Tag Archives: پاکستان

پاکستان کو پہلی بارمسلسل چوتھی شکست، ناقص امپائرنگ اور خراب قوانین نے فتح پروٹیز کی جھولی میں ڈال دی



جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے  انتہائی اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کوایک وکٹ سے شکست دے کرپوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی،1999 کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں پروٹیز کی پاکستان کے خلاف یہ پہلی فتح ہے ۔

میگاایونٹ میں  تاریخ میں پہلی بارمسلسل چوتھی شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً معدوم ہوگئے ہیں

پروٹیز نے 271 رنز کاہدف48ویں اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اینڈن مارکرم نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کے لئے عمدہ اننگز کھیلی وہ93 گیندوں پر91 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔

افریقی کپتان تیمبا باووما نے 28، کوئن ڈی کوک نے 24،دوسین نے21 اور کلاسن نے 12 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر29 ،جانسین 20رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔

پاکستانی ٹیم  پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پورے اوور بھی نہ کھیل سکی اور 47 ویں اوور میں 270 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھرناکام رہی، عبد اللہ شفیق  17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ،امام الحق بھی  18 گیندوں پر  12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔

محمد رضوان 27 گیندوں پر31 اور افتخار احمد31 گیندوں پر21 رنز بناسکے ، کپتان بابراعظم بھی 65 گیندوں پر50 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہو گئے۔

شاداب خان اور سعود شکیل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں84 رنز بنا کرسکور تک225 تک پہنچایا مگر اس موقع پر شاداب خان ایک غلط شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آئوٹ ہوگئے، شاداب نے  36 گیندوں پر43 رنز بنائے ۔

شاداب کے بعد سعودشکیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 52 گیندوں پر52 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔

شاہین آفریدی صرف 2 رنز بناسکے،نواز24 گیندوں پر24 رنز کر ایک ایسے موقع پر آئوٹ ہوگئے جب ٹیم کو ان کی سخت ضرورت تھی۔

جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل ہوگیا،گرین شرٹس نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور اسے 4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان کے ابھی 3 میچز باقی ہیں، گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے قومی ٹیم کو اپنے بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

مینز ون ڈے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ایک ورلڈکپ میں مسلسل 4 میچز میں شکست ہوئی ہے۔

رواں ورلڈکپ میں پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی لیکن پھر بھارت، آسٹریلیا ، افغانستان اور اب جنوبی افریقا سے شکست ہوئی ہے۔

بہت افسوس ہے انتہائی قریب پہنچ کر نہ جیت سکے،بابراعظم

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے جیتنے کا اچھا موقع گنوا دیا جو کہ انتہائی مایوس کن اور قابل افسوس ہے کیونکہ ہم قریب پہنچنے کے باوجود بھی  میچ میں فتح حاصل نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بولرز نے زبردست مقابلہ کیا مگر افسوس کے قریب پہنچنے کے باوجود میچ ہمارے حق میں نہیں رہا، آئندہ تین میچز میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے شکست کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہم نے موقع گنوایا وہیں جنوبی افریقا کے کھلاڑی تبریز شمسی نے کنڈیشن کا فائدہ اٹھایا اور اُسی حساب سے بولنگ کی

پاکستان ناقص امپائرنگ اور خراب قوانین کی وجہ سے ہارا

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد امپائرنگ کو پاکستان کی شکست کی وجہ سمجھ رہے ہیں۔ 46 ویں اوور کی آخری گیند پر تبریز شمسی 

کے پیڈز پر جب گیند لگی تو آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ نہ دیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو ریویو لینا پڑا

ری ویو میں نظر آیا کہ حارث رؤف کی گیند تبریز شمی کے پیڈز پر لگی اور گیند تیسرے سٹمپ پر ہِٹ ہو رہی تھی لیکن چونکہ آن فیلڈ امپائر پہلے جنوبی افریقی کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ دے چکے تھے اس لیے یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کے حق میں گیا۔

گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے پروٹیز کے خلاف لازمی فتح درکار



آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کل 27 اکتوبر کوآمنے سامنے آئیں گی۔
پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے اگلے چاروں میچزمیں لازمی فتح درکار ہے۔

دونوں ٹیمیں چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی

بھارت اور آسٹریلیا کے بعد افغانستان کے ہاتھوں شکست نے گرین شرٹس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔

پاکستان کے پاس پروٹیز کو ہرانے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھنے کا یہ آخری موقع ہے۔

ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں 5 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جہاں پروٹیز کا پلڑا بھاری ہے۔ انہوں نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان محض 2 فتوحات حاصل کرسکا۔

آخری بار دونوں ٹیمیں 2015 اور 2019 میں آمنے سامنے آئیں اور دونوں مرتبہ ہی پاکستان فاتح رہا۔

غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی واپسی جاری



غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی اپنے ملک میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد سے اب تک 67 ہزار 980 پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔

طورخم اور چمن بارڈر کے ذریعے افغان شہری واپس اپنے ملک میں جا رہے ہیں، 24 اکتوبر کو 3 ہزار 185 افغان باشندے واپس اپنے ملک میں گئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 10 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجر موجود ہیں جبکہ 7 لاکھ 75 ہزار شہری غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے۔

بلوچستان میں تقریباً 8 لاکھ افغان باشندے رہ رہے ہیں جن میں سے اڑھائی لاکھ غیرقانونی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے غیرقانونی تارکین وطن کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے اس کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پاکستان کا سلامتی کونسل میں فلسطین کی بھرپور حمایت کا اعلان



پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس نے فلسطین کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام کی جدوجہد کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، وہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کو حق خودارادیت اور مکمل آزادی کا حق حاصل ہے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسرائیلی بمباری کے متاثرین کے لیے امداد لے جانے سے روکنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں سیکیورٹی کونسل پر زور دیا کہ اسرائیل کو عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ ڈار ٹھہرایا جائے۔

افغانستان، پاکستان: تناؤ سے تصادم کی جانب



تحریر:۔ سلیم صافی

گزشتہ ڈیڑھ ماہ علیل رہا۔علالت اتنی شدید تھی کہ ڈاکٹروں نے ذہنی دبائو سے بچنے کیلئےنیوز چینلز ،سوشل میڈیااور اخبار دیکھنے سے بھی گریز کی ہدایت دی تھی۔ اسلئے میں اس دوران سیاسی، معاشی اورخارجی محاذوں پر ہونے والے واقعات اور پیش رفت سے بے خبر رہا۔ حتیٰ کہ فلسطین میں نئی جنگ کا دو روز بعد پتہ چلا۔اللہ رب العالمین کے بے پناہ کرم اور کرم فرمائوں کی دعائوں کی برکت سے الحمدللہ اب میرے انفیکشنز مکمل ختم ہوگئے ہیں۔ اس دوران مجھے یہ سبق ملا کہ ہم روز میڈیا سے اس سوچ کے ساتھ جڑے رہتے ہیں کہ نہ جانے ایک منٹ میں کونسی قیامت آئی ہوگی لیکن اگر ہم سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر اپنا وقت صرف نہ کریں تو بھی کوئی قیامت نہیں آتی ۔ دوسرا سبق یہ ملا کہ ہم میں سے ہر کوئی اپنے آپ کو بہت اہم سمجھتا ہےحالانکہ ہم نہیں ہوں گے یا اس دنیا سے جائیں گے، تو دو دن بعد ہماری جگہ کوئی اور پُر کردیگا۔اسی لئے اللہ نے سورہ آل عمران میں ارشاد فرمایاہے کہ :اور یہ دن ہیں جو ہم لوگوں کے درمیان پھیرتے رہتے ہیں۔

