سکول کے سامنے سے کارسواروں نے طالبعلم کو اغوا کرلیا، ویڈیو وائرل



لاہور میں سکول کے سامنے سے طالبعلم کو کار سواروں نے اغوا کر لیا۔

طالبعلم کے اغوا کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں اغوا کاروں کے چہرے شناخت کئے جاسکتے ہیں ۔

طالبعلم سکول کے سامنے پارکنگ میں کھڑا تھا کہ اس دوران ایک شخص نے پہلے موٹرسائیکل ٹگرا کر طالبعلم کو گرانے کی کوشش کی پھر اس کے ساتھی اغوا کار بھی آگئے اور طالبعلم کو زبردستی کار میں ڈالنے کی کوشش کی ۔

اغوا کاروں نے طالب علم پر تشدد بھی کیا،طالبعلم تشدد کے باوجود کافی دیر تک مزاحمت کرتا رہاہے اور ایک مرتبہ کار سے نکلنے میں بھی کامیاب ہوگیا۔

مسلح ملزمان نے طالب علم کی مدد کےلیے قریب آنے والے افراد کو اسلحہ دکھا کر ڈرایا دھمکایا اور دوبارہ گھیرے میں لے کر زبردستی کار میں ڈال لے گئے۔

تھانہ ستو کتلہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے اغوا کاروں کی تلاش شروع کردی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے سی سی ٹی وی ویڈیوز سے مدد لی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش اطلاعات کے مطابق نوجوان ارحم کو اپنے تایا کے قتل کیس کی پیروی کرنے پر مخالفین نے اغوا کیا۔

 

ایلون مسک کی ملکیت میں آنے کے بعد ٹوئٹر خسارے کاشکار



دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(ٹوئٹر) کی مالیت میں 50 فیصد کمی آگئی۔

ایلون مسک  نے اکتوبر 2022 میں 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر کوخریدا تھا اور بعدازاں اس کا نام تبدیل کرکے ایکس رکھ دیا گیا۔ صرف یہی نہیں ایلون مسک نے چارج سنبھالنے کے بعد کمپنی کے کے بہت سے ملازمین کو بھی نکال دیا تھا۔

عالمی ادارے بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی نگرانی میں جانے کے بعد اس وقت ایکس کے ایک حصص کی قیمت 45 ڈالر ہے اور مجموعی مالیت 19 ارب ڈالرز ہے۔

ایکس کو مالی مشکلات کا بھی سامنا ہے اور اس کی اشتہاری آمدنی میں 50 فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے۔

اس کمپنی نے اربوں ڈالرز کا قرضہ بھی ادا کرنا ہے جبکہ سبسکرپشن پروگرامز اور دیگر ذرائع سے آمدنی میں اضافے کی کوششیں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔

اب تک ایکس کے ایک فیصد سے بھی کم صارفین نے سبسکرپشن پروگرام میں شمولیت اختیار کی ہے۔

دسمبر 2022 میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ 2023 میں حالات کافی حد تک بہتر ہو جائیں گے، مگر اب تک ایسا نہیں ہوسکا۔

ایلون مسک ایکس کو مالیاتی اعتبار سے جس مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں اس کے لئے اب تک کی تمام کوششیں کامیاب ثابت نہیں ہوسکی ہیں

 

 

شاہین آفریدی نے تیز ترین 100 وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا



قومی کرکٹرکے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

شاہین آفریدی تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے بولرزکی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

شاہین نے 51 میچز میں 100 ون ڈے وکٹیں مکمل کیں جب کہ  آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 52 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

شاہین آفریدی 100 وکٹیں لینے والے تیز ترین پاکستانی بھی بن گئے ہیں، انہوں نے یہ اعزاز ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں حاصل کیا جس میں انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں بنگلادیشی اوپنر تنزید حسن کو صفر پر آؤٹ کیا۔

ثقلین مشتاق نے یہ سنگ میل 53 ون ڈے میچز میں عبور کیا تھا، نیپال کے سندیپ لمیچانے نے 42 اور افغانستان کے راشد نے 44 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، مجموعی طور پر شاہین تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے تیسرے بولر ہیں۔

 

غیر قانونی غیر ملکیوں کے پاس رضاکارانہ واپسی کی مہلت کا آج آخری دن، گرفتاریوں کی تیاریاں



پاکستان میں افغان پناہ گزینوں سمیت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کی آج آخری تاریخ ہے۔

حکومتِ پاکستان نے 31 اکتوبر کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ  مہلت ختم ہونے کے بعد غیرقانونی طورپر مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کیا جائے گا ۔

اقوام متحدہ کی ہائی کشمنرروینا شمدسانی نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کے اس اقدام سے پاکستان میں مقیم 14 لاکھ غیر رجسٹرڈ افغان شہری متاثر ہوں گے۔

حکومت پاکستان کے ایک محتاط اندازے کے مطابق 17 لاکھ افغان شہری غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

 سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’یکم نومبر کے بعد غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے لیے ایک جامع آپریشن ہو گا۔‘

نگران وزیر داخلہ سرفرازبگٹی  کے مطابق تقریباً دو لاکھ کے قریب غیر قانونی افراد دو ماہ کے دوران واپس گئے ہیں اور ’یہ تاثر غلط ہے کہ صرف افغانستان کے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔

اے پی پی کے مطابق یکم اکتوبر سے 23 اکتوبر کے درمیان تقریباً 33 ہزارپانچ سو سے زیادہ غیرقانونی افغان تارکین وطن ضلع خیبر کے راستے ملک چھوڑ چکے ہیں۔

پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے مطابق  صوبے میں غیر ملکیوں کی تعداد 14 لاکھ کے قریب جن میں سے ایک لاکھ 74 ہزار غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔

بلوچستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد پانچ لاکھ 84 ہزاربتائی جارہی ہے۔ صوبائی نگراں وزیر اطلاعات جان محمد اچکزئی کے مطابق صوبے میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں کی تعداد ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ ہے لیکن ان کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔

سندھ کے نگراں وزیر داخلہ برگیڈیئر حارث کا کہنا ہے کہ صرف کراچی میں ایک لاکھ 75 ہزار کے قریب افغان مہاجرین موجود ہیں، ان میں سے جن کے پاس کوئی بھی قانونی دستاویز نہیں یا جعلی دستاویزات ہیں انھیں ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا کے حکام کے مطابق اب تک 52000 غیر قانونی غیر ملکیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پشاور میں محکمہ داخلہ کے حکام نے بتایا کہ صوبے میں افغان پناہ گزینوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ یکم نومبر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف دو نومبر سے آپریشن کی تیاریاں جاری ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ’ہم نے ہولڈنگ سینٹرز بنا دیے ہیں۔ ایسے تمام افراد کو ہولڈنگ سینٹرز میں رکھا جائے گا۔ چھاپے مارے جائیں گے اور ان کو ہولڈنگ سینٹرز لایا جائے گا۔

بنگلہ دیش کی23 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں، شاہین آفریدی کا شاندار آغاز



آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلادیش کی 3 وکٹیں 23 رنز پر گر گئیں۔

بنگلہ دیش کوپہلا نقصان صفر پر اٹھانا پڑا جب شاہین نے پہلے ہی اوور میں اوپنر تنزید حسن کو آؤٹ کیا، بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ تیسرے اوور میں گری جب شاہین آفریدی کی گیند پرنجم الحسن شانتو اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ حارث رؤف کے حصے میں آئی جب مشفیق الرحیم وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جارہا ہے جہاں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بولنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ  وہ بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے۔

آج کے اہم میچ میں پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

امام الحق کی جگہ فخر زمان، محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ اسامہ میرکو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے

 

سپریم کورٹ نے نیب کیسز کے حتمی فیصلے سے روک دیا



سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کیس کوپریکٹس اینڈپروسیجر ایکٹ کے تفصیلی فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے ٹرائل کورٹس کو نیب ریفرنسزکے حتمی فیصلے سے روک دیا۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت 184 تین کے مقدمات میں اپیل پر پہلی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ نیب ترامیم سے سب کچھ ختم نہیں کیا گیا صرف فورم تبدیل ہوا ہے۔

نیب ترامیم فیصلے کے خلاف اپیلیوں پرچیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔ لارجر بینچ میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون نافذ العمل ہونے سے 184کی شق تین کے تحت فیصلے کے خلاف اپیل کا حق مل چکا ہے۔کیا ابھی پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تفصیلی فیصلے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب ترامیم سے سب کچھ ختم نہیں کیا گیا،کوئی الزامات سے بری نہیں ہوا۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اب فیصلے میں دوبارہ نیب کورٹ جانا میرا حق متاثر کرتا ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ نیب کے اس فیصلے کو معطل کرے کیونکہ نیب عدالت سے سزا ہو جائے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب ترامیم کیس کے فیصلے کو معطل نہیں کریں گے، صرف احتساب عدالتوں کو حتمی فیصلہ کرنے سے روکیں گے، نیب ترامیم کےخلاف اپیل کوپریکٹس اینڈ پروسیجرکے تفصیلی فیصلے آنے کے بعد مقرر کریں گے

پریکٹس اینڈ پروسیجرقانون کے نقطے پردلائل دیں گے تو عدالت کو سیکشن4  کا اطلاق دیکھنا پڑےگا، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے اس نکتےکا اطلاق ہوا تو 5 رکنی بینچ نئےسرےسے نیب ترامیم کیس سنےگا۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے نیب ترامیم انٹراکورٹ اپیل کے حتمی فیصلے تک ٹرائل کورٹس کو نیب ریفرنسزکے حتمی فیصلے سے روک دیا

۔

 

