حماس کی حمایت پر اداکارہ مائیسہ عبدل ہادی پر فرد جرم عائد



حماس کی حمایت کرنے پر اسرائیلی عدالت نےعرب اسرائیلی اداکارہ مائیسہ عبدل ہادی پر فرد جرم عائد کردی ۔

 اداکارہ مائیسہ عبدل ہادی نے7 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر حماس کے اسرائیل پر اچانک حملے کی حمایت کی تھی۔ پوسٹ کے بعد اسرائیلی پولیس نے اُنہیں گرفتار کرلیا تھا۔ تاہم، اب اداکارہ پر اسرائیلی عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی وزارت انصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر حماس کی حمایت کرکے دہشت گردی کی کارروائی کو فروغ دیا ہے۔

اسرائیلی حکام کی جانب سے مائیسہ عبدل ہادی پر “دہشت گرد گروپ کے ساتھ شناخت” کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔

عام انتخابات مقررہ وقت پر ، شفاف انعقاد یقینی بنائیں گے ، چیف الیکشن کمشنر



چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، منصفانہ اور شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے صوبائی ممبران اور پنجاب کابینہ کے ارکان نے شرکت کی ، اجلاس میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر عام انتخابات کے پرُامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے سلسلے میں نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے فوکل پرسن مقرر
کرے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے مکمل سپورٹ کریں گے،  پنجاب حکومت کے الیکشن کے حوالے سے اقدامات سے  مطمئن ہیں، 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

اسرائیلی بمباری سے پوری نسل ختم ہو گئی، دنیا خاموشی سے دیکھ رہی ہے، ثانیہ مرزا



بھارت کی سابق ٹینس اسٹار اور سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے غزہ کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں وزارت تعلیم نے سرکاری طور پر تعلیمی سال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے کیونکہ اسرائیلی بمباری سے تمام طلبا جاں بحق ہوگئے۔

ثانیہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی بمباری سے پوری نسل ختم ہو گئی اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے لیکن دنیا خاموشی سے یہ نسل کشی دیکھ رہی ہے۔

 اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں میں اب تک 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں بچے بھی شامل ہیں۔

غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کا فیصلہ خودمختار ملکی قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے، ترجمان دفترخارجہ



دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کا فیصلہ خودمختار ملکی قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے۔

ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر (یو این ایچ سی آر) کے ایک بیان کے جواب میں کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے خودمختار ملکی قوانین اور قابل اطلاق بین الاقوامی اقدار اور اصولوں کے مطابق ہے۔

یو این ایچ سی آر نے پاکستانی حکام سے اپیل کی تھی کہ یکم نومبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ملک بدری کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کا پریس بیان دیکھا ہے۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا منصوبہ (آئی ایف آر پی) ان کی قومیت اور اصل ملک سے قطع نظر، پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر لاگو ہوتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں قانونی طور پر مقیم یا رجسٹرڈ تمام غیر ملکی شہری اس منصوبے کے دائرہ کار سے باہر ہیں۔

حکومت پاکستان ان لوگوں کے تحفظ اور حفاظت کی ضروریات کے حوالے سے اپنے وعدوں کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ لیتی ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ لاکھوں افغان بھائیوں اور بہنوں کی میزبانی میں ملک کا گزشتہ 40 سالوں کا ریکارڈ اس کا ثبوت ہے۔

ترجمان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ ترجیحی معاملے کے طور پر پائیدار حل کے سلسلے میں مہاجرین کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کو تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مقصد کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

میری پوتیوں پر کسی مذہب کااطلاق نہیں ہوتا، جاوید کومتنازعہ بیان پر سخت تنقید کاسامنا



 معروف بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کومذہب کے حوالے سے متنازعہ بیان کے بعد شدید تنقید کا سامنا ہے ۔

جاوید اختر نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اپنے خاندان، اولاد کی تربیت اور پوتیوں کے مذہب سمیت مختلف موضوعات پرکھل کر بات کی ۔

جاوید اختر نے کہا کہ ’’میری بیٹی زویا اختر اور بیٹا فرحان اختر مذہبی طور پر ملحد ہیں، وہ میری طرح سیکولرازم کے راستے پر چل رہے ہیں اور مجھے اس وجہ سے اپنی اولاد پر بہت فخر ہے‘‘۔

جاوید اختر کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے اور بیٹی نے اس خاندانی ورثے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے یہی روایت اپنے بچوں تک بھی برقرار رکھی ہوئی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’’میری دونوں پوتیوں کی شناختی دستاویزات میں مذہب کے کالم میں واضح لکھا ہے کہ ہم پر کسی مذہب کا’اطلاق نہیں ہوتا‘

جاوید اخترکے اس بیان کے بعد بھارت سمیت دنیا بھر کے مسلمان اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

 