میری غیرحاضری کے دوران ملکی سطح پر کچھ اچھے اور حوصلہ افزا اقدامات بھی ہوئے جن میں ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قدر کی کمی اور میاں نواز شریف کی واپسی جیسے اقدامات شامل تھے لیکن ایک تو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نئی بربریت کے آغاز اور دوسراافغانستان اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی کشیدگی سے بڑا دکھ ہوا۔ فلسطین کا زخم بہت گہرا اور مسئلہ نہائت سنگین ہے لیکن ظاہر ہے اس میں ہم یا ہماری حکومت ایک حد سے زیادہ کچھ نہیں کرسکتی۔ البتہ افغانستان کا معاملہ ہمارا اپنا کیا دھرا ہے اس لئے اس ضمن میں پہلی گزارش تو یہ ہےکہ حکومت پاکستان اور امارات اسلامی افغانستان دونوں کا ایک دوسرے سے متعلق رویہ مناسب نہیں۔ پاکستان صرف افغان طالبان پر احسانات کو مدنظر رکھ کر مطالبات کررہا ہے اور یہ تاثر دے رہا ہے کہ امارات اسلامی کے ذمہ داران احسان فراموشی کررہے ہیں جبکہ افغان طالبان اس وقت پاکستان کے احسانات کی بجائے ’وار آن ٹیرر ‘میں اس کے امریکہ کا ساتھ دینے اور پچھلے برسوں میں بعض افغان طالبان رہنمائوں کے پاکستان میں قتل کو سامنے لاکر ایسا تاثر دے رہے ہیں کہ پاکستان نے ان کی خاطر کچھ نہیں کیا۔ پاکستان کی یہ تشویش بالکل بجا ہے کہ طالبان کے زیراستعمال افغان سرزمین اسکے خلاف استعمال ہورہی ہے لیکن وہ جس طرح افغان طالبان سے ایک ہی دن میں ٹی ٹی پی کے مسئلے کو حل کرانے کا مطالبہ کررہا ہے، مناسب نہیں اور اسے اماراتِ اسلامی کی اندرونی اور نظریاتی مجبوریوں کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ دوسرا ماضی قریب میں پاکستان نے افغان طالبان کو ایک عذر بھی ہاتھ دے دیا ہے۔ہماری موجودہ سیاسی اور عسکری قیادت یقیناً اس عمل کی مخالف تھی یا اس میں شریک نہیں تھی لیکن طالبان تو پاکستان کو جنرل باجوہ اور جنرل حافظ عاصم منیر یا پھر عمران خان اور شہباز شریف کے تناظر میں نہیں دیکھتے ۔ وہ یہ کہتے ہیں کہ ریاست پاکستان نے (جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید ) یا پھر عمران خان کے کہنے پرہم نے ٹی ٹی پی کو پاکستانی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کیلئے بٹھایا لیکن معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر پاکستان نے یک طرفہ طور پر وہ سلسلہ ختم کیا۔ اس طرح ہمارے ماضی کے انصار اور محسن (ٹی ٹی پی) کے سامنے ہماری اخلاقی پوزیشن کمزور ہوگئی۔ امارات اسلامی کی طرف سے یہ غلطی ہورہی ہے کہ وہ صرف افغانستان میں رہنے والے افغانوں کے مسائل کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں حالانکہ اگر امارات اسلامی کے کسی قدم کے رد عمل میں مہاجرین کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو روز قیامت اس کا بھی امارات اسلامی کے ذمہ داران سے پوچھا جائے گا ۔ ریاست پاکستان کی یہ خواہش اور کوشش بالکل حق بجانب ہے کہ یہاں پر مقیم غیرملکی خواہ وہ افغانستان کے ہوں، ایران کے یا کسی اور کے ، کو قانونی تقاضے پورا کرنے پر مجبور کرے یا انکی انکے ممالک واپسی کی راہ ہموار کرے لیکن امارات اسلامی سے ناراضی کی سزا مہاجرین کو دینا مناسب نہیں۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ جن لوگوں کے ویزے ایکسپائر ہوگئے ہیں یا جن کے پاس قانونی دستاویزات نہیں، وہ زیادہ تر وہ افغان ہیں جو طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد یہاں آئے ہیں ۔ ان لوگوں کی نہ امارات اسلامی سے ہمدردی ہے اور نہ شاید ان کی واپسی سےامارات اسلامی پریشان ہوگی۔ جو طالبان کے وابستگان تھے یا پھر سابق مجاہدین تھے ، ان کی اکثریت کے پاس پاکستان کی قانونی اور کمپیوٹرائزڈ دستاویزات موجود ہیں۔ یوں کارروائی کی زد میں پہلے نمبر پر یا تو وہ افغان آئیں گے جو بالکل بے آسرا ہیں یا پھر وہ آئیں گےجو طالبان کے اقتدار کے بعد یہاں آئے ہیں ۔ ریاست پاکستان سے میری گزارش ہوگی کہ وہ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے۔ جو لوگ طالبان کے قبضے کے بعد یہاں آئے ہیں، ان کو رجسٹریشن اور طویل المیعاد ویزے جاری کرنے کی سہولت دے۔ اسی طرح یواے ای کی حکومت کی طرز پر امیرافغانوں کیلئے دس سال کے گولڈن ویزے جاری کرنے ، بینک اکائونٹ کھولنے، پراپرٹی خریدنے اور کاروبار کرنے کی اجازت دے۔ اگرچہ وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بار بار پولیس کو یہ ہدایت کررہے ہیں کہ وہ قانونی دستاویزات رکھنے والے افغانوں کو تنگ نہ کرے لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکومتی اعلان کے بعد پولیس بہت ساری جگہوں پر قانونی دستاویزات رکھنے والے مہاجرین کو بھی تنگ کررہی ہے ۔ سندھ سے سب سے زیادہ شکایات موصول ہورہی ہیں اور ایسے کیسز بھی ہوئے ہیں کہ جب مہاجر قانونی دستاویزات دکھاتا ہے تو پولیس والا اسے گرفتار کرکے دستاویزات پھاڑ دیتا ہے۔یہاں میں دونوں حکومتوں کو متنبہ کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ مغربی طاقتیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دونوں کو ورغلا کر لڑانا چاہتی ہیں۔ اس لئے پاکستان اور امارات اسلامی کو یہ پہلو بھی مدنظر رکھ کر تحمل سے کام لینا چاہئے اور ایک دوسرے کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کی بجائے ان مجبوریوں کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ آخر میں اپنے ہم پیشہ لوگوں سے ایک اپیل یوں کرنا چاہوں گا کہ گزشتہ برسوں میں ڈیڑھ سو کے قریب افغان صحافی پاکستان آئے۔ ان میں اکثریت کے ویزے کی میعاد ختم ہوگئی ہے ۔ ہم گزشتہ ایک سال سے کوشش کررہے ہیں کہ انہیں لانگ ٹرم ویزے دلوا دیں لیکن کہیں نہ کہیں سے رکاوٹ حائل ہوجاتی ہے جبکہ وہ بیچارے گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے اور نہ کوئی روزگارحاصل کر سکتے ہیں۔ میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور دیگر متعلقہ بااختیار لوگوں سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فی الفور ان مردوخواتین افغان صحافیوں کو لانگ ٹرم اور ورکنگ ویزے جاری کریں۔

