جولائی تا ستمبر،ریلوے کو 775ملین روپے کا منافع ہوا’ سی ای او ریلوے



لاہور( این این آئی) پاکستان ریلوے کو جولائی تا ستمبر 775ملین روپے کا منافع حاصل ہو اہے ، ایم ایل ون منصوبے پر دستخط کے لئے ریلوے کی ٹیم چین روانہ ہو چکی ہے ۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے شاہد عزیز نے بتائی ۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدنی 86 فیصد اضافے کے بعد 17ارب96 کروڑ روپے ہوگئی،ایم ایل ون ترمیمی منصوبے پر دستخط کے لئے ریلوے ٹیم بیجنگ روانہ ہوچکی۔ منصوبے کی لاگت 9.6 سے کم کرکے 6.6 ارب ڈالر کر دی گئی ہے۔

کراچی سے پشاور100ٹرینیں روزانہ چلیں گی،کراچی تالاہورکاسفری دورانیہ 18گھنٹے سے کم ہو کر12 گھنٹے رہ جائے گا۔

9 مئی مقدمات،اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں توسیع



لاہور( این این آئی)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 31اکتوبر تک توسیع کر دی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی کو جلائو گھیرا ئوپر درج مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی ۔دوران سماعت پولیس کی جانب سے عدالت میں ریکارڈ جمع نہ کروایا گیا۔

اسد عمر کے وکیل نے کہا کہ ہم شامل تفتیش ہو چکے ہیں، صرف اتنا بتا دیا جائے کہ ہمارے شامل تفتیش ہونے کے بعد انہوں نے کیا کیا ہے؟۔سرکاری وکیل نے کہا کہ تفتیشی افسر کو دل کا دورہ پڑا ہے اس لئے ریکارڈ پیش نہیں کر سکتے۔

اسد عمر کے وکیل نے کہا کہ یہ لوگ سب کو ہی ہارٹ اٹیک کروا رہے ہیں، اگلی تاریخ پر انہیں لازمی ریکارڈ پیش کرنے کا پابند کیا جائے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا ء کو حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا۔بعدازاں عدالت نے اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

قیام اور تعمیر پاکستان میں لیاقت علی خان نے گراں قدر خدمات انجام دیں ‘ شہباز شریف



لاہور( این این آئی)سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ملک کے پہلے وزیراعظم شہید ملت لیاقت علی خان کی 72ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں لیاقت علی خان نے گراں قدر خدمات انجام دیں ،لیاقت علی خان ایک مخلص نظریاتی انسان تھے جنہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قیام پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے دست راست اور بااعتماد تحریکی ساتھی تھے ،انہوں نے پاکستان کے اسلامی جمہوری تشخص میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ،لیاقت علی خان نے 7مارچ 1949 کو قرارداد مقاصد کا مسودہ دستور ساز اسمبلی میں پیش کیا تھا جس کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ اقتدار کا مالک اللہ تعالی ہے،اسی قرارداد میں لکھا ہے کہ یہ حق اقتدار عوام کے منتخب نمائندے ایک مقدس امانت کے طور پر استعمال میں لائیں گے۔

لیاقت علی خان نے قرارداد مقاصد پیش کرتے ہوئے ایوان کو بتایا تھا کہ یہ قرارداد جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور برداشت، سماجی انصاف اور قوانین پر اسلامی تعلیمات کے مطابق عمل درآمد کرنے کے چھ نکات پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے لیاقت علی خان کا نام آل انڈیا مسلم لیگ کے اعزازی جنرل سیکرٹری کے طور پر پیش کیا تھا ،جنرل سیکرٹری کے طور پر لیاقت علی خان نے جماعت کی تنظیم سازی کی اور برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کے اس پلیٹ فارم کو فعال رکھا ،اللہ تعالی شہید ملت سمیت بانیان پاکستان اور تحریک پاکستان کے شہیدوں کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے مشن کو پورا کرنے والوں میں شامل فرمائے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی،پٹرول40 ،ہائی سپیڈڈیزل 15،لائٹ ڈیزل 19،مٹی کاتیل22 روپے69 پیسے سستا



نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سب سے بڑی کمی کا اعلان کردیا۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار پٹرول کی قیمت 40 روپے فی لٹرتک کم کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔
پٹرول کی نئی قیمت 283 روپے 38 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 303 روپے 18 پیسے فی لٹرہوگئی ہے۔مٹی کا تیل 22روپے 69 پیسے سستا کیا گیا ہے، مٹی کےتیل نئی قیمت 214 روپے 85 پیسے ہوگی، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 19 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ خزانہ ڈویژن کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کانوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے۔

