Tag Archives: پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کا12 نومبر کو کراچی میں بڑے سیاسی پاور شو کا فیصلہ



کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے12 نومبر کو کراچی میں بڑے سیاسی پاور شو کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کابینہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں بارہ نومبر کو جلسے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کراچی کے اہم ذمہ داران، عہدیداران نے شرکت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی کابینہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کا عوامی پاور شو نومبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائیگا۔

کراچی کابینہ کی مشاورت سے جلسے کی تاریخ 12 نومبر اور مقام گلستان جوہر ملینیم مال طے کیا گیا۔اجلاس میں کابینہ اراکین نے جلسے کی اجازت کیلئے متعلقہ انتظامیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا اور کابینہ اراکین نے جلسے کی بھرپور کامیابی کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کے عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے، مخالف جماعتوں کا کراچی فتح کرنے کا خواب چکنا چور ہوگا۔

تاریخی جلسہ پی ٹی آئی کے سیاسی مخالفین کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت ہے،کراچی کے عوام تیار ہوجائیں مخالفین کو بتائیں کہ آپ اپنے حقیقی لیڈر چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، جبری حالات میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی اکیلے نہیں، کراچی کے عوام نے ہر مشکل حالات میں بھی تحریک انصاف کی ہر کال پر لبیک کہا ہے۔

اجلاس کی صدارت تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس روڈ پر ہمارا جلسہ نہ صرف پارٹی کے اندر اتحاد کا ایک شاندار مظاہرہ ہوگا بلکہ ہمارے لیے عوام سے جڑنے کا ایک موقع بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی شہر کے لیے تبدیلی، ترقی اور خوشحالی کا پیغام دینے کے لیے پرعزم ہے۔ہم کراچی کے لوگوں کی جانب سے زبردست ردعمل کے منتظر ہیں۔

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کراچی نے باضابطہ طور پر کمشنر کراچی کو ایک درخواست جمع کرائی ہے جس میں ہمارے آنے والے پروگرام کی اجازت طلب کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم مثبت جواب ملنے کیلئے پرامید ہیں، کیونکہ اسی طرح دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی الیکشن مہم کی اجازت دی گئی ہے، جنہوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

انصاف اور مساوی سلوک کے جذبے میں، ہم سمجھتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں، اس جمہوری عمل میں برابری کا میدان یقینی بنانا چاہیے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ اس جلسے میں ہزاروں پی ٹی آئی کے حامیوں، پارٹی ممبران اور متجسس شہریوں کی شرکت متوقع ہے جو کراچی اور قوم کے لیے پی ٹی آئی کے وژن کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔ کراچی شہر کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس عظیم الشان جلسہ میں دعوت دیتی ہے۔

وفاق کے بعد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا



اسلام آباد(این این آئی)وفاق کے بعد کشمیر میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا لگ گیا۔

مقامی رہنما پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔

بڑی تعداد میں پی ٹی آئی سمیت دیگرجماعتوں کے رہنما اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔

تقریب میں صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین،سابق صدر سردار یعقوب، سردار عنایت اللہ عارف سمیت قیادت شریک ہوئی۔

سردارجمیل اختر، ڈاکٹر ریاست، سردار زبیر، سردار حفیظ سمیت دیگر رہنمائوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

چوہدری یاسین اور سردار یعقوب نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو سب سے زیادہ نقصان چیئرمین پی ٹی آئی نے پہنچایا، جس کا انہیں خمیازہ بھتگنا پڑرہا ہے۔

بجلی بلوں پر ٹیکسز حکومت پاکستان ختم کرے۔پی پی رہنما سردار عنایت اللہ عارف نے کہاکہ پیپلزپارٹی ان رہنمائوں کی شمولیت سے مزید مضبوط ہوگی۔

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی بات کی اوران کے مسائل ایسے ہی حل کرتی رہے گی۔تقریب میں بڑی تعداد میں کشمیری رہنما اور ورکر بھی شریک تھے۔

پی ٹی آئی نے روپوش رہنمائوں کواہم ہدایات جاری کردیں



اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات کے لیے سیاسی حکمت عملی مرتب کر لی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انتخابی مہم کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات پہنچا دیں۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی پی ٹی آئی انتخابی مہم کا آغاز کردے گی۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ضلعی سطح پر ورکرز کنونشنز کروائے جائیں گے۔ روپوش رہنماؤں کو بھی ورکرز کنونشن کے لیے تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی روپوش رہنما بھی منظر عام پر آجائیں گے۔

عمران خان عارف علوی سے مکمل مایوس ہیں، علیمہ خان



چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان صدر مملکت عارف علوی سے مایوس ہیں کیوں کہ وہ آئینی کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان کے حوصلے بلند ہیں، قید میں ہونے کے باعث ان کا وزن کم ہو گیا ہے، جیل میں ان کی ورزش اور واک کے لیے جگہ نہیں ہے اور ہم نے اس معاملے پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی عارف علوی سے مایوسی کی وجہ سے یہ ہے کہ صدر مملکت 90 روز میں انتخابات کرانے کے حوالے سے اپنا اختیار استعمال نہیں کر سکے۔

علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان کو سائفر کیس میں لمبی سزا دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہو گی: عمران خان



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہو گی، سائفر کا مقدمہ کچھ لوگوں کو بچانے کے لیے ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے دوران اپنے وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل شفاف انتخابات میں ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان اس وقت سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث ان کا ٹرائل بھی جیل میں ہی کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے بڑامطالبہ کردیا



