Tag Archives: انگلینڈ

دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ایک اور بدترین شسکت، سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل،پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھین لی



سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بدترین شکست سے دوچار کر کے سیمی فائنل کی دوڑ میں واپسی کرلی۔

بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے 25ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ سری لنکن بولنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور156 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔

157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ابتدائی دو وکٹیں بھی جلدی گرگئی تھیں تاہم نیسانکا اور سمارا وکرما کی ذمہ دارانہ اننگز نے سری لنکا کو ایونٹ میں دوسری فتح سے ہمکنار کرادیا، نیسانکا نے 77 رنز بنائے جبکہ سمارا وکرما نے 65 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں ناقابل شکست رہے، سری لنکا نے 26 ویں اوور میں ہدف حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

ایونٹ میں دوسری فتح کے ساتھ سری لنکا نے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھین لی ہے۔

بنگلورو میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ سری لنکن بولرز نے ابتدا سے ہی انگلش بلے بازوں کو دبائو میں رکھا۔

45 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ کے بعد انگلش ٹیم کی وکٹیں گرنا شروع ہوئیں اور85 سکور پر آدھی ٹیم پویلین جا چکی تھی۔

جونی بیرسٹو30 اور ڈیوڈ میلان 28 رنز بنا سکے۔ جوئے روٹ 3، بٹلر8، لیونگسٹن1،معین علی15 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے،کرکس ووکس بغیر کوئی رن بنائے ہی آئوٹ ہوگئے، بین سٹوکس بھی 43 رنز بنا کر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 2، کاسون راجیھیتا اور انجیلو میتھیوز نے 1, 1 وکٹ حاصل کی جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن

بنگلورو کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سری لنکا پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں پوزیشن پر پہنچ گیا جبکہ پاکستان پانچویں سے چھٹے نمبر پر چلا گیاہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقا 8 پوائنٹس اور +2.370 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس اور +1.481 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

سری لنکا 4 پوائنٹس اور 0.205- کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پانچویں اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.400- نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلا گیا ہے۔ افغانستان ساتویں، بنگلا دیش آٹھویں، انگلینڈ نویں اور نیدرلینڈز دسویں نمبر پر ہے۔

انگلینڈ ورلڈ کپ 2023 میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکا ہے۔ لیگ مرحلے میں چار شکستوں کے بعد  انگلینڈ کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں کافی حد تک ختم ہوگئی ہیں

انگلینڈ کے لئے ورلڈ کپ میں مارو یا مرو جیسی صورتحال



دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے لئے ورلڈ کپ میں مارو یا مرو جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔
بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی انگلینڈ کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہورہی ہے۔ نیوزی لینڈ افغانستان اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلش ٹیم کے پاس ٹورنامنٹ میں واپسی کے راستے ناممکن تو نہیں لیکن انتہائی مشکل ضرور ہو گئے ہیں۔
افغانستان جیسی کمزور ٹیم سے شکست کے بعد انگلش ٹیم کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب جنوبی افریقہ نے اسے 229 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی ۔ یہ اب تک رنز کے اعتبار سے انگلینڈ کی سب سے بدترین شکست ہے۔
جنوبی افریقہ سے شکست کے بعدانگلش ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن پر آگئی ہے۔ سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں شامل رہنے کے لئے انگلینڈ کو سری لنکا، بھارت، پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف لازمی فتح درکار ہے، ایک بھی شکست انگلش ٹیم کو ٹورنامنٹ سے آئوٹ کردے گی۔
دوسری طرف انگلینڈ ٹیم اپنے اہم فاسٹ بولر سے بھی محروم ہوگئی ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر ریسے ٹوپلی انگلی میں فریکچر کی وجہ سے ورلڈکپ کے دیگر میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
ٹوپلی کوجنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران انگلی میں چوٹ لگی تھی

ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کوفیورٹ قرار دیاجا رہاتھا لیکن پے درپے شکستوں کے بعد انگلش ٹیم بددلی کاشکارنظرآتی ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: افغانستان کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل دلچسپ



کرکٹ کے عالمی مقابلے میں افغانستان کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل دلچسپ ہو گیا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں افغانستان نے یہ دوسری فتح حاصل کی ہے، اس سے قبل افغانستان کی ٹیم نے 2015 میں نیوزی لینڈ میں اسکاٹ لینڈ کو ہرایا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت بھارت کی ٹیم پہلے نمبر پر براجمان ہے جس کے 6 پوائنٹس ہیں، بھارتی ٹیم نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں فتح حاصل کی ہے۔

دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کی ٹیم ہے۔ اس نے بھی 3 میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں فتح سمیٹی ہے۔

تیسری پوزیشن پر اس وقت جنوبی افریقہ کی ٹیم ہے جس کے 4 پوائنٹس ہیں اور اس نے 2 میچ کھیل کر دونوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی ٹیم کا چوتھا نمبر ہے، جس نے 3 میچ کھیلے اور 2 میں کامیابی حاصل کی اور ایک میں شکست ہوئی۔

انگلینڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر، افغانستان چھٹے، بنگلا دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، نیدر لینڈ نویں اور آسٹریلیا دسویں نمبر پر ہے۔

ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ: افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کوشکست دے دی



افغانستان نے کرکٹ ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سےشکست دے دی اورجیت کا ایسا جشن منایا کہ چند منٹوں میں جشن کی تصاویر اور ویڈیوز دنیا بھر میں وائرل ہوگئیں، آج ہونے والے میچ میں افغانستان  نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 285 رنز کا ہدف دیا تھاجس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

افغانستان کے خلاف انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی، انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ افغان بائولرز نے انگلینڈ کو شروع سے ہی دبائو میں رکھا،3 کے سکور پر ہی جونی بیرسٹو فضل حق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے،33 کے سکور پر مجیب الرحمان نے جوئے روٹ کو بولڈ کردیا۔68 کے سکور پر ڈیوڈ ملان بھی 32 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے،91 کے سکور پر جوز بٹلر کو نوین الحق نے بولڈ کردیا،بٹلر صرف9 رنز بناسکے،117 کے سکور پر راشد خان نے لیونگسٹن کو راشد خان نے آئوٹ کیا تو انگلینڈ کی آدھی ٹیم پویلین جا چکی تھی۔

138 کے سکور پرمحمد نبی نے اپنی ٹیم کو چھٹی وکٹ بھی دلوادی،160 رنز پر کرس ووکرز کو مجیب نے بولڈ کردیا،سکور 169 پر پہنچا تو ہیری بروک بھی 60 رنز بنانے کے بعد ٹیم کاساتھ چھوڑ گئے، عادل رشید بھی 20 رنز بنانے کے بعد محمد نبی کو وکٹ دے بیٹھے، مارک ووڈ کو راشد خان نے بولڈ کیا تو انگلینڈ کی اننگز215 رنز پر تمام ہوچکی تھی۔

یہ افغانستان کی ورلڈکپ کی تاریخ میں دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل افغانستان نے ورلڈ کپ میں 17 میچز کھیلے تھے جن میں سے  16 میں شکست ہوئی اور صرف ایک میں کامیابی ملی تھی۔

آج کے میچ میں افغانستان کی طرف سے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی  جبکہ ابراہیم زدران نے 28 رنز بنائے، اکرام الخیل نے 58 رنز، مجیب الرحمان 28 رنز اور راشد خان 23 رنز بناکرٹیم کو ایک اچھا سکور بنانے میں مدد فراہم کی۔

انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتھا۔

دفاعی چمپیئن انگلینڈ کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست



دھرم شالہ : انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2023 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد اپنے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دیدی ، انگلینڈ کے364 رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی 227رنز پر ڈھیر ہوگئی ، انگلش بیٹرڈیوڈ ملان نے 107 گیندوں پر16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔ بھارت کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلینڈ کے اوپنرز نے شکیب الحسن کے فیصلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز جوڑ دئیے۔ جونی بیئر اسٹو آئوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے تاہم اوپنر ڈیوڈ ملان اور تجربہ کار جو روٹ نے ایک اور طویل شراکت کرتے ہوئے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کی۔ جوروٹ نے بھی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا، ان کی اننگز 68 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 82 رنز پر مشتمل تھی۔
365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی پہلی وکٹ دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر گری جب تنزید حسن 14 رنز بناکر ریس ٹوپلے کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے اس کی اگلی ہی گیند پر ٹوپلے نے ہی مہیدی حسن کو صفر رنز پر پویلین بھیج دیا۔ بنگلادیش کی تیسری وکٹ بھی ٹوپلے کے ہی حصے میں آئی جب انہوں نے صرف 26 رنز پر ہی کپتان شکیب الحسن کو پویلین بھیج دیا اس کے بعد مہیدی حسن میراز بھی 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ لٹن داس 76 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ مشفیق الرحیم 51 اور توحید ردوئے 39 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ تسکین احمد 13 اور شریف الاسلام نے 12 رنز بنائے۔تاہم 365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 48.2 اوورز میں227 رنز پر آئوٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے میچ 137 رنز سے سے جیت لیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو 283 رنز کا ہدف



ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز بھارت میں ہو گیا ہے، آج کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 282 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی پہلی وکٹ 14 رنز پر گری جب ڈیوڈ ملان آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد جونی بیرسٹو 33، ہیری بروک 25، معین علی 11 اور کپتان جوز بٹلر 43 رنز بناکر پویلین چلے گئے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ میچ کے لیے اچھی تیاری کی ہے، دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیت جاتے تو بولنگ ہی کرتے، میچ میں اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ کل نیدر لینڈ میں کھیلے گی، جس کے لیے آج بھرپور پریکٹس سیشن ہو گا۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا عمل مکمل



قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری انگلینڈ میں ہوئی ہے۔ اب نسیم شاہ 4 سے 6 ہفتوں تک آرام کریں گے اور پھر ری ہیب مکمل کرنے کے بعد بولنگ شروع کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کو ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی تکلیف ہو گئی تھی۔ جس کے بعد ماہر ڈاکٹروں نے ان کے کندھے کی سرجری تجویز کی تھی اور یوں وہ ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے۔

اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