میسی نے آٹھویں بار فٹ بال کا سب سے بڑا ایوارڈ اپنے نام کرلیا



عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرلیونل میسی نے ریکارڈ 8ویں بار دنیائے فٹبال کا سب سے بڑا انفرادی ایوارڈ بالون ڈی اور اپنے نام کیا، اس دوڑ میں ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ دوسرے جبکہ فرانسیسی کھلاڑی کیلین ایمباپے تیسرے نمبر پر رہے۔

فٹ بال کے بہترین کھلاڑیوں کو یہ اعزازات فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ تقریب کے دوران عطا کئے گئے ۔

لیونل میسی کو ارجنٹینا کی جانب سے فیفا ورلڈکپ جیتنے اور کلب سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے 2 ٹرافیز جیتنے پر ’بالون ڈی اور‘ کے اعزاز سے نوازا گیا، جس کے ساتھ ہی وہ سب سے زیادہ 8 ’بالون ڈی اور‘ ایوارڈز اپنے نام کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں، ان کے حریف کرسٹیانو رونالڈو 5 ’بالون ڈی اور‘ ایوارڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

معروف سابق فٹبالر ڈیوڈ بیکہم نے لیونل میسی کو ’بالون ڈی اور‘ کی ٹرافی دی، اس موقع پر میسی نے اپنی فیملی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اس اعزاز کو ارجنٹینا کے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے نام کیا۔

بہترین گول کیپر

سال کے بہترین گول کیپر کا اعزاز ارجنٹینا کے ایمی مارٹینز نے اپنے نام کیا۔ سال میں بہترین کارکردگی دکھانے والے گول کیپر کو یاشن ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

بہترین نوجوان کھلاڑی

سال کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا کوپا ایوارڈ انگلینڈ اور ریال میڈریڈ کے کھلاڑی جوڈ بیلنگہم کے نام رہا۔ وہ رواں سیزن ہی ریال میڈریڈ کے لیے سائن ہوئے ہیں جہاں وہ ٹیم کے لیے بہترین کھیل پیش کررہے ہیں۔ کوپا ٹرافی اس بہترین نوجوان کھلاڑی کو دی جاتی ہے جس کی عمر 21 سال سے کم ہو۔

گرڈ مولر ایوارڈ

سال کے بہترین اسٹرائیکر کا گرڈ مولر ایوارڈ مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے نام کیا۔ گزشتہ کلب سیزن میں ایرلنگ ہالینڈ کی جانب سے اسکور کیے گئے ریکارڈ 56 گولز نے مانچسٹر سٹی کو چیمپیئنز لیگ، پریمیئر لیگ اور ایف اے کپ (ٹریبل) جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

سوکریٹس ایوارڈ

یہ ایوارڈ برازیل اور ریال میڈریڈ کے ونیشیئش جونیئر نے اپنے نام کیا۔ برازیلی فٹبالر کے نام سے منسوب سوکریٹس ایوارڈ انسانی حقوق کے حوالے سے آواز اٹھانے والے کھلاڑی کو سراہنے کے لیے دیا جاتا ہے۔

سال کے بہترین کلبز

مانچسٹر سٹی نے مسلسل دوسری بار سال کی بہترین کلب ٹیم ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ مانچسٹر سٹی کلب سیزن 23-2022ء میں ٹریبل جیتنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہے جبکہ بالون ڈی اور کی دوڑ میں شامل ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں مانچسٹر سٹی کے 5 کھلاڑیوں کے نام شامل تھے۔

خواتین کی بہترین کلب فٹبال ٹیم بارسلونا رہی۔

بالون ڈی اور

سال کے بہترین مرد فٹبالر کا اعزاز جہاں لیونل میسی نے حاصل کیا وہیں سال کی بہترین خاتون فٹبالر کا ’بالون ڈی اور‘ ہسپانوی کھلاڑی ایتینا بونمتی کے نام رہا۔

لیونل میسی کی طرح وہ بھی اسپین کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ جیت چکی ہیں جبکہ وہ فٹبال کلب بارسلونا سے بھی منسلک ہیں جہاں انہوں نے سال بھر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بھارت نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ایونٹ روکنے کے لئے پروپیگنڈا شروع کردیا



بھارت نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا پاکستان میں انعقاد روکنے کے لئے پروپیگنڈا شروع کردیا۔

یہ پہلا موقع  نہیں جب بھارت نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہو، بھارت ہمیشہ سے پاکستان دشمنی میں کھیلوں پر بھی اثر انداز ہوتارہاہے۔

