھر میں کرنسی کی غیرقانونی ترسیل اور ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں حوالہ ہنڈی کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے اور اس دوران گاڑی سے 4 کروڑ 96 لاکھ روپے کی کرنسی برآمد کر لی گئی ہے۔

ایف آئی اے ڈیرہ غازی خان نے حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کے اہلکاروں نے گاڑی کو تونسہ روڈ پر روک کر تلاشی لی تو کرنسی برآمد ہوئی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گاڑی کی تلاشی کے دوران حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ بھی سامنے آ گیا، ملزمان زاہد علی اور طارق مسعود کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے منسلک ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نگران وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر، نوٹیفکیشن جاری



نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے ممتاز عالم دین علامہ طاہر اشرفی کو اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کر لیا ہے۔

نگران وزیراعظم کی جانب سے علامہ طاہر اشرفی کو مڈل ایسٹ اوراسلامی ممالک کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کا نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔

پرنسپل سیکریٹری ہمراہ وزیراعظم توقیر شاہ کی جانب سے طاہر اشرفی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ طاہر اشرفی اس سے قبل بھی وزرائے اعظم کے ساتھ بحیثیت نمائندہ خصوصی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

کینیڈا نے اپنے 41 سفارتکار بھارت سے واپس بلا لیے



کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد کینیڈا اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی ختم نہ ہو سکی۔

کینیڈا نے اپنے 62 میں سے 41 سفارتکار بھارت سے واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ میلان جولی کے مطابق بھارتی حکام نے 20 اکتوبر کو 21 کینیڈین سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کے سفارتی استثنیٰ ختم ہونے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ ہردیپ سنگھ کے کینیڈا میں قتل ہونے کے بعد کینیڈین وزیراعظم نے پارلیمنٹ سے خطاب میں سکھ رہنما کے قتل کی ذمہ داری بھارتی خفیہ ایجنسی را پر عائد کی تھی۔

کینیڈا نے سکھ رہنما کے قتل کا الزام را پر عائد کرنے کے بعد بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے حکم دیا تھا جس کے جواب میں بھارت نے بھی کینیڈا کے سفارتکار کو ملک سے نکال دیا تھا۔

اسرائیل حماس کشیدگی: امریکا کا دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے الرٹ جاری



اسرائیل اور حماس کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکی شہریوں کے خلاف دہشتگرد حملے، مظاہرے یا پرتشدد کارروائیاں ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے زور دیا ہے کہ غزہ میں امداد کی ترسیل کے دوران حملے نہیں ہونے چاہئیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام ریاستیں پناہ گزینوں کے ساتھ روا سلوک پر اپنی ذمہ داریوں کو برقرار رکھیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3900 ہو گئی ہے جبکہ ساڑھے 13 ہزار زخمی ہیں۔

چین کے ساتھ تعلقات کی مزید مضبوطی کے لیے پُرعزم ہیں، نگران وزیراعظم



نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنے چین کے جاری دورے کے دوران سنکیانگ کے خود مختار علاقے ارومچی پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے سنکیانگ یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں سنکیانگ یونیورسٹی کے صدر یاؤ کیانگ اور اکیڈمیا کے اراکین نے ان کا استقبال کیا۔

انہوں نے قابل ذکر سکالرز، محققین، ماہرین تعلیم، فیکلٹی ممبران اور طلباء کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا سنکیانگ کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تعلقات میں سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے باہمی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے کی سنکیانگ کی اہمیت کی تعریف کی اور قدیم شاہراہ ریشم کے حصے کے طور پر رابطے کے ایک مرکز کے طور پر خطے کے تاریخی کردار کو سراہا۔

سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان ثقافتی اور تاریخی روابط کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اقتصادی ہم آہنگی، تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، تعلیمی تبادلے، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رابطے کو فروغ دینے کے لیے سنکیانگ کے ساتھ شراکت میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

لوگوں سے تبادلے تعلیمی روابط کی اہمیت اور ممالک اور عوام کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے میں طلباء کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان اور چین کے نوجوانوں سے امید ظاہر کی کہ وہ آنے والے سالوں میں دوستی اور بھائی چارے کے پل کے طور پر کام کریں گے۔

اس سے پہلے وزیراعظم کو یونیورسٹی کے ہسٹری میوزیم میں 99 سالہ پرانی سنکیانگ یونیورسٹی کی تاریخ کےبارے بریفنگ بھی دی گئی۔

برطانوی یونیورسٹی کا جادو ٹونے میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری کرانے کا اعلان



برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایکسیٹر نے آئندہ برس سے جادو ٹونے میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

یونیورسٹی آف ایکسیٹر نے کہا ہے کہ اس پروگرام کا آغاز ستمبر 2024 میں ہو جائے گا، اس کورس میں جادو کی تاریخ کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مختلف تجزیے کیے جائیں گے۔

اس ڈگری میں داخلہ لینے والے طلبہ ادب، فلسفہ، آثارِ قدیمہ، عمرانیات، نفسیات، ڈرامہ اور مذہب کا جادو کے حوالے سے تجزیہ کر سکیں گے۔

پروفیسر ایمیلی سیلوو اس نئے کورس کی رہنمائی کر رہی ہیں، وہ لکھتی ہیں کہ جادو ٹونے میں دلچسپی میں اضافے کی بنیاد معاشرے سے متعلق اٹھنے والے سوالات میں پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس پروگرام میں جادو ٹونے سے متعلق مکمل جائزہ لیا جائے گا۔

عماد وسیم نے بابر اعظم سے اختلاف سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی



قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کپتان بابر اعظم سے اختلاف سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

عماد وسیم ایک نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئے جہاں ان سے بابراعظم سے اختلاف سے متعلق سوال کیا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سوال تو پیچیدہ ہے مگر اس میں کوئی صداقت نہیں ہے، کیوں کہ ہمارے درمیان کوئی دشمنی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل عماد وسیم نے کرکٹ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب انسان ملک کے لیے کھیلتا ہے تو پھر ساری باتوں کو ایک طرف کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا کپتان بابراعظم کے ساتھ احترام کا رشتہ ہے۔

غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری، اسرائیلی فوج کو زمینی کارروائی کیلئے گرین سگنل



اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3900 ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار 500 سے زیادہ زخمی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو غزہ میں زمینی کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کا گرین سگنل دے دیا گیا ہے جس کے بعد حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے عرب اور مسلم دنیا سے اسرائیل کی جانب مارچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے رفاح میں گھروں پر بم برسائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 33 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ الزیتون کے علاقے میں چرچ کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں متاثرہ لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ مغربی کنارے میں الشمس پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کیا گیا ہے جس سے 12 فلسطینی شہری شہید ہو گئے جبکہ خان یونس کے علاقے میں بمباری سے 7 شہادتیں ہوئی ہیں۔

فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ اب تک جتنے لوگ شہید ہو چکے ہیں ان میں 1500 سے زیاد بچے، ایک ہزار خواتین اور 120 بزرگ شہری بھی شامل ہیں، جبکہ تباہ عمارتوں کی تعداد میں اس حد تک اضافہ ہو گیا ہے کہ رضاکاروں کے لیے ممکن ہی نہیں کہ وہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال سکیں۔