بشکریہ جنگ نیوز اردو

پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ تاریخی ویب سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کا ٹیزر جاری



پاکستان اور ترکیہ کے فنکاروں کی جانب سے مل کر بنائی جانے والی ویب سیریز القدس صلاح الدین ایوبی کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔

اسلامی تاریخ کے مشہور حکمران اور فوجی کمانڈر سلطان صلاح الدین کی زندگی پر مبنی نئی ویب سیریز کا سب کو انتظار ہے۔

سلطان صلاح الدین نے بیت المقدس کو فتح کیا تھا اور یہ ویب سیریز ایسے وقت میں آ رہی ہے جب اسرائیل اور فلسطین تنازع سلگ رہا ہے۔

ترکیہ کے معروف اداکار اوورگونیش نے فلم میں سلطان صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، کاشف انصاری، جنید علی شاہ اور دیگر بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ٹیزر شیئر کرتے ہوئے ناظرین کو خبر دی۔

پاکستان اور ترکیہ کے فنکاروں کے اشتراک سے بنائی گئی ویب سیریز آئندہ ماہ 13 نومبر کو ریلیز کی جائے گی جسے دیکھنے کا لوگوں کو شدت سے انتظار ہے۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کی مسلسل دوسری شکست، آسٹریلیا نے گرین شرٹس سے چوتھی پوزیشن چھین لی



بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے  18 ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو62 رنز سے شکست دے کرچوتھی پوزیشن بھی چھین لی۔368 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 305 رنز بنا کرآئوٹ ہوگئی،،163 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔  یہ اس ایونٹ میں پاکستان کی مسلسل دوسری شکست ہے جس کے بعد پاکستان ٹاپ فور ٹیموں سے ڈراپ ہو کر پانچویں نمبر پرآگیا ہے ۔

تاریخی ہدف کے  تعاقب میں پاکستان نے عمدہ آغاز کیا لیکن اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بلے باز ذمہ داری کامظاہرہ  نہ کرسکا۔ امام الحق70 اور عبداللہ شفیق64 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔پاکستان کی پہلی وکٹ 134 کے سکور پرگری جب عبداللہ شفیق کیچ آئوٹ ہوگئے۔154 کے سکور پرامام الحق بھی ساتھ چھوڑ گئے۔175 کے سکور پر کپتان بابراعظم بھی 18 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 46 اور سعود شکیل30 اورافتخار احمد26 رنز بناسکے، محمد نواز نے14 اور شاہین آفریدی نے 10 سکور بنائے، پاکستان کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں ہی آئوٹ ہوگئی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 367 رنز بنائے تھے ۔ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے چانس ملنے کے بعد163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ڈیوڈ وارنر کا جب اسامہ میر نے  شااہین آفریدی کی گیند پرکیچ ڈراپ کیا تو آسٹریلیا کا مجموعی سکور35 سے بھی کم تھا۔

 پاکستان کی طرف سے حارث رئوف سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں24 رنز دیئے جبکہ ابتدائی تین اوورز میں حارث رئوف کو47 رنز پڑ گئے۔

31 ویں اوورز میں آسٹریلیا کے دونوں اوپنرز نے اپنی سنچریاں مکمل کیں۔ ڈیوڈ وارنر نے جب 85 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی تواس  میں7 چوکے اور 6 شاندار چھکے شامل تھے جبکہ مچل مارش نے 101 گیندوں پر سنچری مکمل کی جس میں 10 چوکے اور 6 شاندار چھکے شامل تھے۔

34ویں اوور میں پاکستان کو259 رنز پہلی کامیابی ملی جب شاہین آفریدی کی گیند پرمچل مارش اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے،مچل مارش نے 108 گیندوں پر121 رنز بنائے جن میں9 چھکے اور 10چوکے شامل تھے، اگلی ہی گیند پر شاہین آفریدی نے میکسویل کو بھی کپتان بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرادیا۔ میکسویل کے بعد جب سمتھ بلے بازی کے لئے آئے تو کپتان بابراعظم نے اسامہ میر کی گیند پر ان کا آسان کیچ ڈراپ کردیا۔ آسٹریلیانے 300 رنز صرف 40 اوورز میں ہی مکمل کرلئے تھے  اور اس کے صرف تین کھلاڑی آئوٹ ہوئے تھے۔ 43 ویں اوور میں حارث رئوف نے ڈیوڈ وارنر کوشاداب خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا تو آسٹریلیا کا سکورچار وکٹوں کے نقصان پر325 رنز ہو چکا تھا۔ ڈیوڈ وارنر نے 9 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 124 گیندوں پر 163 رنز بنائے، دونوں اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد پاکستانی بولرز نے بعد میں آنے والے بلے بازوں کو کھل کر نہ کھیلنے دیا اور367 رنز بنا کرآئوٹ ہوگئی، پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب بولر شاہین آفریدی رہے جنہوں نے دس اوورز میں 54 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

