Tag Archives: محمد رضوان

بھارتی وکیل نے زینب عباس کے بعد محمد رضوان کو نشانے پر رکھ لیا



پاکستان کی خاتون اسپورٹس جرنلسٹ زینب عباس کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے بھارتی وکیل وینیت جندال نے اب پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔

محمد رضوان کی جانب سے نیندرلینڈ کیخلاف میچ کے دوران گرائونڈ میں نماز ادا کرنے پر وینیت جندال نے آئی سی سی کو شکایت کر دی ہے۔

بھارتی وکیل کی جانب سے آئی سی سی کو لکھی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم میں نماز کی ادائیگی کھیل کی روح کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضوابط کے بھی منافی ہے۔

بھارتی وکیل نے مزید کہا ہے کہ رضوان کی جانب سے اسٹیڈیم میں نماز کی ادائیگی کے باعث کھیل کی روح کو شکست ہوئی ہے، رضوان کی جانب سے اُس وقت نماز ادا کی گئی جب دوسرے کھلاڑیوں کو وقفے کے دوران پانی کا انتظار تھا۔

جندال نے یہ بھی کہا ہے کہ محمد رضوان نے سری لنکا کیخلاف اپنی جیت کو غزہ کے نام کیا، اس سے بھی ان کے نظریات واضح ہوتے ہیں، اس کے علاوہ وہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھی اسٹیڈیم میں نماز کی ادائیگی کر چکے ہیں۔

بھارتی وکیل کی جانب سے آئی سی سی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

غزہ کی حمایت میں محمد رضوان کی پوسٹ، اسرائیل نے بیان جاری کر دیا



پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے غزہ کی حمایت میں کیے گئے ٹوئٹ پر اسرائیل بھڑک اٹھا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست پر اسرائیل کی جانب سے بھی ایکس پر ایک پوسٹ کی گئی جس میں بھارت کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔

اسرائیلی اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ میں بھارتی شائقین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے جنہوں نے اسرائیل کی حمایت کی، اس میں ایک بھارتی مداح کی تصویر بھی پوسٹ کی گئی ہے جو اسرائیل کا جھنڈا اٹھائے اسٹیڈیم میں آیا۔

پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر بھارتی دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ٹوئٹ میں محمد رضوان پر طنز کرتے ہوئے لکھا گیا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف فتح حاصل کر لی جس پر پاکستان اپنی جیت حماس کے نام کرنے قابل نہ ہو سکا۔

واضح رہے کہ محمد رضوان نے اس سے قبل سری لنکا سے میچ جیتنے پر فتح کو غزہ کے نام کیا تھا۔

کرکٹ ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹاکرے سے قبل محمد رضوان کے بھارتی میڈیا پر چرچے



کرکٹ کے عالمی مقابلے کا انتہائی اہم میچ پاک بھارت ٹاکرا کل ہونے جا رہا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھارتی بولرز کا سامنا کرنے کے لیے نئی تکنیک اپنا لی ہے جس کے بھارتی میڈیا پر چرچے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے پریکٹس سیشن کے دوران نیٹ میں ایک گھنٹے تک کلدیپ یادیو کی طرح لیفٹ آرم اسپنر کا سامنا کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کر رہا ہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے پریکٹس کی ہے اور اس دوران ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے حکمت عملی بتائی۔

قومی ٹیم نے کل بھارت کا سامنا کرنے کے لیے بھرپور پریکٹس کی ہے، پاک بھارت ٹاکرا کل 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمدآباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ہو گا۔

محمد رضوان کی غزہ سے متعلق ٹوئٹ، آئی سی سی کا موقف بھی سامنے آ گیا



پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے کی گئی حالیہ ٹوئٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

قومی ٹیم کے بیٹر نے ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا کے خلاف جیت کو غزہ بہن بھائیوں کے نام کرتے ہوئے ٹوئٹ کی تھی۔

محمد رضوان کے ٹوئٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث شروع ہو گئی تھی۔ بھارت کے اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتان نے پر آئی سی سی سے سوال بھی کر دیا تھا۔

اب آئی سی سی کے ترجمان نے اس پر اپنا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

