Tag Archives: پاکستان

بھارتی وکیل نے زینب عباس کے بعد محمد رضوان کو نشانے پر رکھ لیا



پاکستان کی خاتون اسپورٹس جرنلسٹ زینب عباس کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے بھارتی وکیل وینیت جندال نے اب پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔

محمد رضوان کی جانب سے نیندرلینڈ کیخلاف میچ کے دوران گرائونڈ میں نماز ادا کرنے پر وینیت جندال نے آئی سی سی کو شکایت کر دی ہے۔

بھارتی وکیل کی جانب سے آئی سی سی کو لکھی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم میں نماز کی ادائیگی کھیل کی روح کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضوابط کے بھی منافی ہے۔

بھارتی وکیل نے مزید کہا ہے کہ رضوان کی جانب سے اسٹیڈیم میں نماز کی ادائیگی کے باعث کھیل کی روح کو شکست ہوئی ہے، رضوان کی جانب سے اُس وقت نماز ادا کی گئی جب دوسرے کھلاڑیوں کو وقفے کے دوران پانی کا انتظار تھا۔

جندال نے یہ بھی کہا ہے کہ محمد رضوان نے سری لنکا کیخلاف اپنی جیت کو غزہ کے نام کیا، اس سے بھی ان کے نظریات واضح ہوتے ہیں، اس کے علاوہ وہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھی اسٹیڈیم میں نماز کی ادائیگی کر چکے ہیں۔

بھارتی وکیل کی جانب سے آئی سی سی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

غزہ کی صورتحال پر تشویش، فوری جنگ بندی کی جائے: نگران وزیراعظم



نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اور جانی نقصان پر گہری تشویش ہے، ہم فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری ٹوئٹ کے مطابق نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ میں شہریوں کو جان بوجھ کر بلا امتیاز اور غیر متناسب نشانہ بنانا تہذیب کے تمام اصولوں کے خلاف اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کے خاتمے کو فلسطینی سرزمین پر برسوں کے جبری اور غیر قانونی قبضے اور اس کے عوام کے خلاف جابرانہ پالیسیوں کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو محصور غزہ تک فوری طور پر درکار امدادی سامان کی نقل و حمل کے لیے محفوظ اور غیر محدود انسانی راہداری کھولنے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 18 اکتوبر کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گےاور غزہ کے لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیں گے۔

فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے تیار ہیں،اسرائیل پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی: پاکستان



نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے معاملے پر واضح موقف رکھتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے، ہم غزہ کے گھیرائو کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر سعودی عرب سے رابطے میں ہیں، اوآئی سی کے 18 اکتوبر کو جدہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کروں گا۔ غزہ میں انسانی امداد کے لیے ہمارا اقوام متحدہ سے بھی رابطہ ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں انسانی المیہ ایجنڈے پر ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کررہے ہیں، چینی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ اس موقع پر وزیراعظم عالمی رہنمائوں سے بھی ملیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک پر بات چیت چل رہی ہے، سی پیک معاملے پرسیکیورٹی سے متعلق بیرونی وجوہات کی وجہ سے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے تعلقات خراب ہونے کا تاثر درست نہیں۔ افغانستان پر جب بھی کوئی مشکل پڑی انہوں نے پاکستان کی طرف دیکھا۔ افغان حکومت نے زلزلہ زدگان کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔

ویرات کوہلی سے ٹی شرٹس تحفے میں لینے پر بابراعظم کو تنقید کا سامنا



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اپنی شرٹس تحفے میں دی ہیں جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

بابراعظم کی ویرات کوہلی سے شرٹس لینے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو ویرات کوہلی کی جانب سے یہ جرسیاں میچ کے بعد تحفے میں دی گئی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی بابر اعظم کی جانب سے جرسیاں لینے کو نامناسب عمل قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم کی جانب سے ویرات کوہلی سے جرسیاں لینے کی تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہو گیا۔

سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آج یہ دن نہیں تھا کہ آپ مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے جرسیاں تحفے میں لیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چاچے کے پتر نے کوہلی کی ٹی شرٹ لانے کا کہہ ہی دیا ہے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں بھی یہ کیا جا سکتا تھا۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے بابر اعظم پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

ورلڈکپ میں بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار، پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست، شاہین کھیل کے ہر شعبے میں ناکام



کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو آسانی سے شکست دے کر ورلڈ کپ میچز میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست رہنے کااعزاز برقرار رکھا ، پاکستانی بیٹنگ لائن روایتی حریف بھارت کے خلاف بری طرح ناکام رہی، پاکستان نے بھار ت کو جیت کے لئے 192 رنز کاہدف دیا جو بھارت نے 30 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ،
آسان ہدف کے تعاقب میں بھارت نے جارحانہ بلے بازی کامظاہرہ کیا۔
اگرچہ بھارتی اوپنر شبمن گل 16 رنز بناکرجلدی آئوٹ ہو گئے ویرات کوہلی نے بھی 16 رنز بنائے اورحسن علی کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے تاہم دوسری طرف سے روہت شرما نے تیز بلے بازی جاری رکھی۔
بھارتی کپتان روہت شرما 63 گیندوں پر86 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرآئوٹ ہوئے، شرما کی اننگز میں میں 6 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے ۔
شہریاس نے بھی عمدہ بلے بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ شہریاس نے 62 گیندوں پر53 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے جبکہ کے ایل راہول بھی 13 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔

بھارت کی طرف سے شاندار بائولنگ کرنے والے جسپریت بمراہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں
بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگزکامحتاط طریقے سے آغاز کیا تاہم 41 کے سکور پرعبداللہ شفیق آئوٹ ہوگئے۔ امام الحق اور بابراعظم نے سکور کچھ آگے بڑھایا مگرجب پاکستان کاسکور 73 پر پہنچا تو امام الحق بھی 38 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں سکور155 رنز تک پہنچایا اور اس موقع پر بابراعظم 50 رنز بنانے کے بعد سراج کی خوبصورت گیند پربولڈ ہوگئے۔
155 رنز پرپاکستان کی تیسری وکٹ کیا گری کے اگلے36 رنز پرپوری ٹیم ہی پویلین لوٹ گئی۔
سعود شکیل 6،رضوان 49،افتخار احمد 4، شاداب خان 2 اورمحمد نواز4 رنز بناسکے۔ حسن علی 12 اورحارث رئوف 2 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تو 191 رنز پرپاکستانی اننگز تمام ہوچکی تھی۔ پاکستانی ٹیم 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور43 ویں اوور میں ہی آئوٹ ہوگئی ۔

مشکلات کا شکار ملکی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن



مشکلات کا شکار پاکستانی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے، اور شرح نمو میں بھی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

پاکستان کی شرح نمو مالی سال 2024 کے لیے 3.5 فیصد تک بہتر ہو گئی ہے جو 2023 کے لیے 0.3 فیصد تھی۔

اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں اگست 2023 تک پاور جنریشن میں 14 فیصد، ڈیزل سیل میں 11 فیصد اور پیٹرول سیل میں 8 فیصد سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اعدادوشمار میں پاکستانی برآمدات کے حوالے سے بھی حوصلہ افزا خبر ہے کہ ستمبر 2023 میں پاکستان کی ملکی برآمدات 1.15 فیصد سے بڑھ کر 2.40 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

پاکستان پیٹرولیم لمیٹیڈ (پی پی ایل) کی شرح نمو میں جو اضافہ دیکھنے میں آیا وہ ریکارڈ 42 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ کاٹن کی پیداوار 72 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گندم کی پیداوار 28 ملین ٹن تک پہنچ چکی ہے جب کہ چاول کی پیداوار 9 ملین ٹن پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

ماہ ستمبر کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 48.2 فیصد تک کم ہوا ہے جبکہ 2 ماہ کے عرصے میں ڈالر کی قدر میں 50 روپے سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔

پاکستان کے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ معاہدے کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں، آئی ایم ایف، بین الاقوامی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک سے پاکستان کو مجموعی طور پر 1.4 ارب ڈالر ملیں گے۔

اقوام متحدہ فلسطین میں سیز فائر کے لیے کوششیں کرے: پاکستان کا مطالبہ



پاکستان نے غزہ پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ سیز فائر کے لیے بھرپور کوششیں کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں معصوم بچوں اور خواتین کی شہادتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہےٓ اور اُن پر زمین تنگ کی جار ہی ہے، اس وقت مشرق وسطیٰ میں قیام امن وقت کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ سیز فائر کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلس میں مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، حریت جماعتوں پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔

زینب عباس کیخلاف بھارت میں کیس بنانا درست اقدام نہیں: پاکستان



دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بھارت جانے والی پاکستانی کمنٹیٹر زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر بنایا گیا کیس درست اقدام نہیں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے میزبان کی حیثیت سے سیکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر کیس بنایا گیا اور انہیں اس میں گھسیٹا جا رہا ہے۔

ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ پاکستانی صحافیوں اور کرکٹ شائقین کو ویزے جاری کرنے کے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک بھارتی وکیل وینیت جندال نے الزام عائد کیا تھا کہ زینب عباس نے ہندو مذہب اور بھارت کےخلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھے، انہوں نے سوشل میڈیا تبصروں کو ان سے منسوب کرتے ہوئے ان کے خلاف درخواست دائر کی اور ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں زینب عباس نے سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت چھوڑ دیا تھا۔