حسن علی نے 8 اوورز میں57 رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے،افتخار احمد نے 8 اوورز میں37 رنز دیئے تاہم کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ حارث رئوف نے 8 اوورز میں83 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، اسامہ میر نے 9 اوورز میں82 رنز دیئے اور ایک وکٹ حاصل کرسکے، محمد نواز نے 7 اوورز میں43 رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

فلسطین میں امدادی سامان بھیج رہے ہیں فوج نہیں: پاکستان



ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال پر پاکستان سمیت ہر شخص تشویش میں مبتلا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کی حفاظت کے لئے فوج بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ دفتر خارجہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور مذاکرات کی بات کی، توقع ہے کہ یو این سیکیورٹی کونسل غزہ کی صورتحال پر خاطر خواہ اقدامات کرے گا۔
ممتاز زہرابلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی اعلامیے کا خیر مقدم کرتا ہے، اعلامیے میں غزہ کی ناکہ بندی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔ غزہ معاملے پر ترکیہ کی جانب سے گارنٹر کی بات کی گئی، گارنٹر پلان سے امن آتا ہے تو پاکستان خیر مقدم کریگا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی ابتر صورت حال کے پیش نظر امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے، آج سہ پہر کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے سامان مصر روانہ کیا جائے گا جو بعد میں غزہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں امن کے خواہاں ہیں، اسرائیلی وزیراعظم کا بیان مسترد کرتے ہیں کیوں کہ پاکستان کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات پر بیان بازی نہیں کرتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق چین کے دورے پر ہیں، انہوں نے چینی وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور اس دوران سی پیک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ممتاز زہرا نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ کی آج چینی صدر سے بھی ملاقات ہو گی، جس کے بعد نگراں وزیراعظم آج رات کو ارومچی روانہ ہو جائیں گے اور کل وطن واپس پہنچیں گے۔
انہوں نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان حقائق کے برعکس ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جو غیر قانونی تارکین وطن 31 اکتوبر تک نہیں جائیں گے یکم نومبر سے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اداکار فیصل قریشی نے بالی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی



کراچی (این این آئی) پاکستان کے نامور اداکار فیصل قریشی نے بالی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ بالی وڈ کا پاکستان مخالف پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔

حال ہی میں اداکار فیصل قریشی فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے بالی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ پوچھی؟ اس کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ ‘بالی وڈ سے میری بنتی نہیں ہے کیوں کہ میرے دل میں جو ہے میں اس کا اظہار کردیتا ہوں، میری اسی عادت کی وجہ سے میرے بھارتی مداح مجھ سے ناراض بھی ہوجاتے ہیں۔

فیصل قریشی نے کہا کہ اگر اس وقت کسی بھی اداکار کو بھارت میں اپنی فلم ہٹ کرنی ہے تو پاکستان کو گالی دینا ہوگی، شاہ رخ خان کی فلموں کو پاکستان میں ہر طرح سے سپورٹ ملا لیکن پھر شاہ رخ خان نے بھی وہی کیا۔