فلسطینی بچوں کی حمایت:بھارتی میڈیا نے رضوان کے خلاف زہراگلنا شروع کردیا



فلسطینی بچوں کی حمایت پربھارتی میڈیا نے پاکستانی بلے باز محمد رضوان کے خلاف زہراگلنا شروع کردیا۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آٹھویں میچ میں محمد رضوان 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ تاریخی فتح کے مرد میدان نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کوغزہ کے مظلوم فلسطینی بچوں کے نام کیا تھا۔

محمد رضوان کی فلسطینی بچوں سے ہمدردی بھارتی میڈیا کوبالکل بھی ہضم نہ ہوئی۔  بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے محمد رضوان کی ٹوٹ سوشل میڈیا پرشیئرکرتے ہوئے اسے آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی قراردیا۔


بھارتی صحافی نے محمد رضوان کے عمل کو سیاست مذہبی عقائد کے پرچار کارنگ دینے کی بھی کوشش کی۔ وکرانت گپتا نے 2019 کے ورلڈ کپ میں دھونی کے گلائوزتبدیل کرنے کاواقعہ بھی یاد کرایا۔ بھارتی صحافی یہ بھول گئے کہ رضوان نے کسی فوجی یامذہبی سلوگن کااستعمال نہیں کیا بلکہ اپنی جیت مظلوم بچوں کے نام کی جو دنیا بھرمیں ایک روایت ہے۔ کھلاڑی اپنی فتح آئے روز کسی کے نام کررہے ہیں ہوتے ہیں لیکن بھارتی میڈیا پاکستان دشمنی میں تمام قوانین بھول جاتاہے

محمد رضوان نے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ فلسطینیوں کے نام کردیا



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پاک سری لنکا میچ میں ملنے والا اپنا پلیئر آف دی میچ ایوارڈ فلسطینیوں کے نام کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر انکے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ‘میرا پلیئر آف دی میچ ایوارڈ غزہ میں موجود بھائیوں اور بہنوں کے نام۔’

تکلیف میں مبتلا رضوان نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں



حیدرآباد دکن: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رضوان نے سری لنکا کے خلاف جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیااور قوم کے چہروں پرخوشیاں بکھیر دیں ۔ محمد رضوان 80 رنز بنانے کے بعد ٹانگ کی تکلیف میں مبتلا رہے جس کی وجہ سے انہیں بھاگنے میں مشکلات کا سامنا رہا، محمد رضوان میچ کے دوران کئی مرتبہ وکٹ پرگرتے بھی رہے لیکن اس کے باوجود اپنے بیٹ سے ٹیم کی جیت کے لئے اہم مرحلے پر کلیدی کردار ادا کیا۔

رضوان جب بلے بازی کے لئے آئے تو بابراعظم اورامام الحق آئوٹ ہوچکے تھے اور ٹیم دبائو میں تھی اس موقع پررضوان نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کرعمدہ شراکت قائم کی۔ عبداللہ شفیق 113 رنز بناکرآئوٹ ہوئے تو رضوان نے سعودشکیل کے ساتھ مل کرٹیم کاسکور مزیدآگے بڑھاتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی ۔رضوان نے 121 گیندوں کاسامنا کرتے ہوئے 131 رنزبنائے اور ناٹ آئوٹ رہے ۔ رضوان کی اننگزمیں 8 چوکے اور3 شاندارچھکے بھی شامل تھے ۔

سعود نے محنت اور فٹنس برقرار رکھی تو یہ پاکستان کا اسٹار ہوگا، محمد رضوان



حیدر آباد (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ سعود شکیل آنے والے دنوں کا اسٹار ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز سے 81 رنز سے فتح حاصل کرنے کے بعد پی سی بی نے اس میچ کے دو ٹاپ اسکورر رضوان اور مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کی ویڈیو جاری کی ہے۔