رونالڈو کی طرف سے سلمان خان کو بھری محفل میں نظر انداز کرنے کی ویڈیو وائرل



عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈوکی طرف سے بالی ووڈ سٹار سلمان خان کو نظر انداز کرنے کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔
سلمان خان نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں اُنہوں نے ٹائسن فیوری اور فرانسس نگانو کے درمیان ہونے والا باکسنگ میچ دیکھا۔
اس میچ کی مختلف ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان لیجنڈ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو دیکھ رہے ہیں لیکن رونالڈوسلمان خان کو نظر انداز کرتے ہوئے وہاں سے گُزر جاتے ہیں۔
یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے سلمان خان کی شہرت پر میمز کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا
کسی نے پوچھا کیا اب بھی ٹائیگر زندہ ہے؟
کسی نے شیرافضل مروت کی زبان میں کہا کہ ٹائیگر تو۔۔۔گیا‘‘
بعض صارفین سلمان خان پرذاتی حملے کرتے ہوئے بھی نظرآئے،

ایک صارف نے کہا کہ ’’رونالڈو اور میسی جیسے لوگوں کو معلوم بھی نہیں ہوگا کہ سلمان اور شاہ رخ خان جیسے لوگ بھی دُنیا میں ہیں‘‘۔

بابر اعظم کی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر شاہد آفریدی اور وقار یونس برہم



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر سابق کپتان شاہد آفریدی اور وقار یونس نے ٹی وی اینکر کی کلاس لے لی۔

شاہد آفریدی نے چیٹ لیک کرنے کو گھٹیا حرکت قراریتے ہوئے کہا کہ کس طرح کسی کا پرائیویٹ میسج ٹی وی دکھا سکتے ہیں؟ ہم خود ہی اپنے ملک اور کھلاڑیوں کو بدنام کرتے ہیں، یہ ایک انتہائی گری ہوئی حرکت ہے۔

سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے ٹی وی پروگرام کا کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ نہایت ہی مضحکہ خیز عمل ہے۔
یہ کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں آپ لوگ؟
برائے مہربانی بابر اعظم کوچھوڑ دیں، وہ پاکستان کرکٹ کا ایک اثاثہ ہے۔

سابق کپتان اظہر علی سوال اٹھایا کہ کیا چیٹ دکھانے سے پہلے بابر اعظم سے اجازت لی گئی؟۔

سوشل میڈیا صارفین بھی بابراعظم کی ذاتی چیٹ لیک کرنے پرچیئرمین پی سی بی اور ٹی وی چینل میزبان کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں

یہ معاملہ میڈیا میں اس وقت سامنے آیا جب راشد لطیف نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی کے بڑے اب بابراعظم کے میسجز کا جواب بھی نہیں دے رہے۔

اس دعوے کے بعد چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے ٹی وی شو میں بابر اعظم کی سی ای او پی سی بی سلمان نصیر کے ساتھ پرسنل چیٹ دکھائی جسے لائیونشر بھی کیا گیا۔

بلوچستان کے ضلع آواران میں جھڑپ،دو دہشتگرد ہلاک،دو فوجی جوان شہید



بلوچستان کے ضلع آواران میں جھڑپ کے دوران دو دہشت گرد ہلاک اور دو زحمی ہو گئے جبکہ پاک فوج کے دو جوان بھی شہید ہوئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ’فوجی اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہو گئے۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 37 سالہ نائب صوبیدار آصف عرفان اور 22 سالہ سپاہی عرفان علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی ۔‘

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے آواران میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مسلح افواج کے دو جوانوں کی شہادت پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جان دی۔

انھوں نے کہا کہ ’مسلح افواج کی جرات اور بلند حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

فوجی افسران اور ججز بھی نیب ترامیم کے تحت قابل احتساب ہیں، جسٹس منصورعلی شاہ،اختلافی نوٹ جاری



سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کا نیب ترامیم کیس میں 15 ستمبر کے فیصلے سے اختلافی نوٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ کا اختلافی نوٹ 27 صفحات پر مشتمل ہے۔

اختلافی نوٹ میں جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا ہے کہ عدلیہ قانون سازی کا تب جائزہ لے سکتی ہے جب وہ بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہو۔

جسٹس منصور علی شاہ کا اختلافی نوٹ میں کہنا ہے کہ قانون سازوں کا مفاد سامنے رکھ کر قانون سازی جانچنا پارلیمنٹ اور جمہوریت کونیچا دکھانے کے مترادف ہے۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ اختلافِ رائے رکھنے والا ہجوم کی سمت میں نہیں، مستقبل کی سمت میں چلتا ہے، عدالتوں کو پاپولر سیاسی بیانیے پر نہیں چلنا ہوتا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ عوامی جذبات کے خلاف جا کر بھی عدالت کو آئین و قانون کے مطابق فیصلے دینا ہوتے ہیں۔