اسلام آباد(این این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے معاملہ پرتحریک انصاف نے کہا ہے کہ جیل ٹرائل کیلئے وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن فیئر ٹرائل کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق سائفر مقدمے کو خاص طرز پرچلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دستور کا آرٹیکل 10ـاے ہر شہری کو منصفانہ سماعت کا حق دیتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سائفر مقدمے میں بھی طے شدہ فیصلے کے مطابق ٹرائل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین اوروائس چیئرمین کے خلاف مقدمے کی کھلی عدالت میں سماعت کی جائے۔
پارٹی ترجمان نے چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا نوٹس لیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے نومبر میں الیکشن کی تجویز دے دی



اسلام آباد(این این آئی) پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ الیکشن 90دن میں کرانے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر ہے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو شعیب شاہین نے کہاکہ ہم الیکشن وقت پر کرانے کیلئے عدالتوں میں جاچکے ہیں،90دن میں الیکشن کرانے کیلئے ہم نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے تجویز دی کہ نومبر کے آخری ہفتے میں الیکشن کروالیں۔

باجوہ کی توسیع اور عمران خان کو ہٹاناڈیل تھی ،فیض حمید،ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے رابطہ کیا:سینیٹرمشتاق



اسلام آباد: جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کی توسیع کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن) اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید نے جماعت اسلامی سے رابطہ کیا تھا۔
ڈان ٹی وی کے پروگرام دوسرا رخ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نےکہا کہ پی ٹی آئی اورپی ڈی ایم حکومت میں کوئی زیادہ فرق نہیں تھا، دونوں اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرکے آئی تھیں ۔ آئی ایم ایف معامدہ، ٹیکسوں اور مہنگائی میں اضافہ، کرپشن کے الزامات اور آرمی چیف کی توسیع سمیت تمام معاملات میں یہ سب ایک تھے، ان کو اسٹیبلشمنٹ کا سکہ کہہ لیں یا امریکا کا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نکالنے کے لیے تحریک عدم اعتماد کا طریقہ توآئینی تھا لیکن اس کی کامیابی کے لیے جو مطلوبہ تعداد چاہیے تھی ، وہ کہاں سے آئی یہ سب کو پتا ہے،پہلے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کی گئی پھر قانونی طریقے سے عمران خان کو ہٹایا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی توسیع کے خلاف صرف میں کھل کرکھڑا رہا۔ میرے اوپر اس وقت بہت دباؤ ڈالا گیا، جنرل (ر) فیض حمید نے بھی مجھ سے رابطے کیے۔
مجھے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی بڑی لیڈر شپ نے بتایا کہ عمران خان نے اس وقت کے آرمی چیف کو توسیع کی آفر کی لیکن وہ ناکام ہوگیا، پھر ہم نے انہیں یقین دلایا کہ ہم یہ کام کرسکتے ہیں ۔
ڈاکٹر مشتاق کاکہناتھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) پر عائد ہوتی ہے۔
تینوں جماعتوں نے پارلیمنٹ کو ربر اسٹیمپ بنادیا ۔ ان جماعتوں کی وجہ پارلیمنٹ عوام کی امیدوں کا مرکز نہیں رہی ،یہ سینٹ کا اجلاس بلانے کی ہمت نہیں کر رہے ۔

سینیٹرمشتاق کاکہناتھا کہ 90 روز میں انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا تھا،اس مدت سے انحراف کے بعد کسی بھی وعدے پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا،
الیکشن کمیشن کے بیان کی کوئی قانونی حیثیت اس وجہ سے نہیں ہے کیونکہ انہوں نے پہلے ایک تاریخ دی، اب دوسر ی تاریخ دی ہے، کل کو تیسری تاریخ دے سکتے ہیں۔

رانا ثنا کا بیان چیئرمین پی ٹی آئی کے موقف کی تائید ہے ‘ ترجمان



لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے رانا ثنا اللہ کے سابق آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع اور تحریک انصاف کی منتخب حکومت کے خلاف سازش کے حوالے سے بیان کو رجیم چینج سازش کے مکروہ مقاصد اور اس میں ملوث کرداروں کے گھنائونے پن کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کے موقف کی تائید و توثیق قرار دیدیا ۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں منتخب جمہوری حکومت کے خلاف بند کمروں میں کی گئی سازش اور اس میں ملوث کرداروں کی حقیقت ہر زاویے سے قوم کے سامنے عیاں ہوچکی ہے۔

جمہوریت اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈالے جانے والے ڈاکے کی پوری تفصیلات خود سازش میں ملوث کردار کھول کھول کر قوم کے سامنے رکھ رہے ہیں، پی ڈی ایم حکومت کا وزیر دفاع برملا اعتراف کرچکا ہے کہ غیر جمہوری و غیرسیاسی عناصر ابتدا ء ہی سے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف تھے۔

ترجمان نے کہا کہ دی انٹرسیپٹ نے امریکہ میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے خفیہ مراسلے کا متن چھاپ کر رجیم چینج سازش میں کارفرما عوامل دنیا پر آشکار کئے۔

سابق وزیراعظم کے پرزور اصرار کے باوجود اس خفیہ مراسلے کی روشنی میں سازش کی اعلی سطحی عدالتی تحقیقات سے اجتناب کرکے سازشیوں اور سہولت کاروں کو بچانے کی کوشش کی گئی۔

ریاست اپنے ذمے قوم کا قرض ادا کرے اور دستور، جمہوریت، عوام کے مینڈیٹ اور معیشت و سیاست کو ذبح کرکے ملک کو بدترین بحرانوں کے سپرد کرنے والوں کے محاسبے کا اہتمام کرے۔