جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کوایک وکٹ سے شکست دے کرپوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی،1999 کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں پروٹیز کی پاکستان کے خلاف یہ پہلی فتح ہے ۔
میگاایونٹ میں تاریخ میں پہلی بارمسلسل چوتھی شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً معدوم ہوگئے ہیں
پروٹیز نے 271 رنز کاہدف48ویں اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اینڈن مارکرم نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کے لئے عمدہ اننگز کھیلی وہ93 گیندوں پر91 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔
افریقی کپتان تیمبا باووما نے 28، کوئن ڈی کوک نے 24،دوسین نے21 اور کلاسن نے 12 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر29 ،جانسین 20رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔
پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پورے اوور بھی نہ کھیل سکی اور 47 ویں اوور میں 270 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھرناکام رہی، عبد اللہ شفیق 17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ،امام الحق بھی 18 گیندوں پر 12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔
محمد رضوان 27 گیندوں پر31 اور افتخار احمد31 گیندوں پر21 رنز بناسکے ، کپتان بابراعظم بھی 65 گیندوں پر50 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہو گئے۔
شاداب خان اور سعود شکیل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں84 رنز بنا کرسکور تک225 تک پہنچایا مگر اس موقع پر شاداب خان ایک غلط شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آئوٹ ہوگئے، شاداب نے 36 گیندوں پر43 رنز بنائے ۔
شاداب کے بعد سعودشکیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 52 گیندوں پر52 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔
شاہین آفریدی صرف 2 رنز بناسکے،نواز24 گیندوں پر24 رنز کر ایک ایسے موقع پر آئوٹ ہوگئے جب ٹیم کو ان کی سخت ضرورت تھی۔
جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل ہوگیا،گرین شرٹس نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور اسے 4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان کے ابھی 3 میچز باقی ہیں، گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے قومی ٹیم کو اپنے بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
مینز ون ڈے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ایک ورلڈکپ میں مسلسل 4 میچز میں شکست ہوئی ہے۔
رواں ورلڈکپ میں پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی لیکن پھر بھارت، آسٹریلیا ، افغانستان اور اب جنوبی افریقا سے شکست ہوئی ہے۔
بہت افسوس ہے انتہائی قریب پہنچ کر نہ جیت سکے،بابراعظم
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے جیتنے کا اچھا موقع گنوا دیا جو کہ انتہائی مایوس کن اور قابل افسوس ہے کیونکہ ہم قریب پہنچنے کے باوجود بھی میچ میں فتح حاصل نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بولرز نے زبردست مقابلہ کیا مگر افسوس کے قریب پہنچنے کے باوجود میچ ہمارے حق میں نہیں رہا، آئندہ تین میچز میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے شکست کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہم نے موقع گنوایا وہیں جنوبی افریقا کے کھلاڑی تبریز شمسی نے کنڈیشن کا فائدہ اٹھایا اور اُسی حساب سے بولنگ کی
پاکستان ناقص امپائرنگ اور خراب قوانین کی وجہ سے ہارا
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد امپائرنگ کو پاکستان کی شکست کی وجہ سمجھ رہے ہیں۔ 46 ویں اوور کی آخری گیند پر تبریز شمسی
کے پیڈز پر جب گیند لگی تو آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ نہ دیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو ریویو لینا پڑا
ری ویو میں نظر آیا کہ حارث رؤف کی گیند تبریز شمی کے پیڈز پر لگی اور گیند تیسرے سٹمپ پر ہِٹ ہو رہی تھی لیکن چونکہ آن فیلڈ امپائر پہلے جنوبی افریقی کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ دے چکے تھے اس لیے یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کے حق میں گیا۔