اداروں کے درمیان توازن اسی صورت قائم رہ سکتا ہے جب احترام کا باہمی تعلق ہو، عدلیہ کو اس وقت تک تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے جب تک آئینی حدود کی خلاف ورزی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار نیب ترامیم کو عوامی مفاد کے برعکس ثابت کرنے میں ناکام رہا، میں آئین کے آرٹیکل 8 (2) کے پیش نظر درخواست کو میرٹ پر نہ ہونے پر خارج کرتا ہوں، پارلیمان کے بنائے تمام قوانین بالاخر کسی نہ کسی انداز میں بنیادی حقوق تک پہنچتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نیب قانون کے تحت ججز اور فوجی افسران کا احتساب ہو سکتا ہے، کیس کی 50 سماعتوں پر سوال کیا کہ کیا فوجی افسران اور ججز کا احتساب ہو سکتا ہے؟

فوجی افسران اور ججز بھی نیب ترامیم کے تحت قابلِ احتساب ہیں، تاثر ہے کہ فوجی افسران اور ججز کی کرپشن کا کوئی احتساب نہیں ہو سکتا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اختلافی نوٹ میں لکھا ہے کہ پارلیمنٹیرین کا قانون چیلنج کرنے کا حقِ دعویٰ نہیں بنتا، جمہوری نظام میں اکثریت کا ہی فیصلہ یا قانون سازی حتمی تصور ہوتی ہے۔

اکثریت سے منظور قانون سازی کو حمایت میں ووٹ دینے والوں کے بجائے پوری پارلیمنٹ کی قانون سازی سمجھا جانا چاہیے، پارلیمنٹ میں قانون سازی سے اختلاف کرنے والے اس کو چیلنج کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔

اختلافی نوٹ میں سپریم کورٹ کے جج نے مزید کہا ہے کہ عدالت پارلیمنٹ کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

درخواست گزار کے وکیل نیب ترامیم کو بنیادی حقوق کے خلاف ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے، پارلیمنٹ جو کر سکتی ہے اس کو ختم بھی کر سکتی ہے، مسلسل سوال کے باوجود درخواست گزار نہیں بتا سکے کہ نیب ترامیم سے بنیادی حقوق کیسے متاثر ہوئے ہیں۔

غزہ ملیا میٹ ،ہسپتال زخمیوں ، مردہ خانے لاشوں سے بھر گئے



24 ویں روز بھی اسرائیل کی غزہ پر بموں کی بارش ، وحشیانہ بمباری سے مزید سینکڑوں فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح بھی شہید ہو گئی ہے۔

مسجد کے ساتھ بے گھروں کی پناہ گاہ بنے مکانات بھی کھنڈر بن گئے، اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے قریب بم برسا کر القدس اسپتال کی جانب آنے والے راستوں کو تباہ کر دیا۔

غزہ میں بمباری سے ایک روز پہلے دنیا میں آنے والا بچہ بھی شہید ہو گیا۔ڈاکٹرز ود آوٹ بارڈرز کے مطابق اسپتال زخمیوں سے اور مردہ خانے لاشوں سے بھرے پڑے ہیں، شمالی غزہ کا علاقہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔

7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 9ہزار سے زیادہ ، زخمیوں کی 20 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

بگ باس 17 ،ارباز اور سہیل نے بھائی سلمان خان کو جوائن کرلیا



مشہور ریئلٹی شو بگ باس 17جاری ہے اور اب شو کے میزبان سلمان خان کو ان کے دو بھائیوں ارباز اور سہیل نے بھی جوائن کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شو کے نئے پروگرام ‘ویکینڈ کا وار’ میں تینوں خان برادران میزبانی کریں گے اور نئی پرومو ویڈیو میں سہیل اور ارباز کو سلمان کو خوش آمدید کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی قسط میں تینوں بھائی اپنے فلمی کیریئر کے کچھ انکشافات کے ساتھ نجی زندگی پر بھی مزاح سے بھرپور گفتگو کریں گے۔

ارباز خان اور سہیل خان ‘بگ باس’ کے انٹرٹینمنٹ ایمبیسڈر بنیں گے جبکہ اس سے قبل وہ وہ بگ باس میں بطور خاص ناظرین شریک تھے۔

فلسطین سے اظہارِ یکجہتی، عاصم اظہر کا بھی سالگرہ نہ منانے کا اعلان



نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے بھی اسرائیلی جارحیت کا شکار ہونے والے معصوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ”اس وقت فلسطین میں ہمارے بہن، بھائیوں کے ساتھ جو ظلم و ستم ہورہا ہے، وہ دیکھتے ہوئے میں نے رواں برس اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا ہے”۔

گلوکار نے کہا کہ ”اس سالگرہ کے موقع پر میں چاہتا ہوں کہ ہم سب فلسطین میں ہونے والے قتل عام کا پیغام دنیا تک پہنچائیں اور ان کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کرنے کی کوشش کریں”۔

اْنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ”فلسطین کے حق میں آواز اْٹھانے کے لیے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کریں، چاہے وہ سوشل میڈیا ہو”۔

یاد رہے اس سے قبل معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے رواں سال اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا تھا۔