رضوان کے بعد راشد خان نے بھی تاریخی فتح فلسطین کے نام کردی



افغانستان کے مایہ ناز بائولر راشدخان نے ورلڈکپ میں تاریخی فتح فلسطینی بہن بھائیوں کے نام کردی۔

انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے 13ویں میچ میں ون ڈے رینکنگ میں 9ویں نمبر کی ٹیم افغانستان نے دفاعی چیمپئن اور ’فیورٹس‘ قرار دیے جانے والے انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دی۔

انگلینڈ کی تین اہم وکٹیں حاصل کرنے والے مجیب الرحمان کو ’میچ کا بہترین کھلاڑی‘ قرار دیا گیا، جنھوں نے یہ ایوارڈ افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے نام کیا۔

جبکہ راشد خان نے یہ فتح ’افغانستان اور فلسطین میں بھائیوں اور بہنوں‘ کے نام کی ہے۔

جہاں دلی میں افغانستان میں کی اس تاریخی جیت پر ٹیم کو کافی سراہا جا رہا ہے وہیں ورلڈ کپ میں دوسری مرتبہ ایک کرکٹر کی طرف سے اپنی فتح غزہ کے مظلوم عوام کے نام کرنے پرتنقید کی جارہی ہے ۔

پاکستانی بلے باز محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف مین آف دی میچ کاایوارڈ غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کیا تو بھارتی میڈیا نے زہریلا پروپیگنڈا شروع کردیاتھا

بھارتی شائقین نے پاک بھارت میچ کے دوران رضوان کے خلاف نفرت پر مبنی نعرے بھی لگائے تھے لیکن اب افغان بائولر راشد خان بھی بھارتی انتہا پسندوں کے نشانے پرآگئے ہیں۔

غزہ پر زمینی حملے کی تیاری، ٹینکوں سے گھیرائو،10 لاکھ فلسطینی بے گھر،ہر طرف موت کا سامنا،ہسپتال بھر گئے،ڈاکٹرز بےبس



اسرائیل خود پر تاریخ کے مہلک ترین حملے کے ردعمل میں غزہ پر زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ جنگ کے نویں روز اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔ اسرائیل نے شمالی غزہ میں فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنوب کی جانب نقل مکانی کر جائیں۔
حماس کے اچانک راکٹ حملے میں اسرائیل میں 1400 سے زائدافراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے جواب میں اسرائیل نے غزہ میں حماس کو ٹارگٹ کرنے کے لیے بمباری کی جس کے نتیجے میں اب تک  2450 فلسطینی شہید اور 9200 زخمی ہو چکے ہیں جن میں 60 فیصد بچے ،خواتین اور بزرگ افراد شامل ہیں  جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں اور جنوبی غزہ کی طرف نقل مکانی کررہے ہیں۔
اسرائیل نے شمالی غزہ کے تقریباً 11 لاکھ شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ زمینی حملے سے قبل جنوب کی طرف انخلا کر جائیں ۔
اقوام متحدہ نے انخلا کے اسرائیلی الٹی میٹم پرعملدرآمد کوناممکن قرار دیتے ہوئے ہدایات واپس لینے کا کہاتھا لیکن اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کی درخواست خاطر میں نہیں لائی۔
اسرائیلی وارننگ کے بعد غزہ سے لوگ بے سروسامانی کی حالت میں نکلتے دکھائی دے رہے ہیں
کاروں، ٹرکوں اور گدھا گاڑیوں کا ایک سلسلہ جنوب کی جانب سے رواں دواں نظرآرہاہے ، جن پر تمام خاندان سوار تھے اور ان کے سامان، گدے، بستر اور بیگ لدے ہوئے نظر آئے۔
فلسطینی عوام کو ہر طرف موت کاسامنا ہے۔ اگرغزہ چھوڑ جائیں تو راستے میں اسرائیلی فوج کی بمباری اور بھوک افلاس ،کیمپوں کی زندگی جیسے چیلنجز کاخوف ستاتا ہے، غزہ میں ٹھہرے رہیں تو چاروں اطراف سے ہونے والی بمباری اور محاصرہ خوفزدہ کئے ہوئے ہے۔
غزہ ایک ایسے انسانی المیہ کاشکارہے جہاں ہسپتالوں میں مریضوں اور لاشوں کے لئے جگہ کم پڑ گئی ہے ۔ لاشوں کی تدفین تک کے لئے بھی حالات موافق نہیں رہے ۔
ہسپتالوں میں ادویات، بجلی، فیول کی کمی نے بحران میں مزیداضافہ کردیاہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی بے بس ہو گیاہے۔
ادھراسرائیل نے حماس کے اعلیٰ کمانڈر کو فضائی حملے میں شہید کرنے کادعویٰ کرتے ہوئے ویڈیو جاری کردی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے عز الدین القسام بریگیڈ کی بحری کمانڈوز یونٹ نخبہ فورس کے سربراہ بلال الکیدرا کا ٹھکانہ خان یونس میں تھا جس کاسراغ لگا کراسرائیلی فورسز نے بمباری کی۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خان یونس اور مغربی جبالیہ میں حماس کے آپریشنل کمانڈ سینٹرزاور فوجی کمپائونڈز سمیت 100 سے زائداہداف پر فضائی حملے کیے ۔
اسرائیلی فورسزنے دعویٰ کیاہے کہ فضائی حملوں میں حماس کے کئی اینٹی ٹینک میزائل لانچ پیڈزاوراسلحہ ساز فیکٹریوں کو تباہ کر دیا گیا۔
عرب میڈیا کے اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ بلال الکیدرانے اسرائیل میں ایک بستی نیریم میں قتل عام کی منصوبہ سازی کی تھی ۔
یادرہے کہ گزشتہ روز بھی ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے ایک سینئر فوجی کمانڈر مراد ابو مراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا جو اسلامی گروپ کی فضائی کارروائیوں کے سربراہ تھے۔

