پیپلزپارٹی الیکشن میں ملک بھر سے کامیابیاں حاصل کریگی ،آصف زرداری



سابق صدر مملکت اورپاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ عام انتخابات میں انشا اللہ ملک بھر سے کامیابیاں حاصل کرے گی ۔

کارکنان پارٹی کی اصل طاقت ہیں، قیادت اپنے کارکن کے ساتھ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرداری ہائوس نواب شاہ میں کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے سیاست اور انتخابات سے متعلق کارکنان کی تجاویز اور آرا کو بھی سنا۔

انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں،پیپلزپارٹی آئندہ عام انتخابات میں انشا اللہ ملک بھر سے کامیابیاں حاصل کرے گی۔

خاتون اول نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سیاست چھوڑنے کا مشورہ دیدیا



خاتون اول بیگم ثمینہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سیاست چھوڑنے کا مشورہ دیدیا ۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں خاتون اول بیگم ثمینہ نے کہا کہ اپنے شوہر سے کہتی تھی سیاست کو چھوڑیں تعلیم کیلئے کام کریں تاہم اگر صدر صاحب واپس سیاست میں گئے تو ضرور ساتھ دوں گی۔

ایوان صدر چھوڑنے کے بعد سیروتفریح پر جانے کا پروگرام ہے۔بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ ایوان صدر میں ہونے کی وجہ سے خواتین کیلئے کام کرنا آسان ہوگیا۔

ایوان صدر چھوڑنے کے بعد خواتین کیلئے کام جاری رکھوں گی، دیکھنا ہے میڈیا مجھے بطور عام شہری بھی اہمیت دیتا ہے یا نہیں۔

خاتون اول کا مزید کہنا تھا کہ عارف علوی کبھی میری بات مان لیتے ہیں کبھی میں ان کی ، اللہ کا شکر ہے ایوان صدر آ کر گردن میں سریا نہیں آیا۔

مغربی کنارے میں زبردستی منتقلی بند کرو،عالمی برادری کو ہنگامی کال



ہم اسرائیل میں انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کی این جی اوز، بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آباد کاروں کے تشدد کی ریاستی حمایت یافتہ لہر کو روکنے کے لیے فوری طور پر کارروائی کرے جو مغربی کنارے میں فلسطینی برادریوں کی زبردستی منتقلی کا باعث بنی ہے اور اس کی قیادت کر رہی ہے۔

گزشتہ تین ہفتوں سے، 7 اکتوبر کے حماس کے مظالم کے بعد سے، آباد کار مغربی کنارے پر عوام کی عدم توجہ کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے خلاف غیظ و غضب کی عمومی فضا کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، تاکہ زبردستی اپنے پرتشدد حملوں کی مہم کو تیز کیا جا سکے۔ فلسطینی برادریوں کی منتقلی اس عرصے کے دوران، تیرہ سے کم گلہ بانی برادریاں بے گھر نہیں ہوئی ہیں۔ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو آنے والے دنوں میں مزید بہت سے لوگوں کے نقل مکانی پر مجبور ہونے کا خطرہ ہے۔

فلسطینی کسان اس وقت خاص طور پر زیتون کی سالانہ کٹائی کے دوران کمزور ہیں۔

موسم، کیونکہ اگر وہ اپنے زیتون کو چننے سے قاصر ہیں تو وہ ایک سال کی آمدنی کھو دیں گے۔ گزشتہ روز نابلس کے جنوب میں اسسویہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے بلال محمد صالح کو زیتون کے درختوں کی دیکھ بھال کے دوران قتل کر دیا گیا۔ وہ ساتویں فلسطینی تھے جو موجودہ جنگ شروع ہونے کے بعد آباد کاروں کے ہاتھوں مارے گئے ہیں۔

بدقسمتی سے اسرائیلی حکومت ان حملوں کی حمایت کرتی ہے اور اس تشدد کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کرتی۔ اس کے برعکس: حکومتی وزراء اور دیگر اہلکار تشدد کی پشت پناہی کر رہے ہیں اور بہت سے معاملات میں فوج موجود ہے یا تشدد میں حصہ بھی لے رہی ہے، بشمول وہ واقعات جن میں آباد کاروں نے فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے۔ مزید برآں، جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایسے واقعات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جن میں پرتشدد آباد کاروں نے فوجی وردی پہن کر اور حکومت کے جاری کردہ ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے قریبی فلسطینی برادریوں پر حملہ کرتے ہوئے دستاویزی شکل دی ہے۔

