All posts by ghulam mustafa

فیصل آباد: آن لائن مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار



مکوآنہ (این این آئی) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان حیدر سلطان اور محمد عرفان کوفیصل آباد سے گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق ملزمان نے خود کو شکایت کنندہ کا رشتہ دار ظاہر کرتے ہوئے لاکھوں روپے بٹورے۔

ملزمان نے شکایت کنندہ کو کال کی اور خود کو بیرون ملک مقیم ظاہر کیا۔ملزمان نے متاثرہ سے 4 لاکھ 10 ہزار روپے بٹور رکھے تھے۔

ملزمان نے من گھڑت کہانیوں کا احوال بتاتے ہوئے مذکورہ رقم ہتھیائی۔ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال شدہ 2 موبائل فون برآمد کر لیے گئے جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ہمیں آپ سے پیار ہے سر! بھارتی فین کی جانب سے قومی ٹیم سے محبت کا اظہار



قومی کرکٹ ٹیم کے بھارتی شہر احمدآباد پہنچنے پر ایک بھارتی مداح کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا گیا ہے۔

بھارتی مداح کی جانب سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو احترام دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

جونہی پاکستانی ٹیم احمدآباد ایئرپورٹ پر پہنچتی ہے تو وہاں پر موجود بھارتی فین کی جانب سے بابراعظم، محمد رضوان اور شاداب خان کو سلام کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر بھارتی کرکٹ فین کہتا ہے کہ ہمیں آپ سے پیار ہے سر! ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

بھارتی مداح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جہاں پاکستانی شائقین کی جانب سے اسے پسند کیا جارہا ہے وہیں بھارتی سوشل میڈیا صارفین اس پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ: شاہد آفریدی نے بابراعظم سے امیدیں وابستہ کر لیں



قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل قومی کپتان بابر اعظم سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں جیت پر میں نے بابر اعظم کو مبارکباد دی ہے اور اعتماد دیا ہے کہ وہ میچ ونر کھلاڑی ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہاکہ قومی کپتان بابراعظم آئندہ آنے والے میچوں میں ضرور پرفارم کریں گے۔

سابق کپتان نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف میچ میں قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا لیکن بابر اعظم ورلڈ کپ کے بڑے میچوں میں پاکستان کے لیے سینچری بنائے گا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 14 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندرامودی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی سورمائوں کا سامنا کرے گی۔

روسی صدر نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کر دی



روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل اور حماس کے درمیان جھڑپوں میں ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کے صدر ولادیمیرپوٹن نے کہا ہے کہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے، ہم ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، انہوں نے فوری طور پر دوطرفہ کشیدگی کو کم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

روسی صدر نے امید ظاہر کی کہ فریقین جنگ کو طول دینے کے بجائے سب کے لیے قابل قبول امن مذاکرات کی طرف ضرور آئیں گے۔

ولادیمیرپوٹن نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کو روکا جائے ورنہ اس کا اثر عالمی صورتحال پر بھی پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک مکمل آزاد ریاست فلسطین کے عوام کا حق ہے، کیوں کہ جس سرزمین پر وہ رہ رہے ہیں وہ تاریخی طور پر ان ہی کی ہے۔

محمد رضوان کی غزہ سے متعلق ٹوئٹ، آئی سی سی کا موقف بھی سامنے آ گیا



پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے کی گئی حالیہ ٹوئٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

قومی ٹیم کے بیٹر نے ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا کے خلاف جیت کو غزہ بہن بھائیوں کے نام کرتے ہوئے ٹوئٹ کی تھی۔

محمد رضوان کے ٹوئٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث شروع ہو گئی تھی۔ بھارت کے اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتان نے پر آئی سی سی سے سوال بھی کر دیا تھا۔

اب آئی سی سی کے ترجمان نے اس پر اپنا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ زرین خان کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا



ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زرین خان کے خلاف دھوکا دہی کے الزام میں جاری ہونے والا وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیا گیا۔

اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ 2018 میں دھوکا دہی کے الزام میں ان کے خلاف کیس داخل کیا گیا تھا، تاہم کولکتہ ہائیکورٹ نے ان کی گرفتاری کا وارنٹ منسوخ کرنے کا حکم دیا۔

زرین خان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں ملوث پولیس افسر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زرین خان نے نہ تو ضمانت کی درخواست دائر کی اور نہ ہی عدالت کے سامنے پیش ہوئیں، ان کی بار بار غیر حاضری پر گرفتاری کا ورانٹ جاری کیا گیا۔

دوسری جانب زرین کے وکیل کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے کسی کو دھوکا نہیں دیا، دراصل یہ بات ہی غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے ‘ٹائیگر 3’ کا پوسٹر جاری کردیا



ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کے سپرسٹار سلمان خان نوے کی دہائی سے لیکر اب تک کئی فلموں میں بہترین اداکاری کرچکے ہیں،انکے مداحوں کو انکی ہر نئی آنے والی فلم کا بے صبری سے انتظار ہوتا ہے۔

سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ”ٹائیگر 3” کا نیا پوسٹر جاری کیا۔ اس تصویر میں سلمان خان ہاتھ میں بندوق لیے بیٹھے ہیں۔جس میں انہوں نے جیکٹ، کالی پینٹ، اور گلے میں سفید اور سیاہ اسکارف پہن رکھا ہے۔

فلم میں وہ اویناش سنگھ راٹھور عرف ٹائیگر کا کردار ادا کریں گے۔بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اپنی نئے فلم ‘ٹائیگر3’ کی کہانی میں بھی پاکستان آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق نئی ایکشن تھرلر فلم میں سلمان خان اور عمران ہاشمی پاکستانی اور انڈین خفیہ ایجنٹوں کا کردار ادا کریں گے اورشائقین کو ایکشن سے بھرپور مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔

منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 10 نومبر کو ریلیز کیلئے پیش کیا جائے گی۔فلم میں شاہ رخ خان بھی ایک کومیو جھلک دیں گے۔

بھارتی اداکارہ مدھرا نائیک کی کزن اور بہنوئی اسرائیل فلسطین کشیدگی کے دوران ہلاک



ممبئی (این این آئی) بھارتی ڈراموں کی اداکارہ مدھرا نائیک کی کزن اور بہنوئی اسرائیل فلسطین کشیدگی کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھرا نائیک نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کزن اور بہنوئی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

ویڈیو پیغام میں بھارتی نژاد یہودی اداکارہ نے کہا ہے کہ اسرائیل میں مقیم ان کی کزن اور ان کے شوہر ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت میں اور اہل خانہ جس درد کا سامنا کر رہے ہیں اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے اس سے قبل حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے باعث بالی ووڈ اداکارہ نصرت بھروچا بھی اسرائیل میں پھنس گئی تھیں جو بعد میں ممبئی پہنچ گئی ہیں۔

مایوسی کے شکار افراد کو ماورا حسین کا مشورہ



کراچی (این این آئی) ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر اداکارہ ماورا حسین نے ذہنی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے دوسرے لوگوں کو بھی اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

ماورا حسین نے اپنے بچپن کی تصاویر پر مبنی مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تنہائی کے شکار افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی کے آخری 3 سال اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں گزارے، کیوں کہ جس طرح کی وہ بچی تھیں، انہیں اس طرح کا سکون اور وقت درکار تھا۔

انہوں نے مایوسی کے شکار افراد کو مشورہ دیا کہ وہ روشنیوں سے دور بھاگنے کے بجائے اپنے اندر کی روحانی روشنی اور خوشی کو تلاش کرکے زندگی کو پرسکون گزاریں۔

اداکارہ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ انہیں بہت زیادہ کام کرکے خود کو تھکانا نہیں چاہئیے۔ میں اپنی صحت یا خود پر توجہ دینے کے معاملے پر شرمسار نہیں ہوں اور اپنی ذات کا خیال رکھنا ہر کسی کی ترجیح ہونی چاہیے۔

مشہور زمانہ گانا ‘تجھے یاد نہ میری آئی’ کا ری میک بنانے کا اعلان



ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ فلم کے مشہور گانے تجھے یاد نہ میری آئی کا ریمیک بنانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبول زمانہ فلم ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ کے گانے ‘تجھے یاد نہ میری آئی’ کے گانے کا ریمیک گلوکار بی پراک بنائیں گے۔ فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کو رواں ماہ16 اکتوبر 25 سال مکمل ہوجائیں گے اس فلم میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور کاجول نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں گلوکار بی پراک کا کہنا تھا کہ اگر آپ پورے دل سے کوئی خواب دیکھتے ہیں تو خواب ظاہر ہونا شروع ہو جاتا ہے اور وہ سچ ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہوہی ہے کہ مجھے شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی کے لیے ایک گانا گانے کا اعزاز ملا ہے مجھے امید ہے کہ آپ کو ہماری کوششیں پسند آئیں گی۔ میرا ایک ہی خواب ہے کہ اس جادوئی گیت کو دوبارہ تخلیق کروں اور اپنے انداز میں گائوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری درخواست کو قبول کرنے اور ہم پر بھروسہ کرنے کے لیے کرن جوہر کا شکریہ، ہم آپ کے جادوئی گانے کے ساتھ انصاف کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کیخلاف سائفر کیس میں ٹرائل روکنے اور اخراج مقدمہ کی درخواستیں یکجا



اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس کا ٹرائل روکنے اور مقدمہ خارج کرنے کی درخواستیں یکجا کر دی ہیں۔

عدالت العالیہ اسلام آباد کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے ہائیکورٹ میں دلائل دیئے کہ ہمیں آفیشل سیکرٹ ایکٹ سے متعلق کافی خدشات ہیں، میرے مئوکل کو بے گناہ جیل میں رکھا گیا ہے۔

لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی راجہ بازار میں تقریر کے دوران ایسے ہی بتایا تھا تو کیا ہوا۔ بتایا جائے کون سی سکریسی لیک ہو رہی ہے۔

دوران سماعت لطیف کھوسہ نے آئندہ سماعت 17 تاریخ سے پہلے کرنے کی درخواست کی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 17 اکتوبر کو کیا ہونا ہے؟ جس پر لطیف کھوسہ نے کہاکہ 17 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ دی گئی ہے۔

اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں دیکھ لیتا ہوں، 17 اکتوبر سے پہلے کیس لگا دیا جائے گا۔

بعد ازاں سائفر کیس میں ٹرائل روکنے کی درخواست مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کے ساتھ یکجا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔

مودی کے جنونی بھارت میں کرکٹ سے الفت نے نفرت کو ہرا دیا، احمد آباد میں پاکستانی ٹیم کا شاندار استقبال



پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت کے شہر حیدرآباد دکن سے احمد آباد پہنچ گئی ہے، قومی ٹیم کا احمد آباد پہنچنے پر فقیدالمثال استقبال کیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو شائقین کرکٹ کی جانب سے روایتی شال پیش کر کے محبت کا اظہار کیا گیا۔

14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمدآباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

قومی کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف بھی آج بھارت روانہ ہوں گے جہاں وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ دیکھیں گے اور اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

ذکا اشرف نے کہا ہے کہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے، امید ہے شاہین اپنی بہترین کارکردگی سے ہمیں فخر کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