Tag Archives: آئی سی سی

پاکستان سیمی فائنل تک کیسے پہنچ سکتاہے؟ اگر مگر کا مکمل خاکہ دیکھیں



پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریباً آؤٹ ہوچکی ہے لیکن لاتعداد شائقین اب بھی یہ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ پاکستان سیمی فائنل تک پہنچ سکتا ہے لیکن اس کا انحصار دوسری ٹیموں کے میچز پر ہوگا۔

رواں ورلڈ کپ میں پاکستان نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے  نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف پاکستان کو فتح حاصل ہوئی جبکہ  بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقا سے شکست ہوئی۔

مسلسل چار شکستوں کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہوچکے ہیں لیکن مکمل طور پرختم نہیں ہوئے۔

پاکستانی ٹیم کس طرح سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے؟

پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے نہ  صرف آئندہ کھیلے جانے والے 3 میچز جیتنا ہوں گے بلکہ دیگر ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا ۔

پاکستان اس صورت میں سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے جب آسٹریلیا اپنے چار میچز میں سے تین یا کم ازکم دو میچز میں شکست کھائے جو کہ مشکل ہے کیونکہ کینگروز کے دو میچز افغانستان اور بنگلا دیش کے خلاف ہیں ۔

اگر آسٹریلیا بنگلا دیش یا افغانستان کے خلاف جیتتا ہے لیکن نیوزی لینڈ سے ہار جاتا ہے تو نیٹ رن ریٹ سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کرے گا۔

ورلڈ کپ میں ابھی 18 میچز باقی ہیں، انگلینڈ، بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا، نیدر لینڈ کی ٹیمیں اگر مزید ایک ایک میچ بھی ہار گئیں تو وہ میگاایونٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے آؤٹ ہوجائیں گی، پاکستان کے آگے جانے کا مکمل انحصار آسٹریلیا کی شکستوں پر ہے جس کے امکانات کم ہیں۔

اگر مگر کا مکمل خاکہ۔

نیوزی لینڈ آسٹریلیا کو شکست دے

بنگلہ دیش نیدر لینڈ کو شکست دے

 انڈیا انگلینڈ کو شکست دے

سری لنکا افغانستان کو شکست دے

پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دے

نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کو شکست دے

انڈیا سری لنکا کو شکست دے

 افغانستان نیدر لینڈ کو شکست دے

پاکستان نیوزی لینڈ سے جیت جائے

انگلینڈ آسٹریلیا سے جیت جائے

انڈیا جنوبی افریقہ سے جیت جائے

سری لنکا بنگلہ دیش سے جیت جائے

آسٹریلیا افغانستان سے ہار جائے

انگلینڈ نیدر لینڈ سے جیت جائے

سری لنکا نیوزی لینڈ سے ہار جائے

جنوبی افریقہ افغانستان سے جیت جائے

بنگلہ دیش آسٹریلیا کو شکست دے دے

پاکستان انگلینڈ سے جیت جائے

انڈیا نیدر لینڈ سے جیت جائے

اگر تمام نتائج مذکورہ چارٹ کے مطابق نکلتے ہیں تو بھارت، نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ اور پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے

اگر آسٹریلیا بنگلا دیش کے خلاف جیت جائے توپاکستان اور آسٹریلیا کے 10 پوائنٹس پر فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

آئی سی سی نے ڈی آر ایس سسٹم کی غلطی تسلیم کر لی



آئی سی سی نے ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے اہم میچ میں ڈی آر ایس سسٹم کی غلطی تسلیم کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک موقع پر پاکستان کو جیت کے لیے ایک وکٹ اور جنوبی افریقا کو 8 رنز درکار تھے، ایسے میں حارث رؤف کی ایک گیند جنوبی افریقی بیٹر تبریز شمسی کے پیڈ پر لگی تو پاکستان کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی گئی تاہم امپائر کی جانب سے کوئی جواب نہ دیا گیا جس پر پاکستان نے ریویو لیا۔