گہری تشویش کے ساتھ اور سیاسی منظر نامے کی واضح تفہیم کے ساتھ، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ مغربی کنارے میں اس زبردستی منتقلی کو روکنے کا واحد راستہ بین الاقوامی برادری کی واضح، مضبوط اور براہ راست مداخلت ہے۔اب عمل کرنے کا وقت ہے۔

انٹر بینک میں ڈالر 23 پیسے مہنگا ہوگیا



کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ہو گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت میں 23 پیسے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ڈالر 280 روپے80 پیسے کا ہو گیا۔

یاد رہے گزشتہ کاروباری ہفتے کے احتتام پر ڈالر 280 روپے ،57 پیسے پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانت اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 177 پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 51 ہزار112 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز100 انڈیکس 50 ہزار 943 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بنگلہ دیش،اپوزیشن لیڈر مرزا فخر الاسلام عالمگیر کوگرفتارکر لیاگیا



بنگلہ دیش کی پولیس نے اپوزیشن جماعت بی این پی سے تعلق رکھنے والے مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔

ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کمشنر حبیب الرحمان نے کہا کہ عالمگیر کو تفتیشی کارروائی کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

کمشنر حبیب الرحمان نے اے ایف پی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ عالمگیر سے ہفتے کے روز ہونے والے تشدد کے ان واقعات کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی، جس میں ایک پولیس افسر اور مظاہرہ کرنے والا ایک شخص ہلاک ہوئے تھے۔

یاد رہے بنگلہ دیش میں ہفتہ 28 اکتوبر کو ہونے والی ہنگامہ آرائی میں کم از کم 26 پولیس ایمبولینسوں کو نذر آتش کیا گیا یا نقصان پہنچایا گیا تھا۔

مولانا طارق جمیل کے بڑے بیٹے نے چھوٹے بھائی کی خودکشی کی تصدیق کردی



معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے یوسف جمیل نے مرحوم بھائی عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوسف جمیل نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے بھائی کی خود کشی سے متعلق خبروں کی تصدیق کی اور کہا کہ میں مرحوم بھائی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی منفی خبروں کا سد باب کرنے کے لیے یہ ویڈیو پیغام انتہائی بوجھل دل کے ساتھ ریکارڈ کر وا رہا ہوں۔

انہوں نے جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں بعداز سلام کہا کہ ’ أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ، بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ، كُلُّ نَفْسٍ ذَآىٕقَةُ الْمَوْتِؕ، میں انتہائی بوجھل دل اور افسوس کے ساتھ یہ ویڈیو ریکارڈ کروا رہا ہوں، آج شام میرے چھوٹے بھائی عاصم جمیل کا انتقال ہو گیا، یہ ہمارے اہل خانہ کے لیے ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔

یوسف جمیل نے کہا کہ میڈیا پر آ کر ویڈیو اس لیے ریکارڈ کروا رہا ہوں کہ میرے بھائی سے متعلق منفی خبریں میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور ان کی وضاحت کے لیے حاضر ہوا ہوں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بھائی عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کے مریض تھے، گزشتہ 6 ماہ سے ان کی بیماری نے شدت اختیا کر لی تھی، جس کی وجہ سے انہیں الیکٹرک شاک لگائے جا رہے تھے تاکہ ان کے ڈپریشن کو کنٹرول کیا جا سکے لیکن اس کے باوجود کوئی افاقہ نہ ہوا۔

یوسف جمیل نے یہ بھی بتایا کہ آج اتفاقاً عاصم جمیل گھر میں اکیلے تھے تو انہوں نے باہر سیکیورٹی پر تعینات گارڈ سے بندوق لےکر اپنی تکلیف اور اذیّت سے تنگ آ کر خود کو گولی مار لی، إِنَّا لِلَّٰهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُونَ، اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر جو بھی باتیں گردش کر رہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے، یہ اللّٰہ کی تقدیر تھی اور ہم اللّٰہ کے اس فیصلے پر راضی ہیں، آپ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ، جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں غزہ مارچ