رواں برس بھارت نے اپنی ٹیم ایشیا کپ کیلیے پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کردیا تھا جس پرایشیا کپ کے سارے میچز پاکستان میں منعقد نہیں ہوسکے، بھارت کی اس ہٹ دھرمی کے نتیجے میں پی سی بی نے  ہائبرڈ ماڈل  کے تحت 4 میچز کی میزبانی کی اور دیگر میچز سری لنکا میں منعقد ہوئے ۔

بھارتی ٹیم نے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے اور ٹرافی بھی اپنے نام کی ۔

اب پاکستان کو 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی  ہے، بھارتی میڈیا نے ابھی سے ہی یہ پروپیگنڈا شروع کردیا ہے  کہ حکومت اور بی سی سی آئی ٹیم کو پاکستان نہیں بھیجے گی۔

اس کے ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ آئی سی سی اس ایونٹ کیلیے نیوٹرل وینیو  کا انتخاب کرے، اس صورت  میں سری لنکا اور متحدہ عرب امارات میں سے کسی ایک ملک میں یہ ٹورنامنٹ منعقد ہوسکتا ہے۔

 

 

حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی



وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی، اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ نگران وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ فی الحال روک دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا ، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا، نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 25 سے 90 مکعب میٹر تک گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے قیمت نہیں بڑھائی گئی تاہم پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے فکس چارجز 10 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کردیئے گئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا جبکہ ماہانہ 25 مکعب میٹر کے صارفین کیلئے قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور ماہانہ 60 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 300 سے بڑھ کر 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

 ماہانہ 100 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 400 سے بڑھا کر 1000روپے، ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 600 سے بڑھا کر 1200 روپے اور ماہانہ 200 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 800 سے بڑھا کر 1600 روپے ، ماہانہ 300 مکعب میٹر استعمال پر 1100 سے بڑھ کر 3000 روپے، ماہانہ 400 مکعب میٹر استعمال پر قیمت 2000 سے بڑھا کر 3500 روپے اور 400 مکعب میٹر سے زائد استعمال پر قیمت 3100 سے بڑھا کر 4000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

تندوروں کیلئے گیس کی قیمت 600 روپے، پاور پلانٹس 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو برقرار ہے جبکہ سیمنٹ سیکٹر کیلئے قیمت 4400 روپے، سی این جی سیکٹر کیلئے  3600 روپے مقرر کی گئی ہے، اس کے علاوہ برآمدی صنعتوں کیلئے 2100 روپے اور غیر برآمدی صنعتوں کےلیے گیس کی قیمت 2200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔

پیپلزپارٹی بھرپور تیاریوں کیساتھ عام انتخابات میں حصہ لے گی،آصف زرداری



پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بھرپور تیاریوں کے ساتھ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لے گی۔

سابق صدر مملکت سے زرداری ہائوس میں دوسرے روز بھی کارکنان کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ آصف زرداری کے ہمراہ میر منور تالپور، حاجی علی حسن زرداری، طارق آرائیں، غلام قادر چانڈیو اور ستار کیریو، عاشق زرداری ودیگر بھی موجود تھے۔ آصف  زرداری کو کارکنان کی جانب سے آئندہ عام انتخابات سے متعلق تجاویز اور آرا دی گئیں۔انہوں نے کارکنان کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے کارکنان کی تجاویز کو بغور سنا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ  پیپلزپارٹی عوام کی سیاست کرتی ہے، ہماری طاقت عوام کا ہم پر اعتماد ہے۔ ملک کے ہر ضلع، تحصیل سے یونین کونسل کی سطح تک پی پی پی کے جیالے بھٹوازم کے نظریئے سے جڑے ہوئے ہیں۔

الیکشن میں کسی جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے ، علی محمد خان



 پی ٹی آئی رہنماء علی محمد خان نے الیکشن میں کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، انتخابات میں برابر کا موقع چاہتے ہیں، نواز شریف کو دیئے گئے ویلکم سے شکوک وشبہات پیدا ہوئے ہیں۔

ایک ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ  اتنی تیزی سے مہنگائی اوپر نہیں جاتی، جتنی تیزی سے نوازشریف کو ریلیف مل رہا ہے، تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے لیکن ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے، ان حالات میں ہمیں اپنی سیاسی جگہ بنانی ہے ،اس سلسلے میں مختلف جماعتوں سے بات چیت کی جائیگی۔

