All posts by ghulam mustafa

71 کروڑ ڈالر کی قسط، آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 2 نومبر سے پاکستان کا دورہ کرے گا



عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایف ایم) کی جانب سے پاکستان کو اسٹینڈ بائی معاہدے کی اگلی قسط جاری کرنے کے لیے جائزہ مشن 2 نومبر سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔

عالمی مالیاتی ادارے کا جائزہ مشن اپنے دورے کے دوران پہلی سہ ماہی کے دوران کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔

نمائندہ آئی ایم ایف ایسٹرپیریز کے مطابق پاکستان آنے والے جائزہ مشن کی قیادت ناتھن پورٹر کریں گے۔

آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کو پاکستانی حکام کی جانب سے جولائی سے ستمبر تک کی معاشی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

اگر آئی ایم ایف کا وفد مطمئن ہوا تو پھر اگلی قسط جاری کرنے کی سفارش کرے گا جس کی بنیاد پر آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دسمبر میں پاکستان کو 71 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دے گا۔

غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی واپسی جاری



غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی اپنے ملک میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد سے اب تک 67 ہزار 980 پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔

طورخم اور چمن بارڈر کے ذریعے افغان شہری واپس اپنے ملک میں جا رہے ہیں، 24 اکتوبر کو 3 ہزار 185 افغان باشندے واپس اپنے ملک میں گئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 10 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجر موجود ہیں جبکہ 7 لاکھ 75 ہزار شہری غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے۔

بلوچستان میں تقریباً 8 لاکھ افغان باشندے رہ رہے ہیں جن میں سے اڑھائی لاکھ غیرقانونی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے غیرقانونی تارکین وطن کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے اس کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی نیدرلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری



کرکٹ کے عالمی مقابلے بھارت میں جاری ہیں، آج کے میچ میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔

آج کے میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کھیل جاری ہے۔

آسٹریلیا اور نیدرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ ارجن جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔

میگا ایونٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ نیدر لینڈ کی ٹیم نے 4 میچز کھیل کر صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے۔

رنبیر کپور کا ’اینیمل‘ کی ریلیز کے بعد کسی فلم میں کام نہ کرنے کا اعلان



معروف بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے اپنی نئی آنے والی فلم ’اینیمل‘ کی ریلیز کے بعد کسی بھی فلم میں کام نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ رنبیر کپور نے زوم کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ بات چیت کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اینیمل کی ریلیز کے بعد کسی فلم میں کام نہیں کروں گا۔

رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ وہ اب اپنا سارا وقت اہلیہ اور بیٹی کو دیں گے۔

بال وڈ اداکار کا کہنا تھا کہ اپنے کام میں مصروفیت کے باعث میں اپنی بیٹی کو ٹائم نہیں دے سکا، لہٰذا اب 6 ماہ تک اپنے گھر پر ہی رہوں گا اور اداکاری سے وقفہ لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میری بیٹی اب بڑی ہو رہی ہے اور سب کو پہچاننا بھی شروع کر دیا ہے۔

فخر زمان جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں دستیاب ہوں گے یا نہیں؟



پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان تیزی سے صحت یاب ہو رہے اور ان کے گھٹنے کی انجری میں بہتری آ رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تیزی سے روبہ صحت فخر زمان آج ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے اور اس دوران ان کی فٹنس کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

ٹریننگ سیشن اور فٹنس ٹیسٹ کے بعد فیصلہ ہو گا کہ فخر زمان اگلے میچز کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز مکمل آرام کیا اور آج چدم برم اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی جبکہ جنوبی افریقہ کے ٹیم آج چنئی پہنچے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

کیا اب جیل کا کمرہ بھی تڑوا دوں؟ جج کا عمران خان کے وکیل سے مکالمہ



چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف قائم سائفر کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی ہے۔

آفیشل سیکرٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر عمران خان کے قانونی امور کے ترجمان اور وکیل نعیم پنجوتھا پیش ہوئے۔

نعیم پنجوتھا نے جج کے سامنے موقف اختیار کیا کہ آپ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، وکلا کو بھی عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا جبکہ اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کمرہ بہت چھوٹا ہے۔

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیے کہ ہم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کے سیل کی دیوار تو تڑوا دی ہے اب کیا کمرہ بھی تڑوا دوں۔