جماعت اسلامی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں غزہ مارچ کیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی ، تاریخی مارچ میں حماس کے رہنما اسماعیل حانیہ نے بھی ٹیلی فونک خطاب کیا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مسلمان حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے۔ افسوس ہے مسلمان حکمرانوں نے امریکا کی طرف دیکھنا شروع کیا، چند دنوں میں 8 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔

سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ روز ہمارے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گيا ، ہماری پکڑ دھکڑ کر کے کس کو خوش کرنا چاہتے ہو۔ ہم غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اگلا ملین مارچ 19 نومبر کو لاہور میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسکول اور اسپتال نشانہ بنائے جارہے ہیں، جب تک ظلم ختم نہیں ہوتا، اسرائیل کی دہشتگردی ختم نہیں ہوتی تب تک یہ تحریک جاری رہے گی۔

حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطین اور غزہ کے عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کے بیان پر خراج تحسین اور پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

9 مئی واقعات میں ملوث شرپسندوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ ، عمران خان سے تفتیش کیلئے جزئیات طے



راولپنڈی پولیس نے 9 مئی واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے مزید 124 ملزمان کی فہرست تیار کرتے ہوئے متعلقہ تھانوں کےحوالےکر دی ،  گزشتہ 2 روز کے دوران 9 مئی واقعات میں ملوث مزید 35 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے تفتیش کیلئے پراسیکیوشن اور تفتیشی ٹیم نے جزئیات طے کر لیں، ان سے تفتیش اور 9 مئی واقعات کی تحقیقات کی نگرانی آر پی او راولپنڈی کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں 9 مئی کے واقعات پرمختلف تھانوں میں 19 مقدمات درج ہیں، ان واقعات میں  444 ملزمان کو گرفتارکرکے اڈیالا جیل منتقل کیا گیا جبکہ جی ایچ کیو حملے میں اب تک 75 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پنجاب کانیا بجٹ آج پیش ہو گا،تنخواہ اور پنشن کی خبر آ گئی



لاہور:پنجاب کی نگران حکومت آئندہ چار ماہ کا بجٹ آج  پیر کے روز پیش کرے گی جس کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی جائے گی ۔

پنجاب کی نگراں صوبائی حکومت  نے 19 جون کو چار ماہ کیلئے 1719 ارب حجم کا پیش کیا تھا ، اس بجٹ میں یکم جولائی سے 31 اکتوبر تک اخراجات اور آمدن کے گوشوارے شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے آئندہ چار ماہ کے بجٹ میں تنخواہوں، پنشن اور ٹیکسوں کی مد میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔

آئندہ چار ماہ کے لئے ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ تقریباً 300 ارب روپے رکھا گیا ہے، ان میں سے 80 فیصد کے لگ بھگ رقوم اس وقت جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہی خرچ کی جائیں گی،کچھ رقوم گزشتہ چار ماہ کے دوران طے کئے گئے نئے ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائیں گی۔

گزشتہ بجٹ میں آمدن کے حصول کے لیے 579 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا،صوبائی محاصل میں 393 ارب اور نان ٹیکس میں 186 ارب روپے مختص کیے گئے تھے،سیلز ٹیکس میں 240 ارب، نیٹ ہائیڈل پرافٹ میں 30 ارب کا تخمینہ تھا۔

طویل مدت کیلئے حکم امتناع عدالتی نظام کی نااہلی ، جسٹس بابر ستار



اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کہا ہے کہ  طویل مدت کے لیے حکم امتناع عدالتی نظام کی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  بابر ستار نے کہا کہ  حکم امتناع کی وجہ سے ٹیکس اور دیگر مالیاتی معاملات التوا کا شکار  ہو جاتے ہیں ،عدالتوں کے سامنے کھربوں روپے کے ٹیکس کے دعوے اور دیگر مالیاتی کیس پھنسے ہوئے ہیں، مقدمات کا منیجمنٹ سسٹم اس طرح استعمال ہونا چاہیے کہ زیرالتوا کیسوں پر تیز رفتاری سے فیصلے ہو سکیں۔

انہوں نے کہ بجائے اس کے کہ عدلیہ کو دیگر اداروں کے معاملات میں گھسیٹا جائے، مخصوص معاملات کو  بہتر گورننس کے ذریعے انتظامی سطح پر حل کیا جا سکتا ہے۔

