Tag Archives: سری لنکا

دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ایک اور بدترین شسکت، سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل،پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھین لی



سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بدترین شکست سے دوچار کر کے سیمی فائنل کی دوڑ میں واپسی کرلی۔

بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے 25ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ سری لنکن بولنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور156 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔

157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ابتدائی دو وکٹیں بھی جلدی گرگئی تھیں تاہم نیسانکا اور سمارا وکرما کی ذمہ دارانہ اننگز نے سری لنکا کو ایونٹ میں دوسری فتح سے ہمکنار کرادیا، نیسانکا نے 77 رنز بنائے جبکہ سمارا وکرما نے 65 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں ناقابل شکست رہے، سری لنکا نے 26 ویں اوور میں ہدف حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

ایونٹ میں دوسری فتح کے ساتھ سری لنکا نے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھین لی ہے۔

بنگلورو میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ سری لنکن بولرز نے ابتدا سے ہی انگلش بلے بازوں کو دبائو میں رکھا۔

45 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ کے بعد انگلش ٹیم کی وکٹیں گرنا شروع ہوئیں اور85 سکور پر آدھی ٹیم پویلین جا چکی تھی۔

جونی بیرسٹو30 اور ڈیوڈ میلان 28 رنز بنا سکے۔ جوئے روٹ 3، بٹلر8، لیونگسٹن1،معین علی15 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے،کرکس ووکس بغیر کوئی رن بنائے ہی آئوٹ ہوگئے، بین سٹوکس بھی 43 رنز بنا کر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 2، کاسون راجیھیتا اور انجیلو میتھیوز نے 1, 1 وکٹ حاصل کی جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن

بنگلورو کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سری لنکا پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں پوزیشن پر پہنچ گیا جبکہ پاکستان پانچویں سے چھٹے نمبر پر چلا گیاہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقا 8 پوائنٹس اور +2.370 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس اور +1.481 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

سری لنکا 4 پوائنٹس اور 0.205- کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پانچویں اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.400- نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلا گیا ہے۔ افغانستان ساتویں، بنگلا دیش آٹھویں، انگلینڈ نویں اور نیدرلینڈز دسویں نمبر پر ہے۔

انگلینڈ ورلڈ کپ 2023 میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکا ہے۔ لیگ مرحلے میں چار شکستوں کے بعد  انگلینڈ کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں کافی حد تک ختم ہوگئی ہیں

ورلڈکپ میں سری لنکا کی پہلی فتح، نیدر لینڈ کو5 وکٹوں سے شکست دے دی



 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 19ویں میچ میں سری لنکا نے  نیدر لینڈ کو شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کر لی تاہم پہلی کامیابی کے باوجود سری لنکا کی پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن ہے۔

سری لنکا اور نیدر لینڈ کا میچ بھارتی شہر لکھنئو کے اکانا سپورٹس سٹی میں کھیلا گیا۔ نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے 263 رنز کا ٹارگٹ دیا جسے سری لنکا نے 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

نیدر لینڈ کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 262 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ہدف ک تعاقب میں سری لنکا کی پہلی تین وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم قدرے دبائو میں آگئی تاہم اس کے بعدسدیرا سمارا وکرما کی91 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکن ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔اسالانکا نے بھی44 رنز بنائے جبکہ اوپنرنیسانکا54 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں ڈی سلوا نے بھی 30 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ ایونٹ میں سری لنکا کی پہلی فتح ہے اس سے قبل سری لنکن ٹیم اپنے تینوں میچز میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔ سری لنکن ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں چار میچز کھیل چکی ہے جن میں سے صرف ایک میچ جیت سکی جبکہ نیدر لینڈ کی ٹیم بھی چار میچز میں سے صرف ایک میچ ہی جیت سکی ہے جب انہوں نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔

ورلڈ کپ: سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست، آسٹریلیا کو پہلی کامیابی مل گئی



سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست کے بعد آسٹریلیا کو ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی مل گئی۔

لکھنئو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 14 ویں میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 209 رنز بنائے ،  آسٹریلیا نے پانچ وکٹوں ۔کے نقصان پر 35.2 اوورز میں ہدف پورا کر لیا۔

سری لنکن اوپنرز کی جانب سے 125 رنز کا شاندار آغاز فراہم کرنے کے باوجود سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 209 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کے 8 بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن رہا اور چوتھے اوور میں ہی 24 رنز کے مجموعی اسکور پر دو وکٹیں گر گئیں،چوتھے اوور میں 24 رنز کے مجموعی اسکور پر دلشان مدوشناکا نے آسٹریلیا کے دو بلے بازوں کو  پویلین کی راہ دکھا دی۔ ڈیوڈ وارنر 11 اور اسٹیون اسمتھ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پندرہویں اوور میں 81 کے مجموعی اسکور پر مچل مارش 52 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ 29 ویں اوور میں 158 کے مجموعی اسکور پر مارنوس لبوشین 40 رنز بنا کر مادھو شناکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 34 ویں اوور میں جوش انگلس 58 رنز بناکر دونیتھ ویلالگے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، چھٹی وکٹ کی پارٹنر شپ نے آسٹریلیا کو کامیابی دلوا دی۔

آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے 4، مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 2، 2 جبکہ  گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