اسلام آباد: پوش سیکٹر کے فلنگ سٹیشن پر دھماکہ،2 خواتین جاں بحق،4 افراد زخمی



اسلام آباد کے پوش سیکٹر میں سلنڈر دھماکہ کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق اورچار افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیوذرائع کے مطابق سلنڈر دھماکہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں اس وقت ہوا جب گاڑی میں فلنگ سٹیشن پرگیس بھروائی جارہی تھی ۔
گاڑی کاسلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹا تو وہاں ہرطرف خوف وہراس پھیل گیا، دھماکے سے گاڑی میں موجود دوخواتین جاں بحق ہوگئیں جبکہ ایک بچے سمیت چار افراد کوہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔
واقعہ کے بعد پولیس نے پٹرول سٹیشن کو بندکردیا ہے اورتحقیقات کی جا رہی ہیں۔

سندھ میں عام انتخابات کی تیاریوں پر جائزہ اجلاس طلب



اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے سندھ میں عام انتخابات کی تیاریوں کے جائزہ کے لئے اہم اجلاس طلب کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پیر16 اکتوبر کو کراچی پہنچیں گے،چیف الیکشن کمشنر کے ہمراہ سیکرٹری الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دیگر افسر بھی ہوں گے، انتخابات سے متعلق چیف سیکرٹری آفس میں منگل 17 اکتوبر کو اہم اجلاس ہوگا جس میں صوبے میں انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔چیف سیکرٹری سندھ اجلاس میں صوبے میں انتخابات سے متعلق بریفنگ دیں گے، صوبائی الیکشن کمشنراعجاز انور چوہان بھی اجلاس میں بریفنگ دیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ کی حماس کے سربراہ سے اہم ملاقات



ایران کے وزیر خارجہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے بعد ایران کے اعلیٰ حکام کے ساتھ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی اس ملاقات میں غزہ کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مسئلہ فلسطین کو پہلے کی طرح مسلم دنیا کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام کے خلاف صیہونیوں کے جنگی جرائم کی آخری حد ہے کیونکہ فلسطینی قوم کی طرف سے انہیں جو دھچکا پہنچا ہے وہ بے مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی تجویز دی ہے اور ایران فلسطینی قوم کی حمایت میں اپنے اصولوں اور اقدار سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔
امیرعبداللہیان نے کہا کہ الاقصیٰ آپریشن اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی قوم کا فطری ردعمل ہے، ایران اسرائیلی جنگی جرائم کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ملاقات میں اسماعیل ہنیہ نےاسلامی تعاون تنظیم کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ امید ہے کہ مسلم دنیا فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے جنگی جرائم، اندھا دھند اور وحشیانہ قتل عام، گھروں، مساجد، اسپتالوں اور عوامی مقامات کی تباہی کے باوجود فلسطینی مزاحمت مضبوط ہے۔