مولانافضل الرحمان کافلسطین کی آزادی کی جنگ میں شریک ہونے کااعلان



کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے جس طرح صہیونی ایجنٹ کو اپنے وطن عزیز میں شکست دی، اسی طرح تمہاری سرزمین پر بھی تمہیں شکست دیں گے اور فلسطین کی آزادی کی جنگ میں برابر کا شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کوئٹہ میں طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس کانفرنس کا انعقاد کر کے ہم نے پوری دنیا، امریکا، یورپ، اسرائیل اور بے حس مسلمان حکمرانوں کو بھی پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم ہر قدم پر ان کے ساتھ ہیں، ہم ان کی آزادی کی جنگ میں برابر کا شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے حماس اور فلسطینی قیادت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کچھ دیر عربی زبان میں بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہاکہ مجھے یاد ہے کہ جب 1967 میں اسرائیل نے عرب دنیا پر حملہ کیا تو پاکستان کی گلی گلی کوچے کوچے سے جمعیت علمائے اسلام کی دعوت پر اپنے فلسطینیوں بھائیوں کے ناصرف موقف کی حمایت کی تھی بلکہ یہ بھی واضح کردیا تھا کہ ہم اپنے مجاہدین کو لے کر ماجدین فلسطین کے شانہ بشانہ اسرائیلیوں کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں دنیا بھر کی یہودی لابی پر واضح کردینا چاہتا ہوں، صہیونی قابضوں پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ تم نے پاکستان میں اپنے جس ایجنٹ کو بھیجا تھا ہم نے آج اس کو شکست دے دی تھی اور وہ مکافات عمل کا شکار ہے، ہم نے اپنے وطن عزیز میں ان کو شکست دی ہے اور آپ کی سرزمین پر بھی ان کو شکست دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب امریکا اور نیٹو ممالک نے افغانستان پر حملہ کیا تو امارات اسلامیہ اور ان کے مجاہدین کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے کوئی انسانی حقوق نہیں ہیں، آج اسرائیل پھر وہی آواز دہرا رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ حماس کے مجاہدین کے کوئی انسانی حقوق نہیں ہیں، میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ دنیا میں ایک واضح نظریے کی تقسیم ہے، تم جنہیں دہشت گرد کہتے ہو ہم انہیں وقت کا مجاہد سمجھتے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ امریکا اب سپر پاور نہیں رہا، میں اپنے ملک کے حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اب امریکا کی غلامی کا پٹہ گردن سے اتار دو اور تن کر اس کے سامنے کھڑے ہو جاؤ، یہ آپ کے ایمان کا تقاضا ہے، تم نے مشرف کے زمانے میں بھی بزدل ہو کر جو پالیسی اختیار کی تھی اگر تم نے آج پھر اسی بزدلی کا مظاہرہ کیا تو پاکستانی قوم آپ کے مقابلے میں کھڑی ہو گی۔

 

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے3 ٹیمیں ڈراپ،انگلینڈ اوربنگلہ دیش کی شمولیت خطرے میں



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے کوالیفیکیشن کے طریقہ کار کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی ترجمان کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں ورلڈ کپ 2023 کی ٹاپ سات ٹیمیں کوالیفائی کریں گی جبکہ پاکستان میزبان کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شامل ہوگا۔

آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اہلیت کے نظام کی 2021 میں آئی سی سی بورڈ نے منظوری دی تھی۔ اس پیشرفت کے بعد زمبابوے، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیمیں جو ورلڈ کپ 2023 میں کوالیفائی نہیں کرسکی تھیں وہ چیمپئنز ٹرافی 2025 بھی نہیں کھیل سکیں گی۔

ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پرنظر دوڑائیں توانگلینڈ اوربنگلہ دیش  کی بھی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک نظرآتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ پیشرفت اُن ٹیموں کیلئے بھی حیران کن ہے جو  2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرنے کے بارے میں لاعلم تھیں۔ ہفتہ کو ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز سے شکست کھانے کے بعد بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ اگرچہ ہم ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہیں لیکن ہم اپنے باقی تین میچز جیت چیمپئنز ٹرافی میں جگہ پکی کرنے کی کوشش کریں گے۔