Tag Archives: پاک بھارت ٹاکرا

پاک بھارت ٹاکرا: سلمان خان کی فلمی اسٹائل میں بھارتی ٹیم کی حمایت



بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار سلمان خان کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بھارتی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے میدان میں آ گئے ہیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم مقابلے پاک بھارت ٹاکرے پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔

پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آج دن ڈیڑھ بجے احمدآباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے بھارتی ٹیم کی سپورٹ کی ہے اور وہ اپنی نئی آنے والی میگا تھرلر فلم ‘ٹائیگر 3′ کے روپ میں نظر آرہے ہیں۔

سلمان خان نے اپنی ویڈیو میں بھارتی کرکٹرز کو ٹائیگرز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگاتار 7 جیت کے بعد بھی آٹھویں بار کانٹے کی ٹکر ہو گی۔

بالی ووڈ اسٹار کہتے ہیں کہ پورے بھارت کو اپنی ٹیم کی آٹھویں جیت کا انتظار ہے۔

سلمان خان ویڈیو میں اپنی فلم کا ڈائیلاگ دہراتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب تک ٹائیگر مرا نہیں تب تک ٹائیگر ہارا نہیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹاکرے سے قبل محمد رضوان کے بھارتی میڈیا پر چرچے



کرکٹ کے عالمی مقابلے کا انتہائی اہم میچ پاک بھارت ٹاکرا کل ہونے جا رہا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھارتی بولرز کا سامنا کرنے کے لیے نئی تکنیک اپنا لی ہے جس کے بھارتی میڈیا پر چرچے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے پریکٹس سیشن کے دوران نیٹ میں ایک گھنٹے تک کلدیپ یادیو کی طرح لیفٹ آرم اسپنر کا سامنا کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کر رہا ہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے پریکٹس کی ہے اور اس دوران ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے حکمت عملی بتائی۔

قومی ٹیم نے کل بھارت کا سامنا کرنے کے لیے بھرپور پریکٹس کی ہے، پاک بھارت ٹاکرا کل 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمدآباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ہو گا۔

ورلڈ کپ: فاسٹ بولر احسان اللہ کی پاک بھارت میچ کے حوالے سے اہم پیشگوئی



پاکستان کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے پیش گوئی کی ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں کل ہونے والا پاک بھارت میچ پاکستان باآسانی جیت جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں احسان اللہ نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف تاریخی کامیابی پر مجھے خوشی ہوئی ہے، ہماری ٹیم سب کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر آئے تو یہ بہت ہی مزے کی بات ہو گی۔

احسان اللہ نے کہا کہ حارث رؤف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں اور اچھی بولنگ کرتے ہیں۔ کبھی کبھار خراب دن آ جاتا ہے۔ کل ہونے والا بھارت کے خلاف میچ ہم یکطرفہ جیت جائیں گے۔

یاد رہے کہ فاسٹ بولر احسان اللہ انجری کے باعث سرجری کی وجہ سے ان دنوں کرکٹ سے دور ہیں۔

پاک بھارت ٹاکرا: ذکا اشرف قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے بھارت پہنچ گئے



پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کرکٹ ورلڈ کپ کا اہم میچ پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے انڈیا پہنچ گئے ہیں۔

ذکا اشرف قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے بھارت پہنچے ہیں، ذکا اشرف 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیدیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا اہم میچ دیکھیں گے۔

اس کے علاوہ ذکا اشرف اپنے دورے کے دوران سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ اور دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بھارت روانگی سے قبل اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے بھارت جا رہا ہوں، انہوں نے قومی ٹیم کو پیغام دیا کہ بھارت کے خلاف بے خوف ہو کر کھیلیں۔

ذکا اشرف نے کہا کہ شائقین کرکٹ اور صحافیوں کو ویزے نہ ملنے پر میں نے بھارت جانے کا ارادہ ترک کر دیا تھا مگر اب معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی صحافیوں کو ویزے حاصل کرنے کے لیے پاسپورٹ جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: شاہد آفریدی نے بابراعظم سے امیدیں وابستہ کر لیں



قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل قومی کپتان بابر اعظم سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں جیت پر میں نے بابر اعظم کو مبارکباد دی ہے اور اعتماد دیا ہے کہ وہ میچ ونر کھلاڑی ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہاکہ قومی کپتان بابراعظم آئندہ آنے والے میچوں میں ضرور پرفارم کریں گے۔

سابق کپتان نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف میچ میں قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا لیکن بابر اعظم ورلڈ کپ کے بڑے میچوں میں پاکستان کے لیے سینچری بنائے گا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 14 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندرامودی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی سورمائوں کا سامنا کرے گی۔