سپریم کورٹ کے فیصلے کا کلبھوشن کوفائدہ ہوا، فیصل واوڈا



کراچی:سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا فائدہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو ہوا ہے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں  گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ انٹرنیشنل کورٹ میں کلبھوشن کا کیس کمزور ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حال ہی فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کو کالعدم قرار دیا تھا۔

عدالت نے  9 مئی واقعات میں ملوث ملزمان کے مقدمات فوجداری عدالتوں میں منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اگر ماضی میں بھی کسی کا فوجی عدالت میں ٹرائل ہوا ہے تو اسے بھی کالعدم سمجھا جائے

پولیس نے عمران خان کی بہنوں اور اسد عمر کی گرفتاری مانگ لی



لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان  کی بہنوں اور پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل اسد عمر کی  9 مئی واقعات میں گرفتاری مانگ لی  ۔

نو مئی واقعات کے حوالے سےلاہور کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات  میں عمران خان کی بہنوں اور اسدعمر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں کی  انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی ۔

سماعت کے دوران اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں تفتیشی افسر نے  مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے ۔ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے ۔ 2، 2 ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہیں۔ ملزمان تفتیشی افسر اور جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہورہے ۔ اِدھر آکر غلط بیانی کی جارہی ہے کہ تفتیش جوائن کرنے گئے ہیں اور تفتیشی افسر نہیں ملا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عبوری ضمانت پر سماعت  کے بعد اسد عمر سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتوں میں 22 نومبر تک توسیع کردی۔

 

اسد عمر کا استحکام پاکستان پارٹی کے لئے نیک خواہشات کااظہار



لاہور: تحریک انصاف  کے سابق جنرل سیکرٹری اسد عمر نے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی قیادت میں قائم ہونے والی نئی سیاسی جمات استحکام پاکستان پارٹی کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے ۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ مجھے پہلے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی لیکن میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی سیاست میں انہیں بیسٹ آف لک۔

واضح رہے کہ نو مئی واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم انہوں نے تحریک انصاف سے علیحدگی کااعلان نہیں کیا تھا۔

 

حماس نے غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں کی پیش قدمی روک دی



غزہ:اسرائیلی ٹینک غزہ کے مضافات پر جمع ہوگئے اور چاروں جانب سے  شہر میں داخل ہوکر کسی بڑے حملے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم حماس کے جانبازوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے جانباز سامان جنگ کی قلت اور 24 روز سے جاری بمباری کے باوجود مستعد کھڑے ہیں ۔اسرائیل نے تاحال غزہ کی ناکہ بندی کی ہوئی ہے۔ بجلی، پانی اور خواراک کی فراہمی معطل ہے۔

ایندھن کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے اسپتال میں جنریٹرز بند ہوگئے اور ہزاروں طبی مراکز بند ہوگئے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے مغربی کنارے میں بھی اسرائیل نے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں،اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 8 ہزار 5 ہوگئی اور 1,400 سے زائد اسرائیلی مارے گئے۔

تربت میں تھانے پرحملہ،1 پولیس اہلکار اور پنجاب کے 4 مزدور جاں بحق



 بلوچستان کے شہر تربت میں تھانے پرحملے میں ایک پولیس اہلکار اور 4 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تربت کے نواحی علاقے ناصر آباد میں پولیس تھانے پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا،فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ سے جاں بحق افراد میں 4 مزدور بھی شامل ہیں جن کا تعلق پنجاب کے شہر مظفر گڑھ سے بتایا جاتا ہے۔

 واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب ایک روز قبل ہی نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے سینٹ اجلاس میں بتایا تھا کہ بلوچستان کی کالعدم تنظیمیں ڈیتھ سکواڈ چلارہی ہیں۔

طورخم سرحد سے ایک لاکھ کے قریب افغان مہاجرین کی واپسی



پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کے اعلان کے بعد سے اب تک خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے سرحدی مقام طور خم سے 90 ہزار سے زیادہ افغان مہاجرین واپس جاچکے ہیں۔

محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے پشاور، ہری پوراور ضلع خیبر میں عارضی کیمپ قائم کیے ہیں۔

یکم نومبرسے غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو پکڑ کر ان کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا جس کے بعد انہیں طورخم کے راستے افغانستان بھیجا جائے گا۔

پشاور کے عارضی کیمپ میں 2 ہزار افراد کی گنجائش ہے،محکمہ داخلہ نے کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے جہاں سے واپسی کے عمل کو مانیٹر کیا جارہا ہے، ہیلپ لائن کا اجراء بھی کیا گیا ہے جس پر غیرقانونی غیر ملکیوں کی نشاندہی کے علاوہ دیگر مسائل کی صورت میں رہنمائی بھی مل سکے گی ۔

خیبرپختونخوا میں مقیم افغان مہاجرین کی تعداد 9 لاکھ سے زیادہ ہے جب کہ رواں سال ایک لاکھ 16 ہزار 418 افغان باشندوں کو ویزے جاری کیے گئے۔