اسرائیل نے معصوم لوگوں کے قتل کی تمام حدیں پارکردیں، صدرعلوی



اسلام آباد: پاکستان کے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم اور قتل عام کی شدید مذمت کی ہے ۔
اتوارکوسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ اسرائیل نے بچوں ، خواتین اور معصوم لوگوں کو قتل کرکے تمام حدیں پار کر دی ہیں، انسانی تاریخ میں کبھی بھی اتنے بڑے پیمانے پر ظلم اور بربریت نہیں دیکھی گئی جس کا مظاہرہ اسرائیل کررہا ہے،یہاں تک کہ پانی، بجلی، خوراک اور ادویات کی فراہمی بھی منقطع کر دی گئی ہے۔
صدرعارف علوی نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینی عوام کی نسل کشی سے روکنے میں ناکام رہی ہے،میں اقوام متحدہ اور او آئی سی پر زور دیتا ہوں کہ وہ ان وحشیانہ کاروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اجلاس بلائیں اور فلسطین میں مزید بربادی اور انسانی تباہی کو روکنے کے لیے ضروری طبی امداد، خوراک اور دیگر سامان فوری طور پر روانہ کریں ۔
پاکستان فلسطینی عوام کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو خطے میں پائیدار امن و استحکام کا واحد حل ہے۔

مراد سعید کو فرار کروانے پر رشتے داروں کیخلاف مقدمہ درج



پشاور:پشاور میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کو مبینہ طور پر فرار کرانے پر ان کے برادر نسبتی سمیت دیگر رشتے داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارشد خان کے مطابق مراد سعید ناصر باغ کی حدود میں واقع ایک گھر میں مبینہ طور روپوش تھے، پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزم کے برادر نسبتی نے پولیس کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے مراد سعید کو فرار ہونے میں مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہاکہ مراد سعید کے رشتہ داروں نے پولیس سے تکرار اور گالم گلوچ بھی کی جبکہ چھاپہ مار ٹیم پر پتھرائو بھی کیا۔انہوں نے بتایاکہ مراد سعید پولیس چھاپے سے چند منٹ پہلے فرار ہوئے۔
ایس پی ورسک کے مطابق مراد سعید کو فرار کرانے پر ان کے برادر نسبتی سمیت دیگر رشتہ داروں کے خلاف تھانا ناصر باغ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ متعلقہ گھر میں مراد سعید کے 2ملازم بھی موجود تھے اور چھاپے کے دوران مراد سعید کی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔

ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ: افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کوشکست دے دی



افغانستان نے کرکٹ ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سےشکست دے دی اورجیت کا ایسا جشن منایا کہ چند منٹوں میں جشن کی تصاویر اور ویڈیوز دنیا بھر میں وائرل ہوگئیں، آج ہونے والے میچ میں افغانستان  نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 285 رنز کا ہدف دیا تھاجس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

افغانستان کے خلاف انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی، انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ افغان بائولرز نے انگلینڈ کو شروع سے ہی دبائو میں رکھا،3 کے سکور پر ہی جونی بیرسٹو فضل حق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے،33 کے سکور پر مجیب الرحمان نے جوئے روٹ کو بولڈ کردیا۔68 کے سکور پر ڈیوڈ ملان بھی 32 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے،91 کے سکور پر جوز بٹلر کو نوین الحق نے بولڈ کردیا،بٹلر صرف9 رنز بناسکے،117 کے سکور پر راشد خان نے لیونگسٹن کو راشد خان نے آئوٹ کیا تو انگلینڈ کی آدھی ٹیم پویلین جا چکی تھی۔

138 کے سکور پرمحمد نبی نے اپنی ٹیم کو چھٹی وکٹ بھی دلوادی،160 رنز پر کرس ووکرز کو مجیب نے بولڈ کردیا،سکور 169 پر پہنچا تو ہیری بروک بھی 60 رنز بنانے کے بعد ٹیم کاساتھ چھوڑ گئے، عادل رشید بھی 20 رنز بنانے کے بعد محمد نبی کو وکٹ دے بیٹھے، مارک ووڈ کو راشد خان نے بولڈ کیا تو انگلینڈ کی اننگز215 رنز پر تمام ہوچکی تھی۔

یہ افغانستان کی ورلڈکپ کی تاریخ میں دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل افغانستان نے ورلڈ کپ میں 17 میچز کھیلے تھے جن میں سے  16 میں شکست ہوئی اور صرف ایک میں کامیابی ملی تھی۔

آج کے میچ میں افغانستان کی طرف سے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی  جبکہ ابراہیم زدران نے 28 رنز بنائے، اکرام الخیل نے 58 رنز، مجیب الرحمان 28 رنز اور راشد خان 23 رنز بناکرٹیم کو ایک اچھا سکور بنانے میں مدد فراہم کی۔

انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتھا۔