 علی محمد خان نے کہا کہ ملاقاتوں میں نہ کوئی الائنس کی بات کر رہے ہیں، نہ کسی ریلیف کی ، نہ ہی کسی ڈیل کی بات ہو رہی ہے۔عمران خان کی طرف سے ایسی کوئی ہدایات نہیں کہ کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے پاس صرف تعزیت کیلئے گئے تھے، ان سے کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی ، پی ٹی آئی (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی سے کبھی اتحاد نہیں کرسکتی۔

وفاقی کابینہ نے غیر قانونی غیر ملکیوں کوملک بدر کرنے کا آرڈر جاری کردیا



نگران وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 اور اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن قائم کرنے کی  منظوری دے دی۔

کابینہ اجلاس وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سربراہی میں ہوا، کابینہ کو غیر قانونی افغان شہریوں کو نکالنے سے متعلق آرڈر پر بھی بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ فارن ایکٹ 1947 کے تحت تمام صوبوں کو بے دخلی آرڈر جاری کردیا، پولیس سمیت متعلقہ اداروں کو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو حراست میں لینے کا پابند کیا ہے، معمولی جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزا یافتہ غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جائے گا، سنگین جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کیلئے درخواستیں نومبر کے وسط تک طلب کر لی جائیں گی،  آئندہ سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج پر جائیں گے، پہلی بار اضافی رقم کے ساتھ 20  سے25 دن کا شارٹ حج پیکیج بھی متعارف کروایا جا رہا ہے، سمندرپار پاکستانیوں کیلئے اسپانسرشپ حج اسکیم جاری رکھی جائے گی، حج اخراجات کی ادائیگی ڈالر میں کرنے کی صورت میں قرعہ اندازی سے استثنیٰ حاصل ہو گا،  اکانومی پیکیج ماضی کی طرح 40 دن پر ہی محیط ہو گا۔

افغانستان کی ورلڈ کپ میں تیسری فتح،پوائنٹس ٹیبل پرپاکستان اور سری لنکا کوپیچھے چھوڑ دیا



آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ  میں افغانستان نے سری لنکا کو شکست دے کرٹرافی کی دوڑ سے آؤٹ کردیا۔ سری لنکا نے افغانستان کو جیت کے لئے 242 رنز کا ہدف دیا تھا جسے افغانستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

یہ افغانستان کی ورلڈ کپ میں تیسری فتح ہے جس کے بعد افغانستان نے پوائنٹس ٹیبل پرپاکستان اور سری لنکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔افغان ٹیم چھ میچوں میں تین فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا چار شکستوں کے باوجودچھٹے اور پاکستان4 شکستوں کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

افغانستان کی پہلی وکٹ جلد گر گئی تھی جب رحمان اللہ گربازبغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ ہوگئے تاہم اس کے بعد ابراہیم زدران اور رحمت شاہ نے اپنی ٹیم کا سکور73 رنز تک پہنچایا۔ اس موقع پرابراہیم زدران 39 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں سکور131 رنز پرپہنچا تو رحمت شاہ 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کرآؤٹ ہو گئے ، حشمت اللہ شاہدی اور عظمت اللہ عمرزئی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 100 سے زیادہ سکور بناکر اپنی ٹیم کو ایک اور تاریخی جیت سے ہمکنار کرادیا۔

حشمت اللہ شاہدی نے58 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 73 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ورلڈ کپ کا30 واں میچ بھارتی شہر پونے میں کھیلا جس میں افغان کپتان  حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر  سری لنکن کپتان کوشلو مینڈیس کو  پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

 سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغازپتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغان  بولرز کے سامنے اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔

 پانچویں اوور میں  دیموتھ کرونارتنے فضل حق فاروقی کی گیند پر  15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،پتھم نسانکا 60 گیندوں پر  46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ مجیب الرحمان کے حصے میں آئی جب انھوں نے  39 رنز  پر کپتان کوشل مینڈیس کو واپسی کی راہ دکھائی، اس کے بعد مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو صرف 4 رنز پر  ایل بی ڈبلیو کردیا۔

ڈی سلوا کو 14 رنز پر راشد خان نے بولڈ کیا تو سری لنکا کی آدھی ٹیم 167 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی،سکور 180 پرپہنچا تواسالانکا بھی 22 رنزبناکر فضل حق فاروقی کی گیند پرکیچ آئوٹ ہوگئے،185 رنز پر سری لنکا کی ساتویں وکٹ گری جب ابراہیم زدران نے چمیرا کو رن آؤٹ کردیا ۔