نعیم پنجوتھا نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کے معاملے پر بہانے بنائے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ وکلا سے بھی نہیں ملنے دیا جاتا۔

جج نے کہا کہ عمران خان اہم شخصیت ہیں ان کی زندگی کا تحفظ تو ضروری ہے۔

بعدازاں جج ابوالحسنات نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی، شاہد آفریدی کا بابراعظم پر طنز



پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تنقید کی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا ہے جب کپتان میدان میں کچھ اچھا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو پھر کھلاڑی اسے 200 فیصد دیتے ہیں۔

سابق کپتان نے ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی فیلڈنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کپتان میچ میں متحرک ہو تو دیگر کھلاڑیوں کو شرم آتی ہے کہ ہم بھی ایسا کریں۔

شاہد آفریدی نے ماضی کی مثال دی کہ میں اپنی کپتانی کے دوران جب کھلاڑیوں کی سپورٹ کرتا تھا تو ٹیم چارج ہو جاتی تھی۔

انہوں نے نام لیے بغیر بابر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنا کوئی مذاق نہیں ہے، اچھا کریں گے تو ہر کوئی تعریف کرے گا لیکن برا کرنے پر تنقید بھی ہوتی ہے۔

ہالی وڈ اداکار جیسن سٹیتھم بھی غزہ پر بمباری کے مخالف، گاڑی پر فلسطینی پرچم لہرا دیا



معروف ہالی وڈ اداکار جیسن سٹیتھم نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی مخالفت کر دی ہے اور اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم لگا کر فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

ہالی وڈ اداکار جیسن سٹیتھم کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنی گاڑی پر فلسطین کا پرچم لگایا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے ہالی وڈ اداکار کی جانب فلسطینیوں کی حمایت کے اقدام کو خوب سراہا ہے۔

پاکستان کا سلامتی کونسل میں فلسطین کی بھرپور حمایت کا اعلان



پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس نے فلسطین کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام کی جدوجہد کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، وہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کو حق خودارادیت اور مکمل آزادی کا حق حاصل ہے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسرائیلی بمباری کے متاثرین کے لیے امداد لے جانے سے روکنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں سیکیورٹی کونسل پر زور دیا کہ اسرائیل کو عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ ڈار ٹھہرایا جائے۔

قتل کیس: پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر کا جسمانی ریمانڈ منظور



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

سابق ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان کو قتل کے الزام میں پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

تفتیشی آفیسر نے سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ محمود جان پر الزام ہے انہوں نے زمین کے تنازع پر ایک شخص کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کیا ہے۔

تفتیشی آفیسر نے کہا کہ ملزم کے خلاف قتل اور اقدام قتل کے دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور اب تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے۔

عدالت نے تفتیشی آفیسر کی استدعا پر ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔

پاکستان مخالف فلمیں: اداکار بابر علی کی سنی دیول پر تنقید



پاکستان مخالف فلمیں کرنے والے بالی وڈ اداکار سنی دیول کو پاکستانی اداکار بابر علی نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔

اداکار بابر علی نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں گفتگو کی ہے جہاں انہوں نے سنی دیول کو نئی فلم کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ یہ مشورہ بھی دیا کہ پروپیگنڈا فلموں سے اجتناب کریں۔

انہوں نے کہا کہ سنی دیول کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ پاکستان کو بدنام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی حب الوطنی پر فلمیں بنی ہیں مگر کبھی کسی دوسرے ملک کی عزت کو نہیں اچھالا گیا۔

عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے غیرملکی میڈیا اور مبصرین کو جائزے کے لیے مدعو کر لیا



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے غیرملکی میڈیا اور مبصرین کو عام انتخابات کے جائزے کے لیے مدعو کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن سے جاری ایک بیان کے مطابق غیرملکی میڈیا اور مبصرین کی رجسٹریشن اوپن ڈورپالیسی کے تحت ہو گی، ایسے کسی شخص کی بطور مبصر رجسٹریشن نہیں کی جائے گی جس کی کسی سیاسی جماعت کے سے وابستگی ہو۔

غیرملکی صحافیوں اور مبصرین کے لیے لازم ہو گا کہ وہ اپنے تمام کوائف اور دستاویزات جمع کرائیں۔ رجسٹریشن کے خواہشمند مبصرین کو ادارے کا اتھارٹی لیٹر بھی فراہم کرنا ہو گا۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی کلیئرنس کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