ویڈیو میں محمد رضوان نے کہا کہ بڑے ایونٹ میں شروعات اچھی ہونی چاہیے، اس طرح کے ایونٹ میں آنے والے مراحل مشکل ہوتے جاتے ہیں،ورلڈکپ کا ایک الگ پریشر ہوتا ہے، جب کسی ٹیم کو جیت ملتی ہے تو ان کا اعتماد ہی الگ ہوتا ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ یہ جیت ہمارے لیے بڑی ضروری تھی، یہ کانفیڈنس ہمیں آگے آنے والے میچز میں کافی کام آئے گا، مجھے جہاں رنز بنانے کا موقع ملتا ہے وہاں رنز بنانے کی کوشش کرتا ہوں، پھر چاہے وہ پہلی گیند ہو یا دوسری اس کی ٹینشن نہیں لیتا۔وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ سب کے ذہن میں یہ بات تھی کہ ابھی ہمارا ٹاپ آرڈر پرفارم نہیں کر رہا۔

پچھلے ایک دو سالوں سے ٹاپ آرڈر کی پرفارمنس کی وجہ سے نمبر ون بنے تھے، جو لوگ کہتے تھے کہ ہمارا مڈل آرڈر پرفارم نہیں کر رہا تو شاید اللہ تعالی نے یہ ٹیسٹ کرنا تھا مڈل ارڈر کو۔سعود شکیل سے متعلق رضوان نے کہا کہ سعود جس محنت سے آیا ہے وہ اپنی محنت اور فٹنس کو برقرار رکھے گا تو آنے والے دنوں میں پاکستان کا اسٹار ہوگا۔

سعود کی گیم سے اویئرنس مجھے اچھا لگا، جیسے سعود نے آف اسپنر کو نکل کر چوکا مارا اس کو دیکھ کر لگا کہ سعود کی گیم اویئرنس بھی اچھی ہے۔مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ میں جھوٹ نہیں بولوں گا، تھوڑا نروس تھا، جب میچ شروع ہوجاتا ہے اور آپ میدان میں جاتے ہیں تو پھر سب چیزیں بھول جاتے ہیں۔

جب آپ کے اوپر جلدی وکٹ گر جاتی ہیں تو پریشر تو ہوتا ہے، میری کوشش تھی کہ پازیٹو کرکٹ کھیلوں۔سعود نے کہا کہ دو چار مہینے سے اپنے اسکلز پر کام کر رہا تھا، کوشش تھی کہ وہ اسکلز گراؤنڈ میں جا کر دہراؤں، کافی خوش ہوں کہ جن اسکلز پر کام کیا وہ ویسے ہو رہا ہے،زیادہ کام ذہنی طور پر تیار ہونا ہوتا ہے کہ آپ ذہنی طور پر چیزوں کو کیسے لیتے ہیں۔انہوں نے کہا رضوان سینئر پلیئر ہیں، ان سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ورلڈ کپ: نسیم شاہ کی عدم موجودگی قومی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا قرار



کرکٹ کے عالمی مقابلے کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی عدم موجودگی کو پاکستان کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اسکاٹ اسٹائرس نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نسیم شاہ کی کمی سوچ سے بھی زیادہ محسوس ہو گی۔

قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بیٹنگ کا انحصار کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان پر ہو گا کیوں کہ فخر زمان کبھی کبھار پرفارم کرتے ہیں۔

اسکاٹ اسٹائرس نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کی میچوں میں فتح کے لیے ضروری ہو گا کہ چوتھے سے چھٹے نمبروں تک بیٹرز بہترین کارکردگی دکھائیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ انجرڈ ہونے کے باعث ورلڈکپ سے باہر ہو گئے ہیں اور اس وقت لندن میں زیر علاج ہیں جہاں ان کے کندھے کی سرجری کی گئی ہے۔

کیویز کے خلاف میچ کیوں ہارے؟ محمد رضوان نے وجہ بتا دی



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا بیان سامنے آ گیا ہے۔

محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کیویز کے خلاف میچ میں کئی تبدیلیاں کی گئی تھیں جس کی وجہ سے وہ نتائج نہیں مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ اصل میں وارم اپ میچ میں لڑکوں کو موقع دیا گیا تھا تاکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

محمد رضوان نے اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہماری فیلڈنگ خراب تھی، ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، افتخار احمد کے اوورز نہ ہونے کا بھی بہت فرق پڑا۔