سری لنکا کی پوری ٹیم آخری اوور میں241 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی طرف سے فضل حق فاروقی نے 4 اور مجیب الرحمان نے دو وکٹیں حاصل کیں،عظمت اللہ عمرزئی اور راشد خان کو ایک ایک وکٹ ملی۔

نواز شریف نے پارٹی کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا



مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس کل ان کی رہائش گاہ جاتی عمرہ میں ہوگا جس میں پارٹی صدر شہباز شریف شرکت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں مریم نواز،حمزہ شہباز سمیت پارٹی کے دیگر اہم رہنما بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور الیکشن میں پارٹی ٹکٹ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کا مورال گرا دیا: ذکا اشرف



چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈمینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا ہےکہ ورلڈکپ چل رہا ہے، ایسے میں سابق کرکٹرز اپنی اپنی دکانیں سجا کر بیٹھ گئے ہیں۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کے سوال پر کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بابراعظم نمبر ون بیٹر اور اسٹارکرکٹر ہے۔

ورلڈ کپ مکمل ہونے کے بعد نتائج پرماہرین سے اس بارے میں تجاویز لیں گے اور پھر دیکھیں گے پاکستان  کرکٹ کیلئے جو بہتر ہو گا وہی فیصلہ کیا جائے گا۔

ایک اور سوال کے میں ذکا اشرف کا  کہنا تھا کہ ورلڈکپ چل رہا ہے ایسے میں سابق کرکٹرز اپنی دکانیں سجا کر  بیٹھ گئے ہیں اورمسلسل تنقید کررہے ہیں جس سے قومی کرکٹرز کا مورال گر رہا ہے

فلائی جناح کو بین الاقوامی روٹس پر آپریشنز کی اجازت



حکومت نے فلائی جناح کو بین الاقوامی روٹس پرآپریشنز کی اجازت دیدی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت ہوا بازی کی سفارش پر فلائی جناح کو بین الاقوامی روٹس پر آپریشنز کی منظوری دی۔

نگراں وزیراطلاعات کے مطابق اس منظوری کے بعد فلائی جناح افغانستان، بنگلہ دیش، عراق، ملائیشیا، عمان، قطر، سعودی عرب، تھائی لینڈ، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات میں فلائیٹ آپریشنز کر سکے گی۔

غیرقانونی غیر ملکیوں کو مرحلہ وار بھیجا جائیگا،حکومت پر کوئی دباؤ نہیں ، سرفراز بگٹی ، مرتضیٰ سولنگی



وفاقی وزراء  سرفراز بگٹی اور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ غیرقانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئےحکومت پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ 

 نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے  کابینہ اجلاس کے فیصلوں پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی افراد کیساتھ کاروبار ،اُنہیں گھر کرائے پر دینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی ایسے پاکستانیوں کے خلاف بھی فارن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

 اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو اپنے وطن واپس بھیجنے کے لئے ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے، اس تمام عمل کی نگرانی کیلئے ایک خصوصی نظام وضع کیا جائے گا، انخلا کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں ہوئی۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ غیر ملکی اور غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے انخلا کے لیے وزیراعظم نے ایک ورک پلان کی منظوری دی ہے، جس کے تحت انہیں مرحلہ وار واپس بھیجا جائے گا۔ جن غیر قانونی لوگوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے وہ قانونی طریقے سے دوبارہ واپس آ سکتے ہیں۔

بیلٹ پیپر سے  بلے کانشان ختم کرنا عوامی امنگوں کی توہین ہو گی: پی ٹی آئی



پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انتخابی نشان کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا

کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے انتخابات سے قبل ملک میں انتخابی ماحول پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

کور کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے “ بلے“ کے انتخابی نشان کے حوالے سے 3 اگست 2023 کے زبانی اعلان کے بعد تحریری فیصلے کے بلا تاخیر اجراء کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ملک کی ایک سیاسی قوت ہے جبکہ بلے کا انتخابی نشان عوامی امنگوں کی علامت ہے۔

کور کمیٹی نے کہا کہ تکنیکی وجوہات پر ”بلے“ کے نشان کو بیلٹ پیپر سے ہٹانے یا تحریک انصاف کو اس سے محروم کرنے کی کوشش ووٹ کے حق، انتخاب کی شفافیّت اور جمہوریت کیخلاف سازش ہوگی جسے قوم کسی طور قبول نہیں کرے گی۔