اداکار نے مزید کہا کہ بھارت میں فلمز ہٹ کرنے کیلئے پاکستان کو گندا کریں آپ آئی ایس آئی کو گندا کریں، یہی وہ چیزیں ہیں جن سے کوئی اداکار بھارت میں نام کما سکتا ہے لیکن یہ سب چیزیں دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ ‘جو سلوک بھارت میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہوا پاکستان میں ایسے کسی بھارتی کے ساتھ سلوک کا کوئی واقعہ نہیں ملے گا کیوں کہ پاکستانی گھر آنے والے کیلئے دل کھول دیتے ہیں۔

پاکستان میں 90 فیصد کاشتکار ٹیکس نہیں دیتے: عالمی بینک



مکوآنہ (این این آئی) عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں 90 فیصد کاشتکار ٹیکس نہیں دیتے، زرعی آمدن پر انکم ٹیکس وصولی کی بہتری سے ٹیکسوں کا حصہ ایک فیصد بڑھ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث ٹیکس وصولی متاثر ہوئی ہے۔

عالمی بینک رپورٹ کے مطابق ٹیکس اصلاحات پر عملدرآمد سے معیشت میں ٹیکس کا حصہ 2 فیصد بڑھ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 11 کروڑ 40 لاکھ افراد برسر روزگار ہیں اور 80 لاکھ افراد انکم ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ایف بی آر کا ٹیکسز کے لیے نظام تاحال پیچیدگیوں کا شکار ہے۔

غزہ میں جنگ بندی کے لئے پاکستان کااسلامی ممالک سے رابطہ،کل اہم اجلاس ہوگا



نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے جدہ میں موجود ہیں تاکہ غزہ کے بحران اور وہاں کے محصور شہریوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ اجلاس پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ طور پر بلایاہے۔
وزیرخارجہ اوآئی سی ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے مشاورت میں مصروف ہیں۔نہوں نے مصر، ایران، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ اس مشاورت کے دوران وزیر خارجہ نے غزہ میں اسرائیلی بمباری اورمحاصرے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ نےاس بات پرزوردیاہے کہ فوری طورپرجنگ بندی کروائی جائے تاکہ غزہ کے لوگوں تک خوراک، ادویات، پانی اور دیگر ضروری سامان بغیر کسی تاخیر کے پہنچ سکے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر مسئلے کو اٹھانا جنگ بندی کے بعد دوسری ترجیح ہونی چاہئے ۔
مسئلہ فلسطین کا حل ایک ایسی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کاقیام ہے جس کادارالحکومت القدس الشریف ہو۔

اوآئی سی اجلاس سے قبل پاکستان متحرک، مسئلہ فلسطین کاحل پیش کردیا



اسلام آباد: غزہ کی کشیدہ صورت حال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے ہنگامی اجلاس سے قبل پاکستان بھی سرگرم ہوگیا ہے اور اسلام آباد نے ترکیہ کے ساتھ مل کرمسئلہ فلسطین کا حل تجویز کیاہے ۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے اوآئی سی کاہنگامی اجلاس 18 اکتوبر کو طلب کیاہے۔
پاکستان کے نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے ترک ہم منصب حقان فدان سے رابطہ کیا جس میں دونوں رہنمائوں نے مسئلہ فلسطین کے مستقل حل پر زور دیا۔
جلیل عباس جیلانی اور حقان فدان نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے 5نکاتی فارمولے پر اتفاق کیا،5نکاتی فارمولے میں جنگ بندی اور ریلیف کوریڈور شامل ہیں۔اس کے علاوہ اسرائیلی بستیوں کا خاتمہ، قیدیوں کی رہائی اور 2ریاستی حل شامل ہے۔
نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایرانی اور مصری ہم منصب سے بھی رابطے کیا اور غزہ پر اسرائیلی حملوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ انسانی امداد کی فراہمی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔جلیل عباس جیلانی نے تنازعات کو بڑھنے سے روکنے، شہریوں کو اجتماعی سزا، بھوک اور بے گھر ہونے سے بچانے پر زور دیا۔جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کی طرف سے انسانی امداد کی یقین دہانی بھی کرائی۔