ریویو میں دیکھا گیا کہ گیند اسٹمپس سے ٹکرا رہی ہے لیکن اس کا آدھے سے زیادہ حصہ باہر ہے جس کے باعث قوانین کے تحت امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے تھرڈ امپائر نے تبریز شمسی کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

میچ کے دوران ایک اور فیصلہ بھی سوشل میڈیا پر بحث کی وجہ بنا جس پر آئی سی سی کو وضاحت بھی دینا پڑی۔

جنوبی افریقا کی اننگز کے 19 ویں اوور میں اسامہ میر کی ایک گیند پروٹیز بیٹر رسی وین ڈر ڈوسن کے پیڈ پر لگی، اسامہ میر کی جانب سے زوردار اپیل کی گئی جس پر امپائر پال ریفل نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

پروٹیز بیٹر کی جانب سے امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا گیا اور جب ٹی وی پر ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے گیند کو دکھایا گیا تو اسامہ میر کی فلیپر گیند کو پہلے وکٹوں سے بہت باہر جاتے دکھایا گیا لیکن کچھ ہی لمحے بعد ایک اور ٹی وی ری پلے دکھایا گیا جس پر گیند وکٹوں کو چھو رہی تھی۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد آئی سی سی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس پر آئی سی سی کو معاملے کی وضاحت بھی دینا پڑی۔

آئی سی سی کی جانب سے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے دکھائے گئے ڈی آر ایس ری پلے میں غلطی تھی جبکہ دوسرا ڈی آر ایس ری پلے درست تھا اس لیے وین ڈر ڈوسن کو 21 رنز پر آؤٹ قرار دیا گیا کیونکہ اسامہ میر کی فلیپر گیند سیدھی وکٹوں کو چھو رہی تھی۔

کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی نیدرلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری



کرکٹ کے عالمی مقابلے بھارت میں جاری ہیں، آج کے میچ میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔

آج کے میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کھیل جاری ہے۔

آسٹریلیا اور نیدرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ ارجن جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔

میگا ایونٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ نیدر لینڈ کی ٹیم نے 4 میچز کھیل کر صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے۔

انگلینڈ کے لئے ورلڈ کپ میں مارو یا مرو جیسی صورتحال



دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے لئے ورلڈ کپ میں مارو یا مرو جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔
بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی انگلینڈ کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہورہی ہے۔ نیوزی لینڈ افغانستان اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلش ٹیم کے پاس ٹورنامنٹ میں واپسی کے راستے ناممکن تو نہیں لیکن انتہائی مشکل ضرور ہو گئے ہیں۔
افغانستان جیسی کمزور ٹیم سے شکست کے بعد انگلش ٹیم کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب جنوبی افریقہ نے اسے 229 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی ۔ یہ اب تک رنز کے اعتبار سے انگلینڈ کی سب سے بدترین شکست ہے۔
جنوبی افریقہ سے شکست کے بعدانگلش ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن پر آگئی ہے۔ سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں شامل رہنے کے لئے انگلینڈ کو سری لنکا، بھارت، پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف لازمی فتح درکار ہے، ایک بھی شکست انگلش ٹیم کو ٹورنامنٹ سے آئوٹ کردے گی۔
دوسری طرف انگلینڈ ٹیم اپنے اہم فاسٹ بولر سے بھی محروم ہوگئی ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر ریسے ٹوپلی انگلی میں فریکچر کی وجہ سے ورلڈکپ کے دیگر میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
ٹوپلی کوجنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران انگلی میں چوٹ لگی تھی

ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کوفیورٹ قرار دیاجا رہاتھا لیکن پے درپے شکستوں کے بعد انگلش ٹیم بددلی کاشکارنظرآتی ہے۔

ورلڈکپ میں سری لنکا کی پہلی فتح، نیدر لینڈ کو5 وکٹوں سے شکست دے دی



 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 19ویں میچ میں سری لنکا نے  نیدر لینڈ کو شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کر لی تاہم پہلی کامیابی کے باوجود سری لنکا کی پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن ہے۔

سری لنکا اور نیدر لینڈ کا میچ بھارتی شہر لکھنئو کے اکانا سپورٹس سٹی میں کھیلا گیا۔ نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے 263 رنز کا ٹارگٹ دیا جسے سری لنکا نے 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

نیدر لینڈ کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 262 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ہدف ک تعاقب میں سری لنکا کی پہلی تین وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم قدرے دبائو میں آگئی تاہم اس کے بعدسدیرا سمارا وکرما کی91 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکن ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔اسالانکا نے بھی44 رنز بنائے جبکہ اوپنرنیسانکا54 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں ڈی سلوا نے بھی 30 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ ایونٹ میں سری لنکا کی پہلی فتح ہے اس سے قبل سری لنکن ٹیم اپنے تینوں میچز میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔ سری لنکن ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں چار میچز کھیل چکی ہے جن میں سے صرف ایک میچ جیت سکی جبکہ نیدر لینڈ کی ٹیم بھی چار میچز میں سے صرف ایک میچ ہی جیت سکی ہے جب انہوں نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔

کرکٹ ورلڈ کپ: بنگلا دیش کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری



کرکٹ کا عالمی مقابلہ بھارت میں جاری ہے، ایونٹ کے 17ویں میچ میں آج بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔

بنگلا دیش نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کھیل جاری ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا 17واں میچ بنگلا دیش اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان بھارتی شہر پونے میں مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔

بھارت کی کرکٹ ٹیم نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں اور ناقابل شکست ہے جبکہ بنگلا دیش کی ٹیم نے 3 میچز کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی ہے اور 2 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آج کے میچ کے لیے بھارتی اسکواڈ میں روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، جدیجا، شردل، بمراہ، کلدیپ یادیو، محمد سراج شامل ہیں۔

بنگلا دیش کے اسکواڈ میں نجم الحسین، لٹن داس، مہدی حسن مرزا، مشفیق الرحیم، توحید، محمداللہ، نسوم احمد، حسن محمود، مستفیظ الرحمان، شریف الاسلام شامل ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں بابراعظم کی بادشاہت برقرار



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے۔
آئی سی سی نے بدھ کو تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹ کی ہے جس کے مطابق بابر اعظم 836 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے بیٹرز میں سرفہرست جبکہ بھارتی اوپنر شبمن گل 818 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکا البتہ شاہین آفریدی ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کادوسرا بڑا اپ سیٹ: نیدر لینڈ نے فیورٹ جنوبی افریقہ کو شکست دے دی



بھارت میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ  میں نیدر لینڈ نے فیورٹ جنوبی افریقہ کو شکست  دے کر دوسرا اپ سیٹ کردیا اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو69 رنز سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔
ورلڈ کپ کے15 ویں میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 246 رنز کا ہدف  دیا  جس کے جواب میں  ابتدائی چار وکٹیں جلدی گرنے کے بعد ٹیم دبائو کاشکار ہوگئی ۔ جنوبی افریقہ کی 44 کے سکور پر4 وکٹیں گر چکی تھیں ۔ 89 سکور پر جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم پویلین جاچکی تھی۔ ملر43 اورکلاسن 28 رنز بناکر آئوٹ ہوئے  توٹیم کی فتح کی امیدیں دم توڑ گئی تھیں،جنوبی افریقہ کے مسلمان کرکتر مہاراج نے کچھ مزاحمت کی مگر اپنی ٹیم کو فتح نہ دلواسکے مہاراج نے رنز بنائے،۔جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 207 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اس طرح نیدر لینڈ نے یہ میچ 38 رنز سے جیت لیا
دھرمشالا میں میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کافیصلہ کیا، بارش سے متاثرہ اس میچ میں فی اننگ 43 اوورز تک محدود کر دی گئی تھی۔
نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 245 رنز اسکور کیے، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 78 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
وین ڈر میروی نے 29، تیجا نیدا منرو 20 اور آریان دت نے 23 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لونگی نگیٹی ، مارکو جانسن اور کگیسو رباڈا کی 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

ورلڈکپ آئی سی سی کا نہیں بھارتی بورڈ کاایونٹ لگ رہا ہے ، مکی آرتھر اور بریڈ برن برس پڑے



پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے پاکستانی شائقین کو ویزے جاری نہ کرنے پر بھارت کوآڑے ہاتھوں لے لیا۔
ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے احمد آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاک بھارت میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ‘دل دل پاکستان’ کی کوئی گونج نہیں سنی۔ ورلڈ کپ آئی سی سی کا نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ایونٹ لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سپورٹ بھارت میں نہ ہونے کو شکست کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کروں گا۔ خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت فائنل میں دوبارہ مدمقابل آئیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈ برن نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کوسخت تنقید کانشانہ بنایاہے ۔
احمد آباد میں پریس کانفرنس کےد وران بریڈ برن کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں آئی سی سی ایونٹ کاماحول نظر نہیں آرہاتھا یہ پوری طرح بھارت کاایونٹ لگ رہاتھا، پاکستان کے شائقین کوویزے نہیں دیئے گئے ، گرائونڈ میں پاکستان ٹیم کے حق میں کوئی میوزک اور سپورٹ نظر نہیں آئی اس سے ماحول پرکافی اثر پڑتاہے۔
ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کی کمی شدت سے محسوس کررہے ہیں، ورلڈ کپ کاہرمیچ اہم ہے اور ہرحریف سخت ہے، ہم یہاں ہارنے نہیں آئے آج کے میچ میں کھلاڑیوں نے کھیل کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ: شاہد آفریدی نے بابراعظم سے امیدیں وابستہ کر لیں



قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل قومی کپتان بابر اعظم سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں جیت پر میں نے بابر اعظم کو مبارکباد دی ہے اور اعتماد دیا ہے کہ وہ میچ ونر کھلاڑی ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہاکہ قومی کپتان بابراعظم آئندہ آنے والے میچوں میں ضرور پرفارم کریں گے۔

سابق کپتان نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف میچ میں قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا لیکن بابر اعظم ورلڈ کپ کے بڑے میچوں میں پاکستان کے لیے سینچری بنائے گا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 14 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندرامودی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی سورمائوں کا سامنا کرے گی۔

محمد رضوان کی غزہ سے متعلق ٹوئٹ، آئی سی سی کا موقف بھی سامنے آ گیا



پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے کی گئی حالیہ ٹوئٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

قومی ٹیم کے بیٹر نے ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا کے خلاف جیت کو غزہ بہن بھائیوں کے نام کرتے ہوئے ٹوئٹ کی تھی۔

محمد رضوان کے ٹوئٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث شروع ہو گئی تھی۔ بھارت کے اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتان نے پر آئی سی سی سے سوال بھی کر دیا تھا۔

اب آئی سی سی کے ترجمان نے اس پر اپنا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان ، پاکستان کا کوئی کھلاڑی بھی شامل نہیں



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی  نے ستمبر کے مہینے کے مین اور ویمن پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ نامزدگیوں میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں جب کہ بھارت کے دو کرکٹرز کو نامزد کیا گیا ہے۔

نامزدگیوں کا اعلان کھلاڑیوں کی ستمبر کے مہینے کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا، بھارت کے شبمن گل اور محمد سراج پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کو بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا۔

دوسری جانب آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ کے لیے ساؤتھ افریقا کی لاورا ولفارٹ اور نڈائن ڈی کلرک اور سری لنکا کی چمازی اتھاپتھو کو نامزد کیا گیا ہے۔