پاکستان نے نیدر لینڈ کو 81رنز سےہرا کر ورلڈ کپ کی پہلی فتح اپنے نام کر لی



حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے میچ میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 49 ویں اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، حسن علی نے 2 ، جبکہ شاداب خان، افتخار احمد، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیدر لینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گرگئی جب میکس ڈاؤڈ5 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ مجموعی 50 سکور پر گری جب کولن ایکرمین 17 رنز بناکر افتخار احمد کا شکار بنے۔
نیدرلینڈز کے وکرم جیت سنگھ 52 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،تیجا ندامانورو 5، نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز بغیر کوئی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ باس ڈی لیڈے نے پاکستان کیخلاف نمایاں اننگز کھیلی تاہم 67 رنز پر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے،ثاقب ذوالفقار 10رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 3.4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جبکہ فخر زمان ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان بابر اعظم ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے اور 5 رنز پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق بھی زیادہ دیر پچ پر ٹھہر نہ سکے اور 15 سکور پر پویلین کی راہ لی۔ قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا، سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی مکمل کی جبکہ محمد رضوان نے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے۔ سعود شکیل اور محمد رضوان 68،68 رنز بنا کر پویلین لوٹے، افتخار احمد 9، شاداب خان 32، محمد نواز 39 جبکہ حسن علی بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہوگئے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے 4 ، کولن ایکرمین نے 2 جبکہ وین بیک، پال وین میکرین اور آرین دت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اضح رہے کہ گزشتہ روز احمدآباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ملازمین کے مسائل کے حل سے غافل نہیں, سب کو ان کاجائز حق دینگے: جان اچکزئی



کوئٹہ(این این آئی) محکمہ کیو ڈی اے اور محکمہ بی ڈی اے کے ملازمین کے مسائل کےحل کیلئے اعلی سطح پربات چیت کی جائے گی اور کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی مو جودہ نگران صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود ملازمین اور درجہ چہارم مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ان مسائل کے حل کیلئے محکمہ صنعت و حرفت اور محکمہ لیبراینڈ مین پاور کو مزید فعال کریں گے ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات جان اچکزئی نے اپنے دفتر میں بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان اور آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے صدر سلطان خان کی قیادت میں ملازمین و مزدور رہنمائوں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔تعارفی سیشن کے بعد مزدور رہنمائوں نے نگران صوبائی وزیر اطلاعات کو محکمہ کیو ڈی اے اور محکمہ بی ڈی اے کے ملازمین کے مسائل کیو ڈی سے نکالے کئے گئے ملازمین کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی اس موقع پر بی ایل ایف کے سیکرٹری جنرل قاسم خان ،عابد بٹ، ملک وحید، جمیل کاسی و دیگر رہنما شریک تھے انہوں نے محکمہ بی ڈی اے ہیڈ آفس میں نیولی ریگولر ملازمین کی 20 روز سے جاری علامتی بھوک ہڑتال اور روزانہ احتجاج کے حوالے سے بتایا کہ محکمہ کی سرد مہری کی وجہ سے بی ڈی اے کے 650 ملازمین اور درجہ چہارم مزدور چھ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں غریب ملازمین کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ غریب ملازمین کے بچے فاقہ کشی کا شکارہیں اور وہ اس ہٹ دھرمی کیخلاف ریڈ زون میں دھرنے کی تیاری کررہے ہیں کیونکہ چھ ماہ سے نہ تنخواہیں دی جا رہی ہیں اور نہ  ہی  مسئلے کے حل کیلئے کو ئی پیش رفت ہورہی ہے۔ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے اس موقع پر نگران صوبائی وزیر جان اچکزئی نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کا حل حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ محدود وسائل میں تمام مسائل کے پائیدارحل کیلئے اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں۔انہوں نے وفد اور مزدوررہنمائوں کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ کیو ڈی اے اور محکمہ بی ڈی اے کے ملازمین کے مسائل گے حل کیلئے اعلی سطح پربات چیت کی جائے گی اور کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی  جائے کی جس پر وفد نے نگران صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا

پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم سب کے خلاف کارروائی ہورہی ہے: دفتر خارجہ



ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، صرف افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے اور ہمیشہ مخالف پروپیگنڈے میں مصروف رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کی فراہمی بھارتی حکومت کی ذمے داری ہے۔

ممتاز زہرا نے کہاکہ پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے خلاف نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال کے خلاف ہے۔ ہماری افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ہم غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ تبت میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے موقع پر پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہو گی جس میں دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ممتاز زہرا نے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

پاکستان سے 212 اشیا افغانستان لے جانے پر پابندی عائد



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت تجارت کی جانب سے افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت پاکستان کی 212 اشیا افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزارت تجارت کے مطابق 212 اشیا پاکستان کے راستے افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

وزارت تجارت کے مطابق جن اشیا کے افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں 17 اقسام کا کپڑا، گاڑیوں کے ٹائرز، چائے کی پتی، کاسمیٹکس اور ٹوائلٹ میں استعمال کی جانے والی درجنوں اقسام کی اشیا شامل ہیں۔

وزارت تجارت نے نٹس، خشک اور تازہ پھل، فریج، ریفریجریٹر، ایئر کنڈیشنر، جوسر، مکسر بلینڈر سمیت دیگر اشیا بھی افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کی ہے۔