کرکٹ ورلڈ کپ 2023: نیوزی لینڈ نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی،بنگلا دیش کو8 وکٹوں سے شکست



آئی سی سی ورلڈکپ کے  11 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو  8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی۔

نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کا 246 رنز کا ہدف 43.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل 89، کپتان کین ولیمسن 78 اور ڈیون کونوے نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

کیویز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے جس کے بعد وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگیا ہے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں انگلینڈ اور دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی

جمعہ کے روزنیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی  بنگلہ دیش کی پہلی چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے اپنی ٹیم کاسکور آگے بڑھانے کی جدوجہد کی اور آخری اوورز میں محمود اللہ کی خوبصورت اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کو246 رنز کاہدف دینے کامیاب ہوا۔ بنگلہ دیش کے اوپنر لٹن داس بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، تنزید حسن 16 اور مہدی حسن میراز30 رنز بناسکے، نجم الحسن صرف 7 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، شکیب الحسن نے 40 رنز اور مشفیق الرحیم نے 66 رنز بناکر ٹیم کاسکور آگے بڑھایا، توحید ہردوئے نے 13 رنز بنائے اورتسکین احمد17 رنز بناسکے جبکہ محمود اللہ نے 41 رنز کے ساتھ ٹیم کاسکور245 تک پہنچایا اور ناٹ آئوٹ رہے۔

 

 

تحریک انصاف نہیں چھوڑوں گا، اسی لیے جیل کاٹ رہا ہوں: پرویز الٰہی



پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میں تحریک انصاف نہیں چھوڑوں گا، اسی لیے جیل بھی کاٹ رہا ہوں۔

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر صحافی نے پرویزالٰہی سے جیل کے اندر عمران خان سے پیغام رسانی کے حوالے سے سوال کیا کہ سنا ہے عمران خان نے ٹکٹوں نے تقسیم کے حوالے سے آپ سے تجاویز مانگی ہیں جس پر پرویز الٰہی نے کہا کہ ایسی تو کوئی بات نہیں ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان جس سیل میں قید ہیں اس کی باہر والی دیوار توڑ دی گئی ہے، جیل میں کھانا اچھا نہیں ملتا جس کی وجہ سے فوڈ پوائزنگ ہو گئی ہے، اسی لیے صحت بھی اچھی نہیں، یہاں پہنچنے میں خاصی مشکل ہوئی۔

ایک اور سوال کے جواب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ میں پی ٹی آئی میں ہی رہوں گا۔

صحافی نے مونس الٰہی کے حوالے سے سوال داغ دیا کہ جب نواز شریف قید تھے تو مونس الٰہی تنقید کرتے تھے کہ ان کے بیٹے انہیں پوچھنے نہیں جاتے، اب آپ قید ہیں تو آپ کے بیٹے یہاں آپ کا حال معلوم کرنے کیوں نہیں آ رہے؟۔

پرویز الٰہی نے صحافی کے سوال پر جواب دیا کہ میں ٹھیک ہوں، اللہ کا شکر ہے مجھے کوئی مشکل نہیں۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

پی ٹی آئی کو لبرٹی میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی جماعت کو نہیں ہوگی’ لاہور ہائیکورٹ



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو لبرٹی میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہوگی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت کی۔

ڈی سی آفس کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرا دیا گیا، جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست کے بعد 10اکتوبر کو تمام اداروں کا اجلاس ہوا، 9مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ، جلائو گھیرائو کیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے پی ٹی آئی کو جلسے کا این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہوگی۔

عدالت نے پی ٹی آئی وکیل کو متبادل جگہ کے لئے ڈی سی لاہور کو نئی درخواست دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آپ کسی دوسری جگہ کے لئے درخواست دے دیں، ڈپٹی کمشنر پیر تک جلسہ کیلئے نئی جگہ کی درخواست پر فیصلہ کریں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری عظیم اللہ خان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

نیب ترامیم کیخلاف فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے: سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر



سپریم کورٹ آف پاکستان میں نیب ترامیم کے خلاف فیصلہ چیلنج کر دیا گیا ہے۔

ایڈووکیٹ فاروق ایچ نائیک نے عبد الجبار کی طرف سے نظر ثانی اپیل دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہمیں سنے بغیر نیب ترامیم کے خلاف فیصلہ دیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب ترامیم کیخلاف درخواست میں کسی بنیادی حقوق خلاف ورزی کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ نیب ترامیم کیخلاف درخواست آرٹیکل کے تقاضے پوری نہیں کرتی تھی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ نیب ترامیم کیخلاف 15 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

شرمیلا فاروقی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری ،سندھ حکومت اور شرمیلا فاروقی کو دوبارہ نوٹس



کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی رہنما شرمیلا فاروقی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری کے اجراء پرسندھ حکومت اور شرمیلا فاروقی کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں رہنما پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے جامعہ کراچی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے 2014 سے 2019 تک پی ایچ ڈی کرنے والوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ کراچی یونیورسٹی نے 29 اگست 2023 کو شرمیلا فاروقی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی کے پاس 2014 سے 2019 تک پی ایچ ڈی کرنے والوں کا کوئی ریکارڈ نہیں۔

وکیل نے کہا کہ شرمیلا فاروقی کو سیاسی بنیادوں پر پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی ہے، عدالت شرمیلا فاروقی کی پی ایچ ڈی کی ڈگری منسوخ کرنے کا حکم دے بعدازاںعدالت نے شرمیلا فاروقی اور سندھ حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔
٭٭٭٭٭٭٭

سندھ میں اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد



کراچی(این این آئی)نگران سندھ حکومت نے ڈپٹی کمشنر دفاتر سے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائدکردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں ڈپٹی کمشنر دفاتر سے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کردی۔

رپورٹ کے مطابق نگراں وزیر داخلہ سندھ کی منظوری سے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر لائسنس جاری نہیں کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ایف بی آر کی بھی نادہندہ نکلی



کراچی(این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)کے مالی معاملات مزید سنگین ہوگئے۔

قومی ایئر لائن ایف بی آر کی بھی نادہندہ نکلی، پی آئی اے نے وعدہ کے باوجود اکتوبر میں ایف بی آر کو ایک روپے کی بھی ادائیگی نہیں کی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے مالی معاملات مزید سنگین رخ اختیار کر گئے۔

پی آئی اے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا بھی نادہندہ نکلی۔رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے وعدہ کرکے اکتوبر کے مہینے میں ایف بی آر کو ایک روپے کی بھی ادائیگی نہیں کی۔

قومی ایئر لائن نے اکتوبر میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 4 ارب روپے ادا کرنے تھے، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی جانب سے ایف بی آر کو 75 کروڑ روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے کے سبب ستمبر میں پی آئی اے کے اکائونٹس منجمد کردیئے گئے تھے

پاکستانی برآمدات اورترسیلات زر میں ستمبر 2023 میں اضافہ ریکارڈ



کراچی(این این آئی)پاکستانی برآمدات اور ترسیلات زر میں گزشتہ ماہ بہتری دیکھی گئی ہے۔

ملک میں برآمدات چار اعشاریہ ایک آٹھ فیصد اضافے سے ماہانہ دو اعشاریہ چار چھ ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ترسیلات زر 5.3 فیصد اضافے سے 2.2 ارب ڈالر رہیں۔22 فیصد کے بلند پالیسی ریٹ کی وجہ سے قرضوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

ایک فیصد پالیسی ریٹ بڑھنے سے قرضوں میں 600 ارب اضافیکا انکشاف سامنے آیا ہے۔مہنگائی 23 فیصد سے زیادہ کی بلند سطح پر رہنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹاکرے سے قبل محمد رضوان کے بھارتی میڈیا پر چرچے



کرکٹ کے عالمی مقابلے کا انتہائی اہم میچ پاک بھارت ٹاکرا کل ہونے جا رہا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھارتی بولرز کا سامنا کرنے کے لیے نئی تکنیک اپنا لی ہے جس کے بھارتی میڈیا پر چرچے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے پریکٹس سیشن کے دوران نیٹ میں ایک گھنٹے تک کلدیپ یادیو کی طرح لیفٹ آرم اسپنر کا سامنا کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کر رہا ہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے پریکٹس کی ہے اور اس دوران ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے حکمت عملی بتائی۔

قومی ٹیم نے کل بھارت کا سامنا کرنے کے لیے بھرپور پریکٹس کی ہے، پاک بھارت ٹاکرا کل 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمدآباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ہو گا۔

تیل اور گھی کی قیمتوں سے متعلق اہم خبر آ گئی



مکوآنہ (این این آئی)تیل اور گھی کی قیمتوں سے متعلق اہم خبر آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سابق وائس چئیرمین عمر ریحان شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ گھی اور تیل کی قیمتوں میں 80 روپے تک کلو کمی ہوگئی ہے، اگر روپیہ مزید مضبوط ہوتا ہے تو گھی اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوجائے گی۔

عمر ریحان شیخ نے کہا کہ گزشتہ ماہ عالمی مارکیٹ میں خوردنی تیل کے نرخ960 ڈالر فی ٹن تھا۔ 110 ڈالر کمی کمی کے بعد 850 ڈالر فی ٹن ہو گیا۔

مقامی مارکیٹ میں38 روپے کم ہوئے اور روپے کی قدر میں اضافے سے 42 روپے کلو مزید کم ہوں گے۔اور مجموعی طور پر 80 روپے کلو تک کمی ہوچکی ہے۔

پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سابق وائس چئیرمین نے کہا کہ ایکس مل پرائز گھی 360 روپے اور تیل 380 روپے فی کلو گرام ہو گیا ہے۔

عمر ریحان شیخ نے کہا کہ پاکستان کی سالانہ کھپت 42 لاکھ ٹن ہے، پاکستان میں پام آئل کے ریکارڈ 5 لاکھ ٹن سے زائد اسٹاک موجود ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے مارکیٹ میں ڈیمانڈ نہ ہونے کے برابر ہے

ورلڈ کپ: فاسٹ بولر احسان اللہ کی پاک بھارت میچ کے حوالے سے اہم پیشگوئی



پاکستان کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے پیش گوئی کی ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں کل ہونے والا پاک بھارت میچ پاکستان باآسانی جیت جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں احسان اللہ نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف تاریخی کامیابی پر مجھے خوشی ہوئی ہے، ہماری ٹیم سب کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر آئے تو یہ بہت ہی مزے کی بات ہو گی۔

احسان اللہ نے کہا کہ حارث رؤف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں اور اچھی بولنگ کرتے ہیں۔ کبھی کبھار خراب دن آ جاتا ہے۔ کل ہونے والا بھارت کے خلاف میچ ہم یکطرفہ جیت جائیں گے۔

یاد رہے کہ فاسٹ بولر احسان اللہ انجری کے باعث سرجری کی وجہ سے ان دنوں کرکٹ سے دور ہیں۔

روہت صراف نے پریانکا اور فرحان کو بہترین ساتھی اداکار قرار دیدیا



ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ فلم ‘دی اسکائی از پنک’ کو ریلیز ہوئے 4 برس مکمل ہوگئے۔

فلم میں پریانکا چوپڑا، فرحان اختر، روہت صراف اور زائرہ وسیم شامل تھیں۔

روہت صراف نے فلم میں پریانکا کے بیٹے کا کردار ادا کیا تھا، انہوں نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی جس میں دونوں ڈانس کر رہے ہیں۔

روہت نے اس کے علاوہ بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران کی کئی تصاویر شیئر کیں۔

انہوں نے کہا کہ اس فلم سے مجھے اتنا کچھ ملا جتنا شاید میں نے سوچا بھی نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پریانکا چوپڑا اور فرحان اختر بہترین ساتھی اداکار ہیں۔

”دی اسکائی از پنک” ایک موٹیویشنل اسپیکر عائشہ چوہدری کی زندگی پر مبنی ہے جنہیں پیدائشی بیماری تھی اور 13 برس کی عمر میں بھی انہیں ایک مرض ہوگیا تھا۔

عائشہ چوہدری 2015 میں 18 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں، فلم میں ان کا کردار زائرہ وسیم نے ادا